نوجوانوں کے امور اور کھیل کود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ کی کھیلوں کی صنعت سے وابستہ رہنماؤں سے ’میک اِن انڈیا، پلے ان انڈیا، گرو ود انڈیا‘ کے عزم کے ساتھ آگے بڑھنے کی اپیل


’میدان سے پوڈیم تک‘: ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ نے کھیلوں کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے وزیر اعظم مودی کی قیادت کو سراہا

نجی سرمایہ کاری سے کارکردگی اور اختراع کو فروغ مل سکتا ہے: مرکزی وزیر کھیل

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 20 NOV 2026 4:25PM by PIB Delhi

نئی دہلی، 20 نومبر 2026:نوجوانوں کے امور اور کھیلوں کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ منڈاویہ نے جمعہ کے روز نئی دہلی میں ایف آئی سی سی آئی (فیڈریشن آف انڈین چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری) کے کھیلوں کے کاروبار سے متعلق عالمی سربراہ اجلاس ’ٹرف‘ (ٹی یو آر ایف) کے 16ویں ایڈیشن کا افتتاح کیا۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر منڈاویہ نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کی ترقی، سماجی شمولیت، معاشی مواقع اور بین الاقوامی تعاون کے ایک مؤثر وسیلے کے طور پر ابھرے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں ہندوستان نے کھیلوں کو ملک کی تعمیر کے اپنے ایجنڈے میں مرکزی حیثیت دی ہے۔ ہمارا نقطۂ نظر ایک واضح تصور سے رہنمائی حاصل کرتا ہے، جس کا مقصد ہر خواہش مند کھلاڑی کے لیے میدان سے لے کر پوڈیم تک مواقع فراہم کرنا ہے۔

یہ سربراہ اجلاس‘‘ہندوستان کی کھیلوں کی معیشت کو فروغ دینا: شراکت داری، اختراع اور عالمی قیادت’’ کے موضوع کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے۔

گزشتہ 12 برسوں کے دوران ہندوستان کے کھیلوں کے نظام میں آنے والی تبدیلیوں کو اجاگر کرتے ہوئے ڈاکٹر منڈاویہ نے کہا کہ ’’کھیلو انڈیا مشن، فٹ انڈیا موومنٹ اور ٹارگیٹ اولمپک پوڈیم اسکیم جیسی پہلوں کے ذریعے ہم نچلی سطح پر کھیلوں میں عوام کی شرکت کو وسعت دے رہے ہیں، کھیلوں کے ہنر کی شناخت کر رہے ہیں اور اعلیٰ سطح کے کھیلوں تک رسائی کے راستے ہموار کر رہے ہیں۔

مرکزی کابینہ نے حال ہی میں نئی کھیلو انڈیا اسکیم کو منظوری دی ہے، جس کے تحت آئندہ پانچ برسوں کے لیے 36,441 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اس اسکیم کا مقصد کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا، کھیلوں کے ہنر کو پروان چڑھانا اور ملک بھر میں کھیلوں کی ترقی کو فروغ دینا ہے۔

ہندوستان کی کارکردگی کو اجاگر کرتے ہوئے ڈاکٹر منڈاویہ نے کہا کہ ’’ایشیائی کھیلوں 2026 میں ہندوستان نے تمغوں کی فہرست میں چوتھی پوزیشن حاصل کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایشیائی پیرا کھیلوں 2026 میں بھی ہندوستان کی کارکردگی تاریخی رہی، جہاں ہمارے پیرا کھلاڑیوں نے ریکارڈ 114 تمغے حاصل کیے، جو ان کھیلوں میں اب تک کی ہماری سب سے بڑی تعداد ہے۔

کھیلوں میں صنعت کے کردار پر بات کرتے ہوئے ڈاکٹر منڈاویہ نے کہا کہ ہم اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ کھیلوں کا مستقبل صرف کھلاڑیوں اور کھیلوں کے اداروں سے ہی نہیں، بلکہ ایک مضبوط، مسابقتی اور اختراع پر مبنی کھیلوں کی صنعت سے بھی تشکیل پائے گا۔

