پوسٹ کرنے کی تاریخ:
17 NOV 2026 11:04AM by PIB Delhi
وزارت محنت و روزگار نے اپنی جاری رابطہ کاری اور متعلقہ فریقوں کی شمولیت سے متعلق سرگرمیوں کے تحت مدھیہ پردیش حکومت کے محکمۂ محنت کے اشتراک سے 17 نومبر 2026 کو مدھیہ پردیش کے سنگرولی میں’شرم سمواد‘کے عنوان سے لیبر کوڈز سے متعلق ضلعی سطح کے صلاحیت سازی اور بیداری پروگرام کا انعقاد کیا۔
اس پروگرام کا مقصد ملازمت فراہم کرنے والے اور صنعتی شعبے سے وابستہ متعلقہ فریقوں میں چار لیبر کوڈز کے بارے میں بیداری پیدا کرنا تھا۔ جو 21 نومبر 2025 سے نافذ العمل ہوئے، نیز 8 مئی 2026 کو مطلع کیے گئے مرکزی قواعد سے بھی آگاہ کرنا تھا۔ پروگرام میں محنت سے متعلق نئے قانونی نظام کی اہم دفعات، ان پر عمل درآمد کے تقاضوں اور حکومت کے مختلف سماجی تحفظ کے اقدامات پر توجہ مرکوز کی گئی۔

اس پروگرام میں مختلف شعبوں کی نمائندگی کرنے والے تقریباً 120 شرکاء نے حصہ لیا۔ جن میں ملازمت فراہم کرنے والے، صنعتی شعبے کے نمائندے، انسانی وسائل کے ماہرین، قانونی ماہرین، مالیاتی امور کے ماہرین اور محنت و روزگار کے نظام سے وابستہ دیگر متعلقہ فریق شامل تھے۔
اس پروگرام میں متعدد تکنیکی اجلاس منعقد کیے گئے۔ جن کا مقصد شرکاء کو لیبر کوڈز، ملازمت فراہم کرنے والے( آجروں )کی ذمہ داریوں، قانونی ضوابط پر عمل درآمد کے تقاضوں اور سماجی تحفظ کی اہم اسکیموں کے بارے میں عملی معلومات فراہم کرنا تھا۔

’شرم سمواد‘ کے اس پروگرام کی قیادت وزارت محنت و روزگار کے ڈپٹی سکریٹری جناب سنجے راوت نے کی۔ تکنیکی اجلاسوں میں چاروں لیبر کوڈز کا جامع جائزہ پیش کیا گیا اور ان کے تحت آجروں کے لیے عمل درآمد سے متعلق اہم تقاضوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔ اس کے ساتھ ہی قانونی ذمہ داریوں اور ضوابط پر عمل درآمد سے متعلق فرائض کے بارے میں عملی رہنمائی بھی فراہم کی گئی۔ دو اجلاسوں میں بالترتیب پردھان منتری وِکست بھارت روزگار یوجنا (پی ایم وی بی آر وائی) اور پردھان منتری شرم یوگی مان دھن (پی ایم-ایس وائی ایم) اسکیم پر بھی توجہ مرکوز کی گئی۔
اس کے بعد سوال و جواب کا ایک باہمی بات چیت کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں شرکاء کو مقررین سے براہ راست تبادلۂ خیال کرنے اور لیبر کوڈز کے مختلف پہلوؤں، قانونی ضوابط پر عمل درآمد کے تقاضوں اور سماجی تحفظ کی اسکیموں سے متعلق اپنے سوالات کے جوابات اور وضاحتیں حاصل کرنے کا موقع ملا۔

’شرم سمواد‘ پروگرام نے صلاحیت سازی، بیداری پیدا کرنے اور متعلقہ فریقوں کی شمولیت کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کیا۔ جس کے ذریعہ آجروں اور صنعتی شعبے کے نمائندوں کو محنت سے متعلق نئے قانونی نظام اور اس پر عمل درآمد کے تقاضوں کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد ملی۔ اس طرح کی رابطہ کاری کی سرگرمیوں کا مقصد متعلقہ فریقوں کی باخبر شرکت کو آسان بنانا اور لیبر کوڈز کے مؤثر نفاذ میں تعاون فراہم کرنا ہے۔
*****
( ش ح ۔ م ح۔ع د)
U. No. 7883