الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ڈیجیٹل انڈیا بھاشنی ڈویژن اور این آئی ای ایل آئی ٹی کے درمیان کثیر لسانی اے آئی، ٹیکنالوجی کی تعلیم اور ڈیجیٹل صلاحیتوں کے فروغ کے لیے مفاہمت نامے کا تبادلہ


بھاشنی فار سیوا/سَنچالن کے تحت شراکت داری - یہ بھاشنی سہیوگی پروگرام ڈیجیٹل معلومات، تکنیکی تعلیم اور ہنرمندی کے فروغ کے مواقع تک کثیر لسانی رسائی کو مستحکم بنانے کے واسطے شروع کیا گیا ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 19 NOV 2026 4:55PM by PIB Delhi

ڈیجیٹل انڈیا کارپوریشن (ڈی آئی سی) کے تحت الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت (ایم ای آئی ٹی وائی)، حکومتِ ہند کے ڈیجیٹل انڈیا بھاشنی ڈویژن (ڈی آئی بی ڈی) اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف الیکٹرانکس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی (این آئی ای ایل آئی ٹی) نے ’بھاشنی فار سیوا/سَنچالن — بھاشنی سہیوگی پروگرام‘ کے تحت کثیر لسانی اے آئی ایپلی کیشنز، ٹیکنالوجی کی تعلیم، تحقیق اور صلاحیت سازی کو فروغ دینے کے واسطے باہمی تعاون کی غرض سے مفاہمت نامے کا تبادلہ کیا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image001_20261119165845_aa1d3b.jpg

دونوں اداروں کے نمائندوں کی موجودگی میں اس مفاہمت نامے کا تبادلہ محترمہ سواتی بشٹ چودھری، سربراہ، ایکو سسٹم انگیجمنٹ، بھاشنی، ڈیجیٹل انڈیا بھاشنی ڈویژن اور ڈاکٹر ایس کے دھرندھر، رجسٹرار، این آئی ای ایل آئی ٹی نے کیا۔

اس تال میل کا مقصد بھاشنی کے مقامی کثیر لسانی اے آئی نظام اور الیکٹرانکس، اطلاعاتی ٹیکنالوجی، تعلیم، تحقیق اور ہنر کے فروغ کے شعبوں میں این آئی ای ایل آئی ٹی کی ادارہ جاتی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاکرہندوستان کے متنوع لسانی منظرنامے میں ڈیجیٹل علم، ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی اور صلاحیت سازی کے اقدامات تک رسائی کو آسان بنانا ہے۔ اس کا ایک اہم مقصد تکنیکی تعلیم اور ڈیجیٹل تعلیم میں زبان کی رکاوٹوں کو کم کرنا ہے، تاکہ مختلف لسانی پس منظر سے تعلق رکھنے والے طلبہ اور سیکھنے والوں کو اپنی پسند کی ہندوستانی زبانوں میں ٹیکنالوجی سے متعلق علم، تربیت اور تعلیمی وسائل تک رسائی حاصل ہو سکے۔

اس مفاہمت نامے کے تحت دونوں ادارے این آئی ای ایل آئی ٹی کے تعلیمی، تربیتی اور ادارہ جاتی نظام میں بھاشنی کی مصنوعی ذہانت سے تقویت یافتہ لسانی ٹیکنالوجی کو شامل کرنے کے امکانات تلاش کریں گے۔ اس اشتراک کے تحت تعلیمی وسائل، تکنیکی نصاب کے مواد، تدریسی مواد اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم تک کثیر لسانی رسائی ممکن بنانے؛ لسانی ٹیکنالوجی کے حل کی تیاری اور انہیں اپنانے میں تعاون؛ مخصوص شعبوں سے متعلق لسانی وسائل فراہم کرنے؛ اور مصنوعی ذہانت پر مبنی ترجمے، تکلم اور دیگر لسانی ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے پر توجہ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ ہندوستان کے مقامی لسانی ٹیکنالوجی کے نظام کو مستحکم بنانے کے واسطے تحقیق، اختراع، لسانی معلومات کے ذخیرے میں تعاون اور صلاحیت سازی کے اقدامات میں باہمی تال میل کی بھی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

اس شراکت داری کے تحت جامع اور قابلِ رسائی تعلیمی ماحول کو فروغ دینے کے واسطے کثیر لسانی اے آئی کے استعمال کے امکانات بھی تلاش کیے جائیں گے، تاکہ طلبہ، اساتذہ، مربی اور محققین زبان کو رکاوٹ بنائے بغیر ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی اور تکنیکی مضامین سے استفادہ کر سکیں۔ کثیر لسانی تعلیمی مواد اور مصنوعی ذہانت سے آراستہ تعلیمی معاونت کی سہولت فراہم کرکے یہ شراکت داری ڈیجیٹل خواندگی، تکنیکی تعلیم اور ہنرمندی کے فروغ کے پروگراموں کے دائرے کو وسیع کرنے میں مدد دے سکتا ہے، ساتھ ہی ہندوستان کے بڑھتے ہوئے ٹیکنالوجی نظام میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کی شرکت کی حوصلہ افزائی بھی کر سکتا ہے۔

بھاشنی فار سیوا/سَنچالن کے ذریعے یہ شراکت داری اس بات کا عملی مظاہرہ کرنے کی بھی کوشش ہوگی کہ کیسے کثیر لسانی اے آئی ادارہ جاتی خدمات کی فراہمی کو مستحکم بنا سکتی ہے اور ٹیکنالوجی پر مبنی تعلیم اور عوامی خدمات سے متعلق ڈیجیٹل سہولتوں کو شہریوں کے لیے اپنی پسند کی ہندوستانی زبانوں میں مزید قابلِ رسائی بنا سکتی ہے۔ اس شراکت داری کے ذریعے طلبہ، اساتذہ، محققین، ٹیکنالوجی کے ماہرین اور دیگر متعلقہ فریقوں میں کثیر لسانی اے آئی کے بارے میں بیداری پیدا کرنے، اسے اپنانے اور اس کے عملی استعمال کو فروغ دینے کے مواقع بھی فراہم ہوں گے۔

توقع ہے کہ اس شراکت داری سے ہندوستان کے لسانی ٹیکنالوجی کے نظام اور ٹیکنالوجی کی تعلیم و ہنرکے فروغ سے وابستہ اداروں کے درمیان باہمی تعاون مستحکم ہو گا، کثیر لسانی اے آئی کے شعبے میں اختراع اور تحقیق کی حوصلہ افزائی ہو گی اور ڈیجیٹل تعلیم و صلاحیت سازی کے مواقع تک رسائی کو وسعت ملے گی۔ یہ حکومتِ ہند کے ایک جامع، ڈیجیٹل طور پر بااختیار اور ٹیکنالوجی کے لحاظ سے ترقی یافتہ ملک کی تعمیر کے تصور سے ہم آہنگ ہے اور وکست بھارت 2047 کے وسیع تر مقصد کے حصول میں معاون ثابت ہوگی۔

محترمہ سواتی بشٹ چودھری، سربراہ، ایکو سسٹم انگیجمنٹ، ڈیجیٹل انڈیا بھاشنی ڈویژن نے کہا:’’بھاشنی اور این آئی ای ایل آئی ٹی کے درمیان یہ شراکت داری ہندوستان کی لسانی مصنوعی ذہانت کی صلاحیتوں اور ٹیکنالوجی کی تعلیم، تحقیق اور ہنرکے فروغ کے شعبوں میں ادارہ جاتی قوتوں کو یکجا کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ کثیر لسانی مصنوعی ذہانت سے استفادہ کرکےہمارا مقصد ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل علم اور صلاحیت سازی کے مواقع تک رسائی کو زیادہ آسان اور جامع بنانا ہے، ساتھ ہی اختراع کو فروغ دینا اور ہندوستان کے مقامی ٹیکنالوجی کے نظام کو مستحکم کرنا بھی ہے۔ یہ شراکت داری ڈیجیٹل طور پر بااختیار اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ ملک کی تعمیر اور وکست بھارت 2047 کے تصور کو آگے بڑھانے کے ہمارے مشترکہ عزم کو مزید تقویت دیتی ہے، جہاں زبان مواقع کی راہ ہموار کرنے کا ذریعہ ہو، نہ کہ رکاوٹ۔‘‘

ڈیجیٹل انڈیا بھاشنی ڈویژن (ڈی آئی بی ڈی) کے بارے میں

ڈیجیٹل انڈیا کارپوریشن (ڈی آئی سی) اور الیکٹرانکس و اطلاعاتی ٹیکنالوجی کی وزارت (ایم ای آئی ٹی وائی) کے تحت کام کرنے والا ڈیجیٹل انڈیا بھاشنی ڈویژن (ڈی آئی بی ڈی)، مصنوعی ذہانت پر مبنی کثیر لسانی ڈیجیٹل شمولیت کی خاطر ہندوستان کی قومی پہل ہے۔ نیشنل ہب فار لینگویج ٹیکنالوجی (این ایچ ایل ٹی) کے ذریعے بھاشنی 800 سے زائد سرکاری ویب سائٹس کو تقویت فراہم کرتا ہے، اب تک 11 ارب سے زیادہ اے آئی اِنفرنسز کوفعال بنا چکا ہے، روزانہ 2 کروڑ 40 لاکھ سے زیادہ اے آئی اِنفرنسز انجام دیتا ہے اور ہندوستان کی 36 تحریری زبانوں، 23 صوتی زبانوں اور 35 بین الاقوامی زبانوں کی معاونت کرتا ہے۔ ڈی آئی بی ڈی تحقیق، اوپن انوویشن، معلوماتی ذخائر، اسٹارٹ اَپس اور تعلیمی اشتراک کے ذریعے کثیر لسانی اے آئی کو بھی فروغ دیتا ہے، جس سے ہندوستان کے ڈیجیٹل عوامی بنیادی ڈھانچے (ڈی پی آئی) کو مزید استحکام حاصل ہوتا ہے۔

******

( ش ح ۔ م ش ع ۔ م ا )

UR No-7912

                         


(ریلیز آئی ڈی: 2338619) وزیٹر کاؤنٹر : 5
یہ ریلیز پڑھیں: English