ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
19 NOV 2026 2:10PM by PIB Delhi
ماحولیات، جنگلات اور ماحولیاتی تبدیلی کے مرکزی وزیر جناب بھوپیندر یادو نے آج ترکیہ کے شہر انطالیہ سے دہلی-این سی آر میں فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے موسمِ سرما کے عملی منصوبوں کی تیاریوں اور ان پر عمل درآمد کا جائزہ لینے کی غرض سے دہلی، غازی آباد، نوئیڈا، گروگرام اور فرید آباد کے بلدیاتی اداروں کے ساتھ ورچوئل میٹنگ کی صدارت کی۔ اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ موسمِ سرما کے موجودہ حالات میں زمینی سطح پر واضح اور مسلسل اقدامات کی ضرورت ہے، وزیر موصوف نے متعلقہ عوامی نمائندوں اور افسران سے اپیل کی کہ وہ سختی سے ضابطوں پر عمل درآمد، روزانہ نگرانی اور ہر سطح پر واضح جوابدہی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ طرزِ حکمرانی کو بتدریج عوام پرمرکوز اور عوام کے لیے سہولت بخش بنایا جانا چاہیے، ساتھ ہی اس بات کا بھی خیال رکھا جائے کہ آلودگی پر قابو پانے کے اقدامات کے دوران شہریوں میں بلاوجہ خوف و ہراس پیدا نہ ہو۔
اس میٹنگ میں ماحولیات، جنگلات اور ماحولیاتی تبدیلی کےمرکزی وزیر مملکت جناب کیرتی وردھن سنگھ؛ سکریٹری (ایم او ای ایف سی سی) جناب نریندر بھوشن؛ چیئرپرسن (سی اے کیو ایم) جناب راجیش ورما؛ سکریٹری (محکمہ ترقیِ دارالحکومت، وزارتِ ہاؤسنگ و شہری امور) محترمہ ڈی۔ تھارا؛ ڈائریکٹر جنرل اور خصوصی سکریٹری (ایم او ای ایف سی سی) جناب سنتوش تیواری؛ ایڈیشنل سکریٹری (ایم او ای ایف سی سی) اور چیئرپرسن (سی پی سی بی) ڈاکٹر امن دیپ گرگ؛ متعلقہ میونسپل کارپوریشنوں کے میئر اور کمشنر، نوئیڈا اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور متعلقہ ریاستی حکومتوں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔میٹنگ میں سی اے کیو ایم کے ممبر سکریٹری جناب ترون پیتھوڈے نے این سی آر کے مختلف شہروں میں ہونے والی پیش رفت کی تفصیلات پیش کیں، جبکہ سی اے کیو ایم کے چیئرپرسن نے عملی سطح پر ایکشن پلان کے نفاذ اور مختلف شعبوں میں کیے جانے والے آئندہ اقدامات کا جائزہ پیش کیا۔

جناب بھوپیندریادو نے ضوابط کی خلاف ورزیوں پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئےمیونسپل کارپوریشنوں کو ہدایت دی کہ وہ بلدیاتی کوڑے، سوکھے پتوں اور حیاتیاتی مادّوں کو کھلے عام جلانے پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائیں اور خلاف ورزی کرنے والوں پر فوری جرمانے عائد کرنے اور سخت کارروائی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے ہر وارڈ میں فوری کارروائی کرنے والی ٹیمیں (کوئک رسپانس ٹیم) تشکیل دینے پر زور دیا تاکہ چند گھنٹوں کے اندر شکایات کا ازالہ کیا جا سکے، نیز ضابطوں پر عمل درآمد میں ناکامی کی صورت میں متعلقہ افسران کی جوابدہی بھی طے کی جائے۔ انہوں نے روزانہ پیدا ہونے والے فضلات کی مکمل تلفی اور پرانے کوڑے کے ڈھیروں کو مقررہ مدت میں تیزی سے ٹھکانے لگانے کے لیے فوری اصلاحی اقدامات کرنے کی بھی ہدایت دی، بالخصوص بھیلسوا اور اوکھلا میں کوڑا کرکٹ کے بڑے مراکز پر خصوصی توجہ دینے پر زور دیا۔ مربوط اور لا مرکزی طرزِ حکمرانی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے، وزیر موصوف نے میئروں کی جانب سے وارڈ کی سطح پر باقاعدگی سے جائزہ لینے اور مقررہ افسران کی نگرانی میں مخصوص واٹس ایپ گروپ تشکیل دینے کی اپیل کی، تاکہ شکایات کا ازالہ مقررہ وقت میں یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے بلدیاتی اداروں پر زور دیا کہ وہ این سی آر کے کامیاب اقدامات سے سیکھیں اور انہیں دوسرے علاقوں میں بھی نافذ کریں۔ ان اقدامات میں میونسپل کارپوریشن دہلی کی ’ملبہ ایپ‘، میونسپل کارپوریشن فرید آباد کی ’پوٹہول ایمبولینس‘، میونسپل کارپوریشن گروگرام کی جانب سے سروے کے ذریعے صفائی کارکنوں کی شناخت اور غازی آباد نگر نگم کا تعمیراتی و انہدامی ملبے (سی اینڈ ڈی ویسٹ) سے متعلق قابلِ اشتراک پورٹل شامل ہیں۔
جناب بھوپیندریادو نے سڑکوں کی گردوغبار پر قابو پانے کے اقدامات کے ضمن میں بلدیاتی اداروں کو سڑکوں کی مرمت کا کام تیز کرنے، مشینی طریقے سے سڑکوں کی صفائی کرنے والی مشینوں (ایم آر ایس ایم) کی تعداد اور صلاحیت میں ہنگامی بنیادوں پر اضافہ کرنے اور موسمِ سرما کے دوران دو شفٹوں میں کام کاج انجام د ینے سمیت ان مشینوں کا مکمل استعمال یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے جی پی ایس کے ذریعے نگرانی، مربوط کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (آئی سی سی سی) کے توسط سے نگرانی اور سڑکوں کے کناروں سے گردوغبار، گاد اور تعمیراتی ملبے کو روزانہ ہٹانے پر زور دیا۔ وزیر موصوف نے گروگرام میں سڑکوں کی ترقی اور گردوغبار پر قابو پانے کے اقدامات کے لیے پیشگی منصوبہ بندی کی ضرورت پر بھی زور دیا، جس میں پی ایم 10 آلودگی پر قابو پانے کے لیے نشان زدہ کھلی جگہوں پر شجرکاری بھی شامل ہے۔ انہوں نے تعمیراتی اور انہدامی ملبے کے مقامات میں گردوغبار پر قابو پانے کے ضابطوں پر سختی سے عمل درآمد، گاڑیوں کے پہیوں کی دھلائی کے انتظامات کو فعال بنانے اور باقاعدگی سے معائنہ کرنے کی ہدایت دی۔ اس کے ساتھ ہی ضابطوں کی سنگین خلاف ورزی کرنے والے مقامات کے خلاف سخت کارروائی، بشمول انہیں بند کرنے کے اقدامات پر بھی زور دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ مقصد یہ ہونا چاہیے کہ تعمیراتی مقامات اور ان کے آس پاس گردوغبار بالکل نظر نہ آئے۔ وزیر موصوف نے ٹھوس فضلات کے نظم سے متعلق قواعد کے بارے میں عوامی بیداری بڑھانے اور دہلی کے نمونے کے مطابق زیادہ مقدار میں کوڑا پیدا کرنے والوں کی پیشگی شناخت یقینی بنانے کی بھی اپیل کی۔
جناب بھوپیندریادو نے آلودگی کے ہاٹ اسپاٹ پر قابو پانے اور گریپ کے نفاذ کا جائزہ لیتے ہوئے بلدیاتی اداروں کو ہدایت دی کہ وہ مخصوص نوڈل افسران مقرر کریں اور ہر ہاٹ اسپاٹ کے لیے الگ عملی منصوبے تیار کریں، جن کا میئروں اور نامزد افسران کے ذریعے باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے گریپ کے نافذ مرحلے کے تحت لاگو تمام اقدامات پر بلااستثنیٰ سختی سے عمل درآمد کرنے پر زور دیا۔ ادارہ جاتی جوابدہی پر زور دیتے ہوئے، وزیر موصوف نے ضلع کلکٹروں کو ہدایت دی کہ وہ بلدیاتی اداروں کی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیں اور پیچھے رہ جانے والے اداروں کے خلاف اصلاحی کارروائی کریں۔ انہوں نے وزارتِ ماحولیات، جنگلات اور ماحولیاتی تبدیلی (ایم او ای ایف سی سی) اور وزارتِ ہاؤسنگ و شہری امور (ایم او ایچ یو اے) کے سکریٹریوں کے علاوہ سی اے کیو ایم اور سی پی سی بی کے چیئرپرسن سے بھی اپیل کی کہ وہ این سی آر کے مختلف شہروں کی میونسپل کارپوریشنوں اور بلدیاتی اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیں، تاکہ ہدایات پر زمینی سطح پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔

اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ جوابدہی کے نتیجے میں قابلِ پیمائش نتائج سامنے آنے چاہئیں، وزیر موصوف نے متعلقہ افسران سے اپیل کی کہ وہ حقیقی وقت میں عوامی شکایات کی نگرانی کریں اور شکایات کا ازالہ کرنے اور موقع پر اس کی تصدیق کرنے کے بعد ہی انہیں حل شدہ قرار دیں۔ انہوں نے متعلقہ فریقوں کی شمولیت سے عوامی بیداری کی وسیع مہمات چلانے پر بھی زور دیا۔ موسمِ سرما کے پورے عرصے میں مسلسل کوششیں جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے، جناب بھوپیندریادو نے کہا کہ ہر وارڈ میں روزانہ کی بنیاد پر واضح عملی اقدامات نظر آنے چاہئیں، جنہیں ضابطوں پر سختی سے عمل درآمد، مسلسل نگرانی، عوامی شمولیت اور جوابدہی کا تعاون حاصل ہو۔
******
( ش ح ۔ م ش ع ۔ م ا )
UR No-7894