حکومت نے کھیلو انڈیا کھیلوں کے سامان کی تیاری سے متعلق اسکیم کو منظوری دی ہے، جس کے لیے 1,856.67 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اس اسکیم کا مقصد ہندوستان کو کھیلوں کے سامان کی تیاری اور اختراع کا عالمی مرکز بنانا ہے۔

کھیلو بھارت نیتی 2025 ءمیں ہندوستان میں کھیلوں کی ترقی کے لیے ایک جامع تصور پیش کیا گیا ہے، جبکہ قومی کھیل گورننس ایکٹ کھیلوں کے انتظامی امور میں جواب دہی اور شفافیت کو یقینی بنا رہا ہے۔

ڈاکٹر منڈاویہ نے بڑے بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کی میزبانی کے لیے ہندوستان کے عزم کا خاکہ پیش کیا۔ ہندوستان 2030 ء میں احمد آباد میں دولت مشترکہ کھیلوں کی میزبانی کرنے جا رہا ہے، جبکہ اسی شہر میں 2036ء کے اولمپک کھیلوں کی میزبانی  کےلیے پر امید ہے۔

‘‘صرف گزشتہ 18 ماہ کے دوران ہی ہندوستان نے 18 شہروں میں 40 بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کی کامیاب میزبانی کی ہے۔ یہ نہ صرف ہمارے کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی بلکہ انتظامی صلاحیتوں میں مسلسل اضافے کا بھی مظہر ہے۔’’

مرکزی وزیر کھیل نے صنعت سے وابستہ رہنماؤں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اس شعبے کی ترقی کے لیے طویل مدتی حکمت عملی اپنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ’کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے، اعلیٰ کارکردگی کی تربیتی اکیڈمیوں، کھیلوں کے سائنس مراکز، کھیلوں کی ٹیکنالوجی اور کھلاڑیوں کے انتظامی نظام کو فروغ دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ نجی سرمایہ کاری سے ہمارے کھیلوں کے نظام میں زیادہ کارکردگی، اختراع اور بین الاقوامی بہترین طریقۂ کار کو شامل کیا جا سکتا ہے‘۔

ڈاکٹر منڈاویہ نے کہا کہ‘‘ہمارا تصور ہندوستان کو کھیلوں کے ایک ملک سے عالمی کھیلوں کی معیشت میں تبدیل کرنا ہے۔ 2047ء تک ایک ترقی یافتہ ملک بننے کی جانب ہمارے سفر میں کھیل اہم کردار ادا کریں گے۔‘‘ انہوں نے بین الاقوامی شراکت داروں، سرمایہ کاروں، صنعت کاروں اور کھیلوں کے اداروں کو اس تبدیلی کے عمل میں حصہ لینے کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ ’’آئیے، ہم سب مل کر میک اِن انڈیا، پلے اِن انڈیا اور گرو ود انڈیا کے عزم کو عملی جامہ پہنائیں۔‘‘

افتتاحی اجلاس میں ایف آئی سی سی آئی کی کھیلوں سے متعلق کمیٹی کے چیئرمین اور جی ایم آر گروپ کے اسٹریٹجک مشیر جناب پی کے ایس وی ساگر، ایف آئی سی سی آئی کی کھیلوں سے متعلق کمیٹی کے شریک چیئرمین اور اڈانی اسپورٹس لائن کے چیف بزنس آفیسر جناب سنجے اڈیسرہ، ایف آئی سی سی آئی کے صدر جناب وجے شنکر اور ایف آئی سی سی آئی کی ڈائریکٹر جنرل محترمہ جیوتی وج کے علاوہ بین الاقوامی شراکت داروں، کھیلوں کے شعبے کے رہنماؤں، صنعتی نمائندوں اور کھلاڑیوں نے شرکت کی۔

**********

ش ح۔م ع ن -ش ہ ب

U.NO.7986


(ریلیز آئی ڈی: 2339222) وزیٹر کاؤنٹر : 7
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Gujarati