ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

بوتسوانا سے لائی گئی مادہ چیتا نے جنگل میں چار بچوں کو جنم دیا؛ ہندوستان میں چیتوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 62 ہوگئی


جناب بھوپیندر یادو نے پروجیکٹ چیتا کی کامیابی کے لیے ماہرین اور جنگلات کے عملے کی لگن، عزم اور انتھک محنت کو سراہا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 20 NOV 2026 10:45AM by PIB Delhi

بوتسوانا سے لائی گئی ڈھائی سالہ مادہ چیتا ‘کومگ 3’ نے آج جنگل میں چار صحت مند بچوں کو جنم دیا۔ یہ پروجیکٹ چیتا اور ہندوستان میں چیتوں کی ایک مستحکم اور خود کفیل آبادی بحال کرنے کی کوششوں کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔

مرکزی وزیر برائے ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی جناب بھوپیندر یادو نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ ‘کومگ 3’ بوتسوانا سے لائی گئی پہلی مادہ چیتا ہے جس نے بچوں کو جنم دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بچوں کی پیدائش سے قبل اس نے چار ماہ سے زیادہ عرصہ جنگل میں گزارا اور قدرتی ماحول میں بچوں کو جنم دیا۔ سال 2022 میں چیتوں کو دوبارہ ہندوستان میں آباد کرنے کا پروگرام شروع ہونے کے بعد جنگل میں بچوں کی پیدائش کا یہ دوسرا ریکارڈ شدہ واقعہ ہے۔

جناب بھوپیندریادو نے مزید بتایا کہ چار بچوں کی پیدائش کے ساتھ ہی ہندوستان میں چیتوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 62 ہوگئی ہے، جن میں 43 ہندوستان میں پیدا ہونے والے چیتے شامل ہیں۔ انہوں نے اس پیش رفت کو پروجیکٹ چیتا کے لیے ایک تاریخی کامیابی اور ہندوستان میں چیتوں کی ایک مستحکم اور خود کفیل آبادی بحال کرنے کی کوششوں میں ایک قابلِ فخر سنگ میل قرار دیا۔

مرکزی وزیر نے کہا کہ اس طرح کی ہر پیدائش تحفظِ جنگلی حیاتیات کے تئیں ہماری امیدوں کو مضبوط اور عزم کو مزید پختہ کرتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جنگلی حیاتیات کے تحفظ کے لیے صبر، ثابت قدمی اور اجتماعی کوششیں ضروری ہیں۔ انہوں نے پروجیکٹ چیتا کی کامیابی کے لیے منصوبے کے منتظمین، جانوروں کے ڈاکٹروں، جنگلات کے کلیدی عملے اور اس سے وابستہ تمام افراد کی لگن، عزم اور انتھک محنت کو بھی سراہا۔

 

 ش ح۔  ع و۔  ج ا

U.No. 7955


(ریلیز آئی ڈی: 2338885) وزیٹر کاؤنٹر : 6
یہ ریلیز پڑھیں: English , Gujarati