پوسٹ کرنے کی تاریخ:
19 NOV 2026 1:02PM by PIB Delhi
مرکزی وزارتِ صحت اور خاندانی بہبود نے ادویہ ساز مصنوعات کے لیے ذخیرہ کرنے اور تقسیم کے بہتر طریقۂ کار (جی ایس ڈی پی)سے متعلق رہنما اصولوں کو ادویات کے ضابطے، 1945 میں شامل کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ اس تجویز کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ادویہ ساز مصنوعات کا معیار، تحفظ، افادیت اورمعتبریت تقسیم کے پورے سلسلے کے دوران برقرار رہے، یعنی تیار کنندہ یا درآمد کنندہ سے لے کر مریض کو دوا فراہم کیے جانے تک ان تمام پہلوؤں کا خیال رکھا جائے۔
مجوزہ نظام مرکزی ادارہ برائے ادویات کے معیارات اور ضابطہ جاتی کنٹرول (سی ڈی ایس سی او) کے تیار کردہ ذخیرہ کرنے اور تقسیم کے بہتر طریقۂ کار سے متعلق رہنما اصولوں پر مبنی ہے۔ ان رہنما اصولوں کا مقصد تقسیم کے عمل کے ہر مرحلے پر ادویہ ساز مصنوعات کے معیار اور ان کی اصل شناخت کو یقینی بنانا ہے۔ ان مراحل میں خریداری، حصول، ذخیرہ کرنے، تقسیم، نقل و حمل، دستاویزات کی تیاری اور ریکارڈ کا محفوظ رکھ رکھاؤ شامل ہے۔
ادویہ ساز مصنوعات کے معیار اورمعتبریت کو تیاری کے مرحلے کے بعد بھی برقرار رکھنے کے لیے ذخیرہ کرنے اور تقسیم کے دوران مناسب حالات کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ مجوزہ جی ایس ڈی پی فریم ورک کا مقصد سپلائی چین کے مختلف مراحل میں ادویات کے نقل وحمل اور ان کی دیکھ بھال سے وابستہ ممکنہ خطرات کی روک تھام کرنا ہے۔ ان خطرات میں ادویات کا خراب ہونا، آلودگی، ادویات کا باہم خلط ملط ہونا، نقلی ادویات کی تیاری یا فراہمی، غیر مجاز مقاصد کے لیے ادویات کی منتقلی اور غیر مجاز تقسیم شامل ہیں۔
ادویات کے ضابطے، 1945 میں ذخیرہ کرنے اور تقسیم کے بہتر طریقۂ کار (جی ایس ڈی پی) سے متعلق تقاضوں کو شامل کیے جانے سے ادویہ ساز مصنوعات کی تقسیم کے نظام کو منضبط کرنے والے ضابطہ جاتی ڈھانچے کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔ اس سے مرکزی اور ریاستی ادویات کنٹرول کرنے والے اداروں کی جانب سے مؤثر نگرانی، معائنہ اور ضابطوں کے نفاذ کو بھی تقویت ملے گی۔ اس کے علاوہ دستاویزات کی مناسب تیاری، ریکارڈ کے رکھ رکھاؤ اور ادویات کی نقل و حمل کے بارے میں پتہ لگانے کے نظام کو فروغ ملے گا، ساتھ ہی تیار کنندگان، درآمد کنندگان، تھوک فروشوں، تقسیم کاروں، ذخیرہ کنندگان اور تقسیم کے عمل سے وابستہ دیگر اداروں کی جواب دہی بھی بڑھے گی۔
مجوزہ رہنما اصول اس امر کو مزید یقینی بنائیں گے کہ ذخیرہ کرنے اور نقل و حمل کے دوران ادویہ ساز مصنوعات کا معیار اور ماحول سے متعلق مقررہ شرائط برقرار رہیں۔ اس طرح ادویات کے خراب ہونے، آلودگی، باہم خلط ملط ہونے،نقلی ادویات کی تیاری یا فراہمی، غیر مجاز مقاصد کے لیے منتقلی اور غیر مجاز تقسیم کے خطرات کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ اس کے نتیجے میں مریضوں اور صحت کی دیکھ بھال فراہم کرنے والوں کو یقینی معیار کی ادویہ ساز مصنوعات کی دستیابی میں سہولت ہوگی۔
یہ مجوزہ ترمیم ہندوستان کے ادویہ ساز مصنوعات کے معیار کے انتظامی نظام کو مزید مستحکم بنانے اور اس بات کو یقینی بنانے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے کہ ادویات کی تیاری کے مرحلے میں قائم کیا گیا معیار سپلائی چین کے تمام مراحل میں برقرار رہے اور مصنوعات مریض تک پہنچنے تک ان کا معیار متاثر نہ ہو۔
تمام متعلقہ فریقوں اور عوام سے درخواست ہے کہ وہ اس سلسلے میں اپنے اعتراضات اور تجاویز، اگر کوئی ہوں، تو حکومتِ ہند کی وزارتِ صحت اور خاندانی بہبود کے انڈر سکریٹری (ڈرگس ریگولیشن)، یو-6، ورک ہال، سی ونگ، پہلی منزل، کرتویہ بھون-1، نئی دہلی-110001 کے پتے پر یا ای میل کے ذریعے drugsdiv-mohfw[at]gov[dot]in ارسال کریں۔
سرکاری گزٹ درج ذیل لنک پر ملاحظہ کیا جا سکتا ہے:
https://egazette.gov.in/(S(v14ga5sxvesv0yfxhdm40iu0))/ViewPDF.aspx
********
ش ح۔ ش ب ۔ ص ج
Urdu_Release_7887