پوسٹ کرنے کی تاریخ:
19 NOV 2026 10:31AM by PIB Delhi
صحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت نے نئے ادویات اور کلینیکل ٹرائلز ضوابط، 2019 میں ترمیم کی تجویز پیش کی ہے۔ اس سلسلے میں 6 نومبر کو مسودہ گزٹ نوٹیفکیشن جی ایس آر 983 (ای) جاری کیا گیا ہے، جس کے تحت ضابطہ 2(1)(ڈبلیو)(وی) میں ’نئی دوا‘ کی تعریف میں ’ اینٹی مائیکروبیلز‘ (جراثیم سے پیدا ہونے والی بیماریوں کی روک تھام سے متعلق ادویات)کو بھی شامل کرنے کی تجویز ہے۔
اینٹی مائیکروبیلز مزاحمت (اے ایم آر) عالمی سطح پر صحتِ عامہ کے لیے ایک سنگین تشویش کا باعث ہے اور ایک ایسا ترجیحی معاملہ ہے جس سے نمٹنے کے لیے مربوط اقدامات کی ضرورت ہے۔ جی 20 نئی دہلی رہنماؤں کے اعلامیے میں بھی ’ون ہیلتھ‘ (ایک صحت) کے نقطۂ نظر کو اپناتے ہوئے اینٹی مائیکروبیل مزاحمت کے مسئلے سے نمٹنے کی ضرورت پر زور دیا گیا تھا۔
مجوزہ ترمیم کا آغاز ان خدشات کے پیشِ نظر کیا گیا ہے کہ اینٹی مائیکروبیلز مصنوعات کی تیاری کے لائسنس مناسب ضابطہ جاتی جانچ پڑتال کے بغیر جاری کیے جا رہے ہیں، جس میں حیاتیاتی دستیابی/حیاتیاتی مساوات اور استحکام سے متعلق مطالعات جیسی ضروری جانچ بھی شامل ہے۔ اس طرح کے جائزوں کی عدم موجودگی اینٹی مائیکروبیلز کے معیار، تحفظ اور افادیت کو متاثر کر سکتی ہے۔ غیر معیاری یا غیر مؤثر اینٹی مائیکروبیلز جراثیم کش یا جراثیم سے ہونے والی بیماریوں کی روک تھام سے مزاحمت کے پیدا ہونے اور پھیلنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہیں، جس سے مریضوں کی سلامتی کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
مجوزہ ترمیم کا مقصد اینٹی مائیکروبیلز کو نئے ادویات اور کلینیکل ٹرائلز ضوابط، 2019 کے تحت نئی ادویات پر لاگو ہونے والے ضابطہ جاتی نظام کے دائرے میں لانا ہے۔ اس کے تحت مینوفیکچررز کو متعلقہ ریاستی لائسنسنگ اتھارٹی (ایس ایل اے) سے تیاری کا لائسنس حاصل کرنے کے لیے درخواست دینے سے قبل مرکزی لائسنسنگ اتھارٹی (سی ایل اے) سے اجازت حاصل کرنا لازمی ہوگا۔ توقع ہے کہ اس اقدام سے مرکزی سطح پر ضابطہ جاتی نگرانی مزید مضبوط ہوگی اور اینٹی مائیکروبیلز کے