الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹکنالوجی کی وزارت
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
20 NOV 2026 5:21PM by PIB Delhi
الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت (ایم ای آئی ٹی وائی) نے مقامی پیداوار کو فروغ دینے، مقامی صلاحیتوں کو مستحکم کرنے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے مقصد سے ‘پبلک پروکیورمنٹ (میک ان انڈیا کو ترجیح) آرڈر 2017’ کے تحت آئی ٹی ہارڈویئر کی چھ مصنوعات کے لیے مقامی مواد اور گھریلو قدر میں اضافے (ڈی وی اے) کے حساب کے طریقۂ کار سے متعلق 7 ستمبر 2020 کے اپنے سابقہ نوٹیفکیشن میں ترمیم کی ہے۔
نظرثانی شدہ طریقۂ کار میں درج ذیل چھ مصنوعات شامل ہیں:
- ڈیسک ٹاپ پی سی / آل اِن ون پی سی (اے آئی او-پی سی)
- لیپ ٹاپ پی سی
- تھِن کلائنٹس
- سرورز
- کمپیوٹر مانیٹرز
- انٹرایکٹو فلیٹ پینل ڈسپلے (آئی ایف پی ڈی)
نظرثانی شدہ نظام کے تحت گھریلو قدر میں اضافے (ڈی وی اے) کے حساب کے لیے بل آف میٹریلز (بی او ایم) پر مبنی ایک طریقۂ کار متعارف کرایا گیا ہے، جس میں پیداوار کے مختلف مراحل اور عمل کو بنیاد بنایا گیا ہے۔ اس میں ہندوستان میں انجام دی جانے والی اہل مینوفیکچرنگ سرگرمیوں اور عمل کو تسلیم کیا گیا ہے، جن میں سرفیس ماؤنٹ ٹیکنالوجی (ایس ایم ٹی) کے ذریعے مین بورڈ / مدر بورڈ کی اسمبلنگ، مقامی طور پر تیار شدہ خام پرنٹڈ سرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی خریداری، میموری (ریم) اور اسٹوریج (ایس ایس ڈی) کی اسمبلنگ، جانچ اور پیکنگ، ڈسپلے کی اسمبلنگ کے مراحل، مقامی طور پر چیسس اور پاور ماڈیول کی خریداری، نیز حتمی اسمبلنگ اور جانچ شامل ہیں۔
نظرثانی شدہ طریقۂ کار میں ہندوستان میں انجام دی جانے والی اہل داخلی تحقیق و ترقی (آر اینڈ ڈی) کی سرگرمیوں کو مناسب اہمیت دی گئی ہے، تاکہ مقامی ٹیکنالوجی کی ترقی اور اختراع کو فروغ دیا جاسکے۔
اس کے علاوہ مقامی ڈیزائن کی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور آئی ٹی ہارڈویئر کی ان مصنوعات سے متعلق تخلیقی و اختراعی حقوق (آئی پی آر) کے حصول کی حوصلہ افزائی کے لیے ہندوستان میں مصنوعات کے ڈیزائن اور تخلیقی و اختراعی حقوق (آئی پی آر) کو اضافی اہمیت دی گئی ہے۔
نظرثانی شدہ طریقۂ کار میں گھریلو قدر میں اضافے (ڈی وی اے) کے حساب اور خود تصدیق کے لیے ایک معیاری نمونہ بھی فراہم کیا گیا ہے، تاکہ پیدا کنندگان کی جانب سے ڈی وی اے کے جائزے میں معروضیت اور شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے۔ اس سے ضرورت پڑنے پر مینوفیکچررز کی جانب سے خود ظاہر کردہ ڈی وی اے کی معروضی تصدیق میں بھی مدد ملے گی۔
نظرثانی شدہ طریقۂ کار سرکاری گزٹ میں اس کی اشاعت کی تاریخ سے چھ ماہ بعد نافذ العمل ہوگا اور ان چھ مصنوعات کے سلسلے میں الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت کے 7 ؍ستمبر 2020 کے نوٹیفکیشن کی متعلقہ دفعات کی جگہ لے گا۔
*****
ش ح ۔م ع ن۔ ش ہ ب
U. No.7991