پوسٹ کرنے کی تاریخ:
19 NOV 2026 6:28PM by PIB Delhi
مرکزی وزیر برائے محنت و روزگار اور امورِ نوجوانان و کھیل، ڈاکٹر منسکھ مانڈویا نے آج نئی دہلی میں ملازمین کے پروویڈنٹ فنڈ (ای پی ایف) کے مرکزی ٹرسٹی بورڈ (سی بی ٹی) کی 240ویں میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ میں شریک نائب صدر ڈاکٹر چندر بھوشن کمار (سکریٹری، محنت و روزگار) اور رکن سکریٹری جناب رمیش کرشن مورتی (مرکزی پروویڈنٹ فنڈ کمشنر) کے علاوہ مرکزی و ریاستی حکومتوں، آجروں اور ملازمین کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
ملازمین کے پروویڈنٹ فنڈ کی تنظیم (ای پی ایف او) نے گزشتہ چند برسوں کے دوران سماجی تحفظ کی فراہمی کو مزید مستحکم بنانے کے لیے کئی اہم اصلاحات اور اختراعات متعارف کرائی ہیں۔ ان کا مقصد زیادہ سے زیادہ افراد کو دائرۂ کار میں لانا، دعوؤں کے تصفیے کے عمل کو آسان بنانا اور ڈیجیٹل نظام کو فروغ دینا ہے۔ ان اقدامات میں لازمی ای پی ایف کوریج کے لیے اجرت کی حد 15,000 روپے سے بڑھا کر 25,000 روپے کرنا، جزوی رقم نکالنے کے ضوابط کو آسان بنانا، رقم نکالنے کی حد میں نرمی کرنا اور دیگر اقدامات کے ساتھ سی آئی ٹی ای ایس 2.01 کا آغاز شامل ہیں۔ اصلاحات کے اس عمل کو مزید آگے بڑھانے کے مقصد سے آج ڈاکٹر منسکھ مانڈویا کی صدارت میں منعقدہ میٹنگ میں ای پی ایف او کی جانب سے کئی اہم تجاویز پیش کی گئیں۔
پینشن اصلاحات، پروویڈنٹ فنڈ میں لچک، سرمایہ کاری کے انتظام، نظم و نسق، استثنیٰ کی پالیسی اور ای پی ایف او کی ڈیجیٹل تبدیلی سے متعلق درج ذیل ایجنڈا نکات بورڈ کے سامنے پیش کیے گئے:
- ای پی ایف کے اراکین کے لیے مرحلہ وار رقم نکالنے کی سہولت (ایس ڈبلیو پی) کا آغاز: بورڈ نے اس سہولت کو متعارف کرانے کی تجویز منظور کر لی، جس کے تحت ریٹائر ہونے والے ای پی ایف اراکین اپنی جمع شدہ پروویڈنٹ فنڈ کی رقم ایک ہی بار میں نکالنے کے بجائے مقررہ وقفوں سے قسطوں میں حاصل کر سکیں گے۔
اس اصلاح کے تحت ریٹائر ہونے والے اراکین اپنی ترجیحات کے مطابق جمع شدہ پروویڈنٹ فنڈ کی رقم باقاعدہ وقفوں سے، مثلاً ماہانہ، سہ ماہی یا ششماہی بنیاد پر نکال سکیں گے۔ اس سہولت سے اراکین کو وقفے وقفے سے آمدنی کا ایک منظم ذریعہ حاصل ہوگا، جبکہ باقی ماندہ رقم پر منافع حاصل ہوتا رہے گا۔ اس طرح انہیں ریٹائرمنٹ کے بعد اپنی آمدنی میں اضافہ کرنے اور پینشن کے فوائد میں اضافی مالی مدد حاصل کرنے میں سہولت ملے گی۔ یہ سہولت مکمل طور پر رضاکارانہ ہوگی اور اراکین پر رقم نکالنے کے لیے کوئی پابندی نہیں ہوگی۔ اس اختیار کو اہل اہلِ خانہ اور مستفیدین تک بھی توسیع دی جا سکتی ہے، جس سے خاندان کو زیادہ لچک اور مالی تحفظ حاصل ہوگا۔ اس اقدام کا مقصد ریٹائرمنٹ کے بعد آمدنی کا مستحکم ذریعہ یقینی بنانا، دوبارہ سرمایہ کاری سے وابستہ خطرات کو کم کرنا، فنڈ کے پائیدار انتظام کو مضبوط بنانا اور گِگ و پلیٹ فارم کارکنوں تک سماجی تحفظ کی سہولتوں کی توسیع میں مدد فراہم کرنا ہے۔
ایس ڈبلیو پی کے ذریعے اراکین اپنی ریٹائرمنٹ کی بچت کی رقم پر اپنی ملکیت برقرار رکھتے ہوئے اسے ریٹائرمنٹ کے بعد باقاعدہ وقفوں سے حاصل ہونے والی مستحکم اور متوقع آمدنی میں تبدیل کر سکیں گے۔ ابتدائی مرحلے میں 55 سال سے زیادہ عمر کے تقریباً 6.32 لاکھ ایسے ای پی ایف اراکین اس مجوزہ منصوبے کے بنیادی مستفیدین ہوں گے، جن کے پروویڈنٹ فنڈ میں 5 لاکھ روپے سے زیادہ کی رقم جمع ہے۔ اگر رقم کی ادائیگی کے دوران کسی رکن کا انتقال ہو جاتا ہے تو اس کا نامزد کردہ فرد یا زیرِ کفالت شخص باقی ماندہ رقم نکال سکے گا یا وقفے وقفے سے ادائیگی حاصل کرنے کا سلسلہ جاری رکھ سکے گا۔
اس اقدام سے اراکین کو آمدنی کا ایک لچکدار، باقاعدہ اور قابلِ اعتماد ذریعہ فراہم کرکے ریٹائرمنٹ کے بعد ان کے مالی تحفظ کو بہتر بنایا جائے گا، جبکہ ان کے اہلِ خانہ کے مفادات کا بھی تحفظ ہوگا۔ مذکورہ فوری ممکنہ مستفیدین کے علاوہ، ایس ڈبلیو پی اسکیم مستقبل میں ریٹائر ہونے والے پی ایف کے دیگر متعدد اراکین کو بھی راغب کرنے کا امکان رکھتی ہے، جو اپنے جمع شدہ پی ایف فنڈ سے ریٹائرمنٹ کے بعد اضافی آمدنی کے لیے وقفے وقفے سے رقم حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
مزید برآں، لچک کو فروغ دینے اور سب کے لیے سماجی تحفظ کے ہدف کی جانب پیش رفت کے لیے اس تجویز میں یو اے این سے منسلک ایسے طریقۂ کار بھی متعارف کرائے گئے ہیں، جن کے ذریعے افراد اپنی مرضی سے براہِ راست عطیات دے سکیں گے اور تیسرے فریق کی جانب سے معمولی رقوم کی شراکت (مثلاً صارفین کی جانب سے دی جانے والی ٹِپس) بھی ممکن ہوگی۔ یہ طریقۂ کار روایتی آجر کے تنخواہی نظام سے مکمل طور پر آزاد ہوں گے۔ وزارت کی منظوری کے بعد ای پی ایف اسکیم میں ضروری ترامیم کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں انکم ٹیکس ایکٹ میں متعلقہ ترمیم کی تجویز وزارتِ خزانہ کے ساتھ زیرِ غور لائی جا رہی ہے۔
