شماریات اور پروگرام کے نفاذ کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

عالمی شماریاتی شراکت داریوں کو فروغ دینا: علم کے تبادلے اور ادارہ جاتی تعاون کے لیے شماریات و پروگراموں کے نفاذ کی وزارت کا وژن


ہندوستان کے قومی شماریاتی نظام کے ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے پائیدار ترقیاتی اہداف اور شماریاتی ڈیٹا بیس کے انتظام سے متعلق شماریات اور پروگراموں کے نفاذ  کی وزارت کے انقلابی اقدامات کی نمائش کی گئی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 19 NOV 2026 6:55PM by PIB Delhi

سرکاری اعداد و شمار کے شعبے میں شراکت داری اور مشترکہ ترقی کے تئیں بھارت کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے، نیشنل اسٹیٹسٹیکل سسٹمز ٹریننگ اکیڈمی (این ایس ایس ٹی اے) - شماریات و پروگراموں کے نفاذ کی وزارت(ایم او ایس پی آئی) نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف لیبر اکنامکس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ (این آئی ایل ای آر ڈی) کے اشتراک سے، 17 نومبر 2026 کو انڈین ٹیکنیکل اینڈ اکنامک کوآپریشن (آئی ٹی ای سی) پروگرام کے چھبیس شراکت دار ممالک کے بین الاقوامی شرکاء کے ساتھ ایک تبادلہ خیال کا انعقاد کیا۔ اس پروگرام نے دورے پر آئے ہوئے مندوبین کو اس طریقے پر ایک بامعنی نقطہ نظر فراہم کیا جس کے تحت ہندوستان اپنے شماریاتی اداروں کی تعمیر کرتا ہے، انہیں چلاتا ہے اور برقرار رکھتا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image001_20261119185650_8dc195.jpg

اس تقریب کو شماریات و پروگراموں کے نفاذ کی وزارت کے ڈائریکٹر جنرل (مرکزی شماریات) ڈاکٹر دلیپ سنگھ اور ڈائریکٹر جنرل (ڈیٹا گورننس) انچارج ڈاکٹر پورنیندو کشور بنرجی کی ممتاز موجودگی نے وقار بخشا۔ ان کے ہمراہ وزارت کے سینئر افسران بشمول ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (صلاحیت سازی ڈویژن) جناب آر راجیش اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (سماجی شماریات ڈویژن) محترمہ سپریا رائے بھی موجود تھیں۔ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف لیبر اکنامکس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ (این آئی ایل ای آر ڈی) کے ڈائریکٹر ڈاکٹر پی سی پریدا اور ادارے کے اساتذہ نے بھی اس میں شرکت کی۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image002_20261119185655_aa419e.jpg

دن بھر کے غور و خوض کا ماحول سازگار بناتے ہوئے، صلاحیت سازی ڈویژن کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل جناب آر راجیش نے ہندوستان کے اس لازوال پیغام کو یاد کیا کہ پوری دنیا ایک خاندان ہے اور تمام انسان اپنے ہی عزیز ہیں۔ اس تہذیبی نقطہ نظر پر قائم رہتے ہوئے، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک نے ہمیشہ دیگر اقوام کو ان کے شماریاتی نظام کو بہتر اور مضبوط بنانے میں اپنا تعاون فراہم کرنے کی مسلسل کوشش کی ہے۔این ایس ایس ٹی اے کی ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل محترمہ رینا سنگھ نے اس نشست کی نظامت کرتے ہوئے ملک کے سرکاری شماریاتی نظام کو مضبوط بنانے، قابلِ اعتماد، مستند اور بروقت شماریاتی معلومات کی دستیابی کو یقینی بنانے اور تمام شعبوں میں شواہد پر مبنی پالیسی سازی میں مدد دینے کے لیے شماریات و پروگراموں کے نفاذ کی وزارت کے اہم کردار پر زور دیا۔ انہوں نے ہندوستان میں شماریاتی نظام کی صلاحیت کو مستحکم کرنے کے لیے این ایس ایس ٹی اے کے کلیدی کردار کو بھی اجاگر کیا۔

ڈائریکٹر جنرل (مرکزی شماریات) ڈاکٹر دلیپ سنگھ کی جانب سے دیے گئے کلیدی خطاب نے مندوبین کو بھارت کے قومی شماریاتی نظام کا ایک جامع منظرنامہ فراہم کیا۔ اپنے خطاب کے دوران، انہوں نے ادارہ جاتی ڈھانچے، تنظیمی ساخت اور شماریاتی نظام کے طریقہ کار پر تفصیل سے روشنی ڈالی، جس کے ذریعے شماریات و پروگراموں کے نفاذ کی وزارت کی مختلف شماریاتی مصنوعات اور متنوع سروے کا ایک عمومی جائزہ پیش کیا گیا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image003_20261119185700_202384.jpg

اس باہمی تبادلہ خیال کا بنیادی اور اہم حصہ دو تکنیکی نشستوں پر مشتمل تھا۔ "ہندوستان میں پائیدار ترقیاتی اہداف کی نگرانی کا جائزہ" کے موضوع پر پہلی نشست کی قیادت سماجی شماریات ڈویژن کی ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل محترمہ سپریا رائے، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل محترمہ روچیکا گپتا، اور ڈائریکٹر جناب اندردیپ رائے چودھری نے کی۔ اس نشست میں پائیدار ترقیاتی اہداف کی نگرانی کے لیے شماریات و پروگراموں کے نفاذ کی وزارت کی جانب سے شناخت کیے گئے 270 سے زائد قومی اشاریوں اور عالمی اشاریہ جاتی فریم ورک کے ساتھ ان کی مسلسل ہم آہنگی کے عمل کا جائزہ پیش کیا گیا۔"شماریاتی ڈیٹا بیس کی تیاری اور انتظام" کے موضوع پر دوسری نشست شماریات و پروگراموں کے نفاذ کی وزارت کے ڈیٹا انوویشن اینڈ انفارمیشن ڈویژن (ڈی آئی آئی ڈی) کے ڈائریکٹر جناب وشنو مشرا نے پیش کی۔ اس نشست میں ای-سانکھیکی پورٹل، مائیکرو ڈیٹا پورٹل، سیمینٹک سرچ، ماڈل کانٹیکسٹ پروٹوکول (ایم سی پی) اور مائیکرو و میکرو ڈیٹا سیٹس وغیرہ کے بارے میں اہم معلومات فراہم کی گئیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image004_20261119185705_18a556.jpg

کارروائی کو اختتام تک پہنچاتے ہوئے، ڈائریکٹر جنرل (ڈیٹا گورننس) انچارج جناب پی کے بنرجی نے بین الاقوامی شرکاء کے ساتھ تبادلہ خیال کیا اور اپنے اختتامی کلمات میں ہندوستان کے شماریاتی نظام پر قیمتی خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے مندوبین پر زور دیا کہ وہ اس نشست سے حاصل ہونے والے اسباق اور تجربات کو اپنے ساتھ واپس لے جائیں اور انہیں اپنے متعلقہ ممالک کے شماریاتی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے بروئے کار لائیں۔

ہندوستان تمام شریک ممالک کے تئیں پائیدار تکنیکی تعاون، علم کے تبادلے اور ادارہ جاتی شراکت داری کے ذریعے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتا ہے تاکہ مشترکہ طور پر سیکھی گئی باتوں کو عملی نتائج میں بدلا جا سکے۔

**********

 (ش ح –ا ب ن)

U.No:7930


(ریلیز آئی ڈی: 2338743) وزیٹر کاؤنٹر : 7
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी