محنت اور روزگار کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

‘شرم سمواد’: گجرات کے بھاؤ نگر میں لیبر کوڈز سے متعلق ضلعی سطح پر صلاحیت سازی اور بیداری پروگرام کا انعقاد

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 19 NOV 2026 11:29AM by PIB Delhi

محنت اور روزگار کی وزارت، حکومتِ ہند اور محکمۂ محنت، حکومتِ گجرات نے مشترکہ طور پر سردار ہال، مہوا، ضلع بھاؤ نگر میں لیبر کوڈز، محنت کشوں کی فلاح و بہبود اور سماجی تحفظ کے موضوع پر ضلعی سطح پر صلاحیت سازی اور بیداری پروگرام ’’شرم سمواد‘‘ کا انعقاد کیا۔ اس پروگرام میں تقریباً 150 افراد نے شرکت کی، جن میں سرکاری افسران، آجرین، صنعتی اداروں کے نمائندے، مہوا ڈی ہائیڈریشن ایسوسی ایشن کے ارکان اور دیگر متعلقہ فریق شامل تھے۔

اس پروگرام کا مقصد چاروں لیبر کوڈز اور ان سے متعلق مرکزی حکومت اور حکومتِ گجرات کے قابلِ اطلاق قواعد کے بارے میں بیداری اور سمجھ بوجھ کو فروغ دینا تھا۔ اس میں آجروں کی جانب سے قواعد پر عمل درآمد کی عملی ذمہ داریوں، محنت کشوں کے حقوق، ان کی فلاح و بہبود اور سماجی تحفظ پر توجہ مرکوز کی گئی۔ ساتھ ہی مرکزی حکومت کے نمائندوں، گجرات کی محکمۂ محنت کی انتظامیہ اور مقامی صنعتی شعبے سے وابستہ متعلقہ فریقوں کے درمیان تبادلۂ خیال کے لیے ایک پلیٹ فارم بھی فراہم کیا گیا۔ یہ پروگرام خاص طور پر مہوا کے صنعتی ماحول کے تناظر میں اہمیت کا حامل تھا، جہاں سبزیوں اور پھلوں کو خشک کرنے والی صنعتیں بھی قائم ہیں۔

محترمہ ایس ایس مکوان، ڈپٹی لیبر کمشنر، راجکوٹ نے ابتدائی کلمات پیش کیے اور پروگرام کے اغراض و مقاصد کا پس منظر بیان کیا۔ کلیدی خطاب حکومتِ ہند کی وزارتِ محنت و روزگار کے مشیر ڈاکٹر آر جی مینا نے کیا، جس میں انہوں نے لیبر کوڈز کے خاکے اور مقاصد کو اجاگر کیا۔ ڈاکٹر مینا نے پہلے تکنیکی اجلاس کی قیادت بھی کی اور چاروں لیبر کوڈز کا جائزہ پیش کرتے ہوئے نئے قانون سازی کے نظام کے تحت متعارف کرائی گئی وسیع تر اصلاحات کی وضاحت کی۔

اس کے بعد لیبر کوڈز اور مرکزی و ریاستی قواعد کے تحت آجروں کے لیے اہم قانونی تقاضوں اور ان پر عمل درآمد سے متعلق تفصیلی تکنیکی اجلاس منعقد کیے گئے۔

پروگرام میں پردھان منتری وکست بھارت روزگار یوجنا (پی ایم وی بی آر وائی) پر ایک اجلاس بھی منعقد کیا گیا، جبکہ ایک اور اجلاس پردھان منتری شرم یوگی مان دھن (پی ایم ایس وائی ایم) کے موضوع پر تھا۔ ان اجلاسوں کی قیادت بالترتیب ایمپلائز پروویڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن (ای پی ایف او) اور چیف لیبر کمشنر (سینٹرل) کے دفتر کے نمائندوں نے کی۔

پروگرام میں ایک اوپن اجلاس اور سوال و جواب کا سیشن بھی شامل تھا، جس میں آجروں، محنت کشوں اور دیگر شرکاء کو لیبر کوڈز، ان پر عمل درآمد کے تقاضوں، سماجی تحفظ کی اسکیموں اور نفاذ سے متعلق امور پر سوالات اٹھانے اور وضاحت طلب کرنے کا موقع ملا۔

مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے نمائندوں، مقامی صنعتوں، محنت کشوں اور دیگر متعلقہ فریقوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے، وزارت کی ’شرم سمواد‘ پہل نے ضلع بھاؤ نگر میں لیبر کوڈز پر عملی طور پر عمل درآمد کے بارے میں بیداری بڑھانے، تعمیری مکالمے کو فروغ دینے اور مشترکہ سمجھ بوجھ پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

****

 (ش ح ۔رک)

U. No.7879


(ریلیز آئی ڈی: 2338294) وزیٹر کاؤنٹر : 9
یہ ریلیز پڑھیں: English , Gujarati , हिन्दी