قبائلی امور کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

قبائلی کاروبار اور مقامی مصنوعات کو فروغ دینے کے لیے ٹرائیفیڈ نے دلی ہاٹ، آئی این اے میں آدی مہوتسو 2026 کا انعقاد کیا


تقریباً 200 قبائلی دست کاروں نے 115 اسٹالوں کے ذریعے روایتی دست کاری، کھڈی کی مصنوعات، دستکاری کے نمونوں اور جنگلاتی پیداوار کی نمائش کی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 20 NOV 2026 11:50AM by PIB Delhi

حکومتِ ہند کی قبائلی امور  کی وزارت کے تحت ٹرائبل کوآپریٹیو مارکیٹنگ ڈیولپمنٹ فیڈریشن آف انڈیا (ٹی آر آئی ایف ای ڈی-ٹرائیفیڈ) کی جانب سے نئی دہلی کے دلی ہاٹ، آئی این اے میں 16 سے 30 نومبر 2026 تک ٹرائبس انڈیا – آدی مہوتسو 2026 کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد قبائلی کاروبار کو فروغ دینا، منڈیوں تک رسائی کے روابط کو مستحکم بنانا اور قبائلی برادریوں کے لیے روزگار اور ذریعۂ معاش کے مواقع میں اضافہ کرنا ہے۔

اس مہوتسو میں ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے تقریباً 200 قبائلی دست کار اپنی مصنوعات 115 اسٹالوں کے ذریعے پیش کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ کھڈی، دست کاری اور ون دھن وکاس کیندروں (وی ڈی وی کے) کے نمائندے بھی اس میں شرکت کر رہے ہیں۔ یہ تقریب قبائلی مصنوعات تیار کرنے والوں کو ایک مخصوص پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے، جہاں وہ اپنی روایتی ہنرمندی، مقامی مصنوعات، کھڈی کی تیار کردہ اشیا، دست کاری کے نمونوں اور جنگلات سے حاصل ہونے والی قدر افزا (ویلیو- ایڈیڈ)  مصنوعات کو براہِ راست صارفین کے سامنے پیش کر سکتے ہیں۔

آدی مہوتسو 2026 کا ایک اہم مقصد قبائلی مصنوعات تیار کرنے والوں اور عام منڈیوں کے درمیان فاصلے کو کم کرنا ہے۔ اس مقصد کے لیے صارفین کے ساتھ براہِ راست رابطے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے اور دست کاروں کو منظم خوردہ کاروبار کے ماحول سے براہِ راست واقف ہونے کا موقع دیا جا رہا ہے۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے دست کاروں کو صارفین کی بدلتی ہوئی پسند کو سمجھنے، منڈی میں اپنی مصنوعات کی مانگ  کا اندازہ لگانے، مصنوعات کی پیشکش کو بہتر بنانے اور کاروبار کو وسعت دینے کے نئے مواقع تلاش کرنے میں مدد ملتی ہے۔

دلی ہاٹ ملک کے متنوع دست کاری کے نمونوں، کھڈی کی مصنوعات اور ثقافتی روایات کی نمائش کے لیے مشہور ہے۔ یہ قبائلی دست کاروں کو صارفین کے وسیع تر طبقے سے جوڑنے کے لیے ایک موزوں پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ اس کے علاوہ، یہ مہوتسو شہری صارفین کے درمیان ہندوستان کے مالا مال قبائلی ورثے، روایتی علم، مقامی ہنرمندی اور ثقافتی تنوع کو فروغ دینے کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔

آدی مہوتسو کے ذریعے ٹرائیفیڈ قبائلی برادریوں کے لیے منڈی میں پائیدار مواقع پیدا کرنے، صارفین کے ساتھ ان کے روابط کو مستحکم بنانے اور معیشت کے مرکزی دھارے میں ان کی فعال شمولیت کی حوصلہ افزائی کے لیے مسلسل کوششیں کر رہا ہے۔

عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ 16 سے 30 نومبر 2026 تک نئی دہلی کے دلی ہاٹ، آئی این اے میں جاری رہنے والے  آدی مہوتسو 2026 کا دورہ کریں اور ہندوستان کے قبائلی فن، دست کاری اور مقامی مصنوعات کے مالا مال تنوع سے واقف ہوں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ش ح۔م م۔ ن م۔

U- 7957


(ریلیز آئی ڈی: 2338905) وزیٹر کاؤنٹر : 8
یہ ریلیز پڑھیں: English