پوسٹ کرنے کی تاریخ:
19 NOV 2026 3:35PM by PIB Delhi
پنچایتی راج کی وزارت کی سوامِتو اسکیم سے متعلق جائزہ میٹنگ 20 نومبر 2026 کو نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں منعقد کی جائے گی۔ اس میٹنگ کی صدارت پنچایتی راج، ماہی پروری، مویشی پروری اور ڈیری کے مرکزی وزیر جناب راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ کریں گے۔ اس میٹنگ میں مرکزی وزیر مملکت برائے پنچایتی راج اور ماہی پروری، حیوانات و ڈیری، پروفیسر ایس پی سنگھ بگھیل بھی موجود رہیں گے۔ اس موقع پر پنچایتی راج کی وزارت کے سکریٹری ڈاکٹر ونیت جوشی، وزارت کے سینئر افسران، اسکیم کے نفاذ سے وابستہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے وزراء، متعلقہ نوڈل محکموں کے پرنسپل سکریٹریز، سکریٹریز اور کمشنرز، ہندوستان کے سروے جنرل اور محکمہ سروے آف انڈیا کے افسران بھی شرکت کریں گے۔
اس جائزہ میٹنگ میں ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو ڈرون سروے، نقشوں کی زمینی تصدیق اور پراپرٹی کارڈ جاری کرنے کے شعبوں میں اپنی پیش رفت، کامیابیوں اور بہترین طریقۂ کار کو مشترکہ طور پر پیش کرنے کا موقع ملے گا۔
اس میٹنگ کا مقصد مقررہ مدت کے اندر سوامِتوا اسکیم کے صد فیصد اہداف حاصل کرنے کے لیے ایک مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنا اور مرکز و ریاستوں کے درمیان تال میل کو مزید مضبوط بنانا ہے تاکہ ہر اہل دیہی خاندان کو جائیداد کے محفوظ حقوق فراہم کیے جا سکیں اور ترقی یافتہ ہندوستان کے عزم کو حقیقت میں بدلنے میں تعاون دیا جا سکے۔
سوامِتوا اسکیم کے بارے میں
وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے 24 اپریل 2020 کو قومی یومِ پنچایتی راج کے موقع پر سوامِتوا اسکیم کا آغاز کیا تھا۔ اس اسکیم کا مقصد ڈرون اور جی آئی ایس (جغرافیائی معلوماتی نظام) ٹیکنالوجی کے ذریعے دیہی آبادی والی زمینوں کا سروے کرکے جائیداد کے مالکان کو ملکیت کے دستاویزات فراہم کرنا ہے۔
اس اسکیم پر ریاستوں، مرکز کے زیر انتظام علاقوں اور محکمہ سروے آف انڈیا کے تعاون سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق 3.31 لاکھ سے زیادہ گاؤں میں ڈرون سروے مکمل کیا جا چکا ہے۔ تقریباً 2.13 لاکھ گاؤں کے لیے 3.45 کروڑ پراپرٹی کارڈ تیار کیے گئے ہیں۔
اس اسکیم نے ہریانہ، اتراکھنڈ، پڈوچیری، گوا، تریپورہ، دادرا اور نگر حویلی و دمن اور دیو، لکشدیپ، اوڈیشہ، دہلی اور انڈمان و نکوبار جزائر میں صد فیصد ہدف حاصل کر لیا ہے۔
دیہی خاندان پراپرٹی کارڈ کے ذریعے اپنی جائیداد کو قرض حاصل کرنے کے لئے ضمانت کے طور پر استعمال کرنے کے قابل ہوئے ہیں۔ ان کارڈز کی بنیاد پر تقریباً 1,769 کروڑ روپے کے 16,614 قرضے حاصل کیے گئے ہیں۔
اس اسکیم نے جائیداد سے متعلق تنازعات کو کم کرنے، جی آئی ایس نقشوں کے ذریعے گاؤں کی سطح پر بہتر منصوبہ بندی کو فروغ دینے اور خواتین کو جائیداد کی ملکیت فراہم کرنے کی حوصلہ افزائی کرکے ان کے معاشی تحفظ کو مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔

***
ش ح۔ ک ا۔ ف ر
U.NO.7903