- کم از کم بقایا رقم اور پروویڈنٹ فنڈ کی مکمل رقم نکالنے کے لیے انتظار کی مدت کا جائزہ: بورڈ نے ای پی ایف اراکین کے طویل مدتی سماجی تحفظ کے مفادات کے تحفظ کے پیش نظر کم از کم بقایا رقم کی شرط اور رقم نکالنے کے لیے انتظار کی مدت سے متعلق ضوابط کی منظوری دے دی۔ اس سے قبل اراکین کے کھاتے میں جمع ہونے والی رقم کا 25 فیصد حصہ کم از کم بقایا رقم کے طور پر مختص کرنے کی شرط رکھی گئی تھی، جسے رکن کے لیے ہر وقت برقرار رکھنا ضروری تھا۔ اب ای پی ایف کے لیے کم از کم بقایا رقم کی شرط 25 فیصد سے گھٹا کر 10 فیصد کر دی گئی ہے اور رقم نکالنے کے لیے انتظار کی مدت 12 ماہ سے کم کرکے 2 ماہ کر دی گئی ہے۔ ان تبدیلیوں کا مقصد اراکین کے طویل مدتی سماجی تحفظ کے مفادات کو برقرار رکھتے ہوئے انہیں زیادہ مالی لچک فراہم کرنا ہے۔
- ای ڈی ایل آئی سے استثنیٰ کے معاملات میں راحت: بورڈ نے ای ڈی ایل آئی اسکیم، 2026 میں ترامیم کی منظوری دے دی، تاکہ استثنیٰ کے زیرِ التوا پرانے معاملات کو نمٹانے میں سہولت ہو اور اہل اداروں کو میعاد ختم ہو چکے استثنیٰ کی تجدید کے لیے 6 ماہ کی مہلت دی جا سکے۔ اس کے ساتھ تصدیق شدہ عبوری مدت کے لیے چندہ، سود اور جرمانے کی ادائیگی میں بھی رعایت دی جائے گی۔ اس اقدام سے اہل اداروں کو استثنیٰ کے زیرِ التوا اور میعاد ختم ہو چکے معاملات کے تصفیے میں سہولت ملے گی، جبکہ تجدید کے لیے 6 ماہ کی مہلت اور تصدیق شدہ عبوری مدت کے لیے چندہ، سود اور جرمانے میں رعایت بھی حاصل ہوگی۔
مجوزہ ترامیم کا مقصد سابقہ ای ڈی ایل آئی اسکیم، 1976 کے تحت استثنیٰ کے طویل عرصے سے زیرِ التوا معاملات کو نمٹانا اور نئی اسکیم کی جانب منتقلی کے دوران اداروں کو درپیش مشکلات کا ازالہ کرنا ہے۔ اس سے ان اداروں کو مدد ملے گی جو اپنے ملازمین کے لیے گروپ بیمہ پالیسیاں برقرار رکھے ہوئے تھے، لیکن انتظامی اور طریقۂ کار سے متعلق دشواریوں کے باعث استثنیٰ یا اس کی تجدید کے باضابطہ مراحل مکمل نہیں کر سکے تھے۔
ایسے ادارے جنہوں نے مسلسل گروپ بیمہ تحفظ برقرار رکھا، جس کے فوائد قانونی ای ڈی ایل آئی اسکیم کے مساوی یا اس سے بہتر تھے، اور بیمے کے اہل دعوؤں کا باقاعدہ تصفیہ بھی کیا، انہیں تصدیق سے مشروط درمیانی مدت کے لیے چندے کی ادائیگی کی ذمہ داری سے راحت دی جا سکتی ہے۔ اس کے ساتھ جرمانے اور سود سے بھی تحفظ فراہم کیا جا سکتا ہے۔ یہ اقدام تعمیل سے متعلق مشکلات کم کرنے، نئے قانونی نظام کی جانب منصفانہ منتقلی یقینی بنانے اور ملازمین کے بیمہ فوائد کا تحفظ کرتے ہوئے اداروں کو راحت فراہم کرنے کے حکومت کے عزم کا عکاس ہے۔
- متبادل سرمایہ کاری فنڈز (اے آئی ایف) میں سرمایہ کاری: بورڈ نے اصولی طور پر منظوری دی کہ نئی جمع شدہ رقم کے 3 فیصد تک کی سرمایہ کاری، مجموعی سرمایہ کاری کی موجودہ حد کے اندر رہتے ہوئے، اہل متبادل سرمایہ کاری فنڈز میں کی جا سکے گی۔ ابتدائی طور پر یہ سرمایہ کاری حکومت کی حمایت یافتہ اداروں کے ذریعے کی جائے گی۔ اس فیصلے کا مقصد مقررہ حفاظتی اقدامات اور سرمایہ کاری کی نگرانی کو یقینی بناتے ہوئے ای پی ایف او کے سرمایہ کاری کے پورٹ فولیو میں تنوع پیدا کرنا ہے۔
- ای پی ایف سے استثنیٰ کی دست برداری اور منسوخی: 27 اداروں کی جانب سے استثنیٰ سے دست برداری اور 4 اداروں کا استثنیٰ منسوخ کرنے سے متعلق تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ ان معاملات کے تحت تقریباً 5,996 کروڑ روپے کی جمع شدہ پروویڈنٹ فنڈ کی رقم ای پی ایف او کو منتقل کی جائے گی، جس سے 1,44,437 اراکین کے کھاتے ای پی ایف او کے براہِ راست انتظام کے تحت آ جائیں گے۔
- سی آئی ٹی ای ایس 2.0 کا نفاذ: بورڈ کو مرکزی اطلاعاتی ٹیکنالوجی سے مربوط نظام (سی آئی ٹی ای ایس) 2.0 کی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ یہ سی ڈیک کے ذریعے تیار کردہ یو اے این پر مبنی ایک مرکزی ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے، جس کا مقصد ای پی ایف او کی خدمات کو جدید بنانا ہے۔ سی آئی ٹی ای ایس 2.0 کے نفاذ کے بعد دعووں کی خودکار کارروائی کی شرح، مجموعی طور پر نمٹائے گئے دعووں کے 39 فیصد سے بڑھ کر 71 فیصد ہو گئی ہے۔ پیشگی توثیق، زیادہ خودکاری اور رقم نکالنے کی آسان شرائط متعارف کرانے سے دعوے مسترد ہونے کی مجموعی شرح 23 فیصد سے گھٹ کر 7.82 فیصد رہ گئی ہے۔ مجموعی کارروائی کے ساتھ دعووں کے تصفیے کا اوسط وقت بھی 11.15 دن سے کم ہو کر 2.57 دن رہ گیا ہے۔
- ای پی ایف او کے 2026-27 اور 2027-28 کے بجٹ تخمینے: بورڈ نے ای پی ایف، ای پی ایس اور ای ڈی ایل آئی اسکیموں کے تحت ای پی ایف او کے 2026-27 کے نظرثانی شدہ تخمینوں اور 2027-28 کے بجٹ تخمینوں کی منظوری دے دی۔ ان میں متوقع وصولیوں، آمدنی اور اخراجات کو شامل کیا گیا ہے، تاکہ ای پی ایف او کے فنڈز کی مؤثر مالی منصوبہ بندی اور انتظام کو یقینی بنایا جا سکے۔
سی بی ٹی کے اجلاس میں پیش کی گئی تجاویز ملک کے سماجی تحفظ کے نظام کو مضبوط بنانے، ریٹائرمنٹ کی بچت تک رسائی میں زیادہ سہولت فراہم کرنے، پینشن کے پائیدار انتظام کو یقینی بنانے، اراکین کی سرمایہ کاری کے تحفظ اور ای پی ایف اراکین و پنشن یافتگان کو ٹیکنالوجی پر مبنی شفاف اور مؤثر خدمات فراہم کرنے کے لیے ای پی ایف او کے عزم کو اجاگر کرتی ہیں۔
****
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-7928