پوسٹ کرنے کی تاریخ:
19 NOV 2026 5:39PM by PIB Delhi
معیاری تعلیم تک رسائی کو مضبوط بنانے اور تعلیمی مواقع میں شمولیت کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم کے طور پر، مرکزی وزارتِ سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات کے تحت محکمۂ سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات نے قومی امتحانی ایجنسی (این ٹی اے) کے اشتراک سے شریشٹھا کے قومی داخلہ امتحان (نیٹس) 2027 کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا آغاز کر دیا ہے۔
نشانہ بند علاقوں کے ہائی اسکولوں میں طلبہ کے لیے رہائشی تعلیم کی اسکیم (شریشٹھا) کا مقصد درج فہرست ذاتوں (ایس سی) اور ان خانہ بدوش قبائل (ڈی این ٹی) سے تعلق رکھنے والے ہونہار طلبہ کو، جو درج فہرست ذاتوں، درج فہرست قبائل اور دیگر پسماندہ طبقات کے زمروں میں شامل نہیں ہیں، معروف نجی رہائشی اسکولوں میں داخلے کی سہولت فراہم کرکے معیاری تعلیم سے آراستہ کرنا ہے۔
وزارت کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد نشانہ بند برادریوں کے طلبہ کو سازگار تعلیمی ماحول تک رسائی فراہم کرکے، تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور اپنی مکمل صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے قابل بنا کر تعلیمی خودمختاری کو مستحکم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیاری اسکولی تعلیم تک رسائی سماجی ترقی کے مواقع کو آگے بڑھانے، تعلیمی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے اور ہمہ جہت ترقی کے مواقع پیدا کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شریشٹھا اسکیم کے ذریعے وزارت کا مقصد تعلیمی تفاوت کو دور کرنا اور نشانہ بند برادریوں کے ہونہار طلبہ کو اپنے تعلیمی عزائم کی تکمیل کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ عہدیدار نے کہا کہ یہ اسکیم سماجی تبدیلی، بااختیار بنانے اور جامع سماجی و اقتصادی ترقی کے ایک مؤثر وسیلے کے طور پر تعلیم کو فروغ دینے کے لیے وزارت کے مسلسل عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
عہدیدار نے بتایا کہ شریشٹھا (نیٹس) 2027 کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا عمل 14 نومبر 2026 کو شروع ہوا ہے اور یہ 30 نومبر 2026 (رات 11:50 بجے تک) جاری رہے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ امیدواروں کو اپنے جمع کردہ درخواست فارموں میں ضروری تصحیح کرنے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے 2 دسمبر سے 4 دسمبر 2026 تک تصحیح کی سہولت دستیاب رہے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ شریشٹھا (نیٹس) 2027 کا قومی داخلہ امتحان 10 جنوری 2027 کو منعقد کیا جائے گا۔
عہدیدار نے کہا کہ اہل امیدوار قومی امتحانی ایجنسی (این ٹی اے) کے سرکاری پورٹل https://exams.nta.nic.in/shreshta کے ذریعے اپنے آن لائن درخواست فارم جمع کرا سکتے ہیں۔
عہدیدار نے کہا کہ وزارت تمام اہل امیدواروں کی حوصلہ افزائی کرتی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر اپنی آن لائن رجسٹریشن مکمل کریں اور شریشٹھا اسکیم کے تحت معیاری رہائشی تعلیم حاصل کرنے کے اس موقع سے فائدہ اٹھائیں۔
عہدیدار نے مزید کہا کہ شریشٹھا جیسے ہدف پر مبنی تعلیمی اقدامات کے ذریعے وزارتِ سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات یکساں تعلیمی مواقع کو فروغ دینے، آنے والی نسلوں کو بااختیار بنانے اور وکست بھارت 2047 کے تصور کے مطابق ایک جامع اور مساوی معاشرے کی تعمیر کے اپنے عزم کا اعادہ کرتی رہے گی۔
امتحان اور درخواست کے عمل سے متعلق کسی بھی سوال یا مدد کے لیے امیدوار قومی امتحانی ایجنسی سے اس کے سرکاری ای میل پتے shreshta@nta.ac.in یا ہیلپ لائن نمبروں 011-40759000 / 1800-180-4747 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ امیدوار این ٹی اے کی سرکاری ویب سائٹ www.nta.ac.in پر بھی جا سکتے ہیں۔
****
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-7924