پوسٹ کرنے کی تاریخ:
19 NOV 2026 4:42PM by PIB Delhi
بھارت اور ملائیشیا کے درمیان مشترکہ فوجی مشق ’ہری ماؤ شکتی‘ کے چھٹے ایڈیشن کا آج ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں آغاز ہوا۔ یہ مشق 19 سے 30 نومبر 2026 تک منعقد کی جائے گی۔
اس مشق میں دونوں ممالک کے دستوں میں 120، 120 اہلکار شامل ہیں۔ ’ہری ماؤ شکتی‘ ایک دو طرفہ فوجی تربیتی مشق ہے، جو باری باری بھارت اور ملائیشیا میں منعقد کی جاتی ہے۔
اس مشق کا مقصد اقوام متحدہ کے منشور کے باب سات کے تحت ذیلی روایتی کارروائیوں کی انجام دہی کی مشترکہ مشق کرنا ہے، جس میں انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں کے دوران باہمی ردِعمل میں ہم آہنگی پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اس مشق میں جنگلاتی اور نیم شہری علاقوں میں مربوط کارروائیوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی، جس کے تحت مشترکہ منصوبہ بندی، حکمتِ عملی کی سطح پر تال میل اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے استعمال کو شامل کیا جائے گا، تاکہ باہمی تعاون کی صلاحیت اور آپریشنل اثرات کو بہتر بنایا جا سکے۔
یہ مشق مرحلہ وار منعقد کی جائے گی، جس کا آغاز ایک دوسرے کی عملیاتی طریقۂ کار سے واقفیت حاصل کرنے اور مشترکہ تربیت سے ہوگا، جس کے بعد مشترکہ حکمتِ عملی سے متعلق مشقیں کی جائیں گی۔ تربیتی سرگرمیوں میں مشترکہ کمانڈ پوسٹ اور نگرانی مرکز کا قیام، انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں، چھاپے مارنے، محاصرہ کرکے تلاشی لینے کی کارروائیاں اور جنگی انجینئرنگ کی مشقیں شامل ہوں گی۔ اس کے علاوہ، نگرانی اور جاسوسی کے لیے بغیر پائلٹ کے فضائی نظام (یو اے ایس) کے مربوط استعمال کے ساتھ ساتھ دشمن کے ڈرون کا پتہ لگانے اور انہیں ناکارہ بنانے کے لیے بغیر پائلٹ کے فضائی نظاموں کے خلاف جوابی صلاحیتوں (سی-یو اے ایس) پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔
اس مشق کا اختتام انسدادِ دہشت گردی کے ایک فرضی منظرنامے پر مبنی مشترکہ توثیقی مشق کے ساتھ ہوگا، جس میں زمینی کارروائیوں میں تال میل، مربوط نگرانی اور بغیر پائلٹ کے نظاموں کا استعمال شامل ہوگا۔
مشترکہ فوجی مشق ’ہری ماؤ شکتی‘ دونوں ممالک کی افواج کو حکمتِ عملی، تکنیک اور طریقۂ کار کے حوالے سے بہترین طور طریقوں کے تبادلے کا موقع فراہم کرے گی، جس سے باہمی تعاون کی صلاحیت اور ایک دوسرے کے تئیں افہام و تفہیم کو فروغ حاصل ہوگا۔ اس مشق سےبھارت اور ملائیشیا کے درمیان دفاعی تعاون اور دو طرفہ فوجی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں مدد ملے گی۔


****
(ش ح ۔رک)
U. No.7909