پوسٹ کرنے کی تاریخ:
16 NOV 2026 3:23PM by PIB Delhi
ہیڈکوارٹرزانٹیگریٹڈ ڈیفنس اسٹاف (ایچ کیو آئی ڈی ایس) اور ہیڈکوارٹرز ساؤتھ ویسٹرن ایئر کمانڈ (ایچ کیو ایس ڈبلیو اے سی) کی رہنمائی میں ہندوستانی دفاعی افواج، قومی ایجنسیوں اور دوست غیر ملکی ممالک (ایف ایف سیز) کے اشتراک سے 17 سے 19 نومبر 2026 تک ایئر فورس اسٹیشن جام نگر میں کثیر ملکی انسانی امداد اور آفات سے متعلق راحت رسانی (ایچ اے ڈی آر) کی مشق ’سہایتا سیتو‘ کا انعقاد کریں گی۔ حکومت ہند کی ہدایات کے مطابق منصوبہ بند اس مشق کا انعقاد ہندوستانی فضائیہ، ایچ کیو آئی ڈی ایس کی سرپرستی میں ایک مربوط نظام کے تحت کرے گی۔
اس مشق کا مقصد اجتماعی تیاریوں کو مضبوط بنانا، باہمی تال میل اور اشتراک کی صلاحیت کو بہتر بنانا اور تکنیکی اختراعات کے ذریعے آفات سے نمٹنے کے لیے مربوط اقدامات کو فروغ دینا ہے۔ اس مشق کا مشاہدہ چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس)، چیف آف دی ایئر اسٹاف (سی اے ایس)، ہندوستانی دفاعی افواج کے دیگر سربراہان اور ممتاز شخصیات کریں گی۔ ان کی موجودگی اس مشق کی قومی اہمیت اور بین الاقوامی تعاون، آفات سے نمٹنے کی تیاریوں اور اجتماعی طور پر حالات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت کے تئیں ہندوستان کے عزم کو اجاگر کرتی ہے۔
چونکہ آفات جغرافیائی سرحدوں کی پابند نہیں ہوتیں، اس لیے انسانی جانیں بچانے کے لیے بروقت امداد، مؤثر تال میل اور مختلف ممالک اور ایجنسیوں کے درمیان بلارکاوٹ تعاون نہایت اہم ہے۔ فضائی نقل و حمل کی اپنی اسٹریٹجک صلاحیت، فوری ردعمل کی قوت اور آفات کے دوران راحت رسانی کی کارروائیوں میں وسیع تجربے کے باعث ہندوستانی فضائیہ ہنگامی حالات میں شہری انتظامیہ کی مدد کرنے اور انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
اپنے عملی مقاصد سے آگے بڑھ کر مشق ’سہایتا سیتو‘ بین الاقوامی دوستی، یکجہتی اور مشترکہ ذمہ داری کے احساس کو فروغ دے گی۔ یہ مشق عملی مہارت کے اعلیٰ معیار، بین الاقوامی تعاون اور انسانی خدمت کے تئیں شریک ممالک کے عزم کا اعادہ کرتی ہے اور اس اصول کو تقویت دیتی ہے کہ آفات کے دوران پیشگی تیاری، باہمی شراکت داری اور بروقت کارروائی زندگی اور موت کے درمیان فرق پیدا کر سکتی ہے۔
*****
( ش ح ۔ م ح۔ع د)
U. No. 7882