الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت نے ڈیجیٹل رسائی اور معذور افراد کی شمولیت سے متعلق اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے کے ساتھ تبادلۂ خیال کیا


بات چیت میں رسائی کے معیارات، معاون آلات اور سب کے لیے قابلِ رسائی ڈیجیٹل عوامی خدمات کو اجاگر کیا گیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 20 NOV 2026 10:40AM by PIB Delhi

الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت (میتی) نے بھارت میں ڈیجیٹل رسائی کو فروغ دینے اور معذور افراد کی شمولیت کو یقینی بنانے کے موضوع پر معذور افراد کے حقوق سے متعلق اقوام متحدہ کی خصوصی نمائندہ محترمہ ہیبا ہگراس کے ساتھ ایک تبادلۂ خیال کا اجلاس منعقد کیا۔ یہ اجلاس وزارت کے سی ای جی ہال میں منعقد ہوا اور 16 سے 25 نومبر 2026 تک خصوصی نمائندے کے بھارت کے سرکاری دورے کا حصہ تھا۔ اس اجلاس میں وزارت کے عہدیداروں کے علاوہ وزارتِ خارجہ نے بھی شرکت کی۔ اس کے ساتھ قومی اطلاعاتی مرکز (این آئی سی)، معیارات، جانچ اور معیار کی تصدیق کے مرکز (ایس ٹی کیو سی)، جدید کمپیوٹنگ کی ترقی کے مرکز (سی-ڈیک) اور قومی ای-گورننس ڈویژن (این ای جی ڈی) کے نمائندے بھی موجود تھے۔

اس اجلاس کی قیادت وزارتِ الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کے جوائنٹ سکریٹری اور قومی ای-گورننس ڈویژن (این ای جی ڈی) کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب نند کمارم نے کی۔ اجلاس کا آغاز وزیر اعظم کے قابلِ رسائی نظام کے وژن اوربھارت کی ڈیجیٹل رسائی سے متعلق اقدامات پر مبنی ایک مختصر فلم سے ہوا، جس کے بعد تفصیلی پریزنٹیشن اور تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اس کے بعد وزارتِ الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کے سائنس داں-ای، ڈاکٹر سنتوش پانڈے اور قومی ای-گورننس ڈویژن (این ای جی ڈی) کے نائب صدر جناب برہمانند جھا نے مشترکہ طور پر ایک پریزنٹیشن پیش کی۔ اس میں بتایا گیا کہ بھارت  کا قانونی ڈھانچہ ڈیجیٹل رسائی کو کس طرح فروغ دیتا ہے۔ بھارت نے 2007 میں معذور افراد کے حقوق سے متعلق کنونشن کی توثیق کی تھی، جبکہ معذور افراد کے حقوق کا قانون، 2016 معلومات اور مواصلاتی ٹیکنالوجی کو قابلِ رسائی بنانے کا تقاضا کرتا ہے۔ وزارتِ الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی نے 2013 میں الیکٹرانک رسائی کے لیے قومی پالیسی کا اعلان کیا تھا۔ اس سلسلے میں وزارت کا کردار زیادہ تر معیارات، رہنما خطوط اور آلات کے ذریعے سہولت فراہم کرنے تک محدود ہے۔

اجلاس میں درج ذیل اہم اقدامات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا:

- معیارات: بھارتی  سرکاری ویب سائٹس اور ایپس سے متعلق رہنما خطوط (جی آئی جی ڈبلیو 3.0)، جو ڈبلیو سی اے جی 2.1 کے لیول اے اے کے مطابق ہیں؛ نیز اطلاعاتی اور مواصلاتی ٹیکنالوجی کی مصنوعات اور خدمات کی رسائی سے متعلق بھارتی معیار آئی ایس 17802، جسے 2023 کی ترمیم کے ذریعے معذور افراد کے حقوق کے ضوابط کے تحت قابلِ نفاذ بنایا گیا ہے۔

- تصدیق اور جانچ: ایس ٹی کیو سی کی جانب سے تصدیق کا عمل، جس کے تحت 73 وزارتوں اور محکموں کو سند دی جا چکی ہے؛ اس کے علاوہ ویب سائٹس اور ایپس کی جانچ کے لیے سوگمیہ ویب اور ستیہ جیسے آلات بھی متعارف کرائے گئے ہیں۔

- ڈیزائن میں معاونت: یو ایکس 4 جی، جس نے 400 سے زیادہ سرکاری ویب سائٹس اور ایپس کے لیے صارف کے تجربے سے متعلق جانچ اور ڈیزائن میں معاونت فراہم کی ہے۔ اس کا تیار شدہ قابلِ رسائی ویجیٹ 1,800 سے زیادہ ویب سائٹس پر استعمال کیا جا رہا ہے۔

- شمولیتی خدمات: بھاشنی کے ذریعے کثیر لسانی رسائی، 23 زبانوں میں شہری خدمات فراہم کرنے والا اُمنگ پلیٹ فارم، اور آواز و کثیر لسانی سہولتوں سے آراستہ ’نمستے بھارت‘ اے آئی شہری گائیڈ۔

- معاون اور تعلیمی حل: ’دیویانگ سارتھی‘، ایک ایسا پلیٹ فارم جس پر ذہنی معذوری کے حامل افراد کے لیے وی آر پر مبنی تعلیمی مواد دستیاب ہے۔

وزارتِ الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی نے بین الاقوامی معیارات کے مطابق رسائی سے متعلق رہنما خطوط کو باقاعدگی سے جدید بنانے، تصدیق اور ضابطوں کی تعمیل میں معاونت فراہم کرنے، عہدیداروں اور سافٹ ویئر تیار کرنے والوں کی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور بھارت کے آلات و تجربات کو دوسروں کے ساتھ شیئر کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ وزارت نے یہ بھی کہا کہ وہ زیادہ سے زیادہ شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے ڈیجیٹل معاون حل تیار کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔

****

 (ش ح ۔رک)

U. No.7954


(ریلیز آئی ڈی: 2338887) وزیٹر کاؤنٹر : 7
یہ ریلیز پڑھیں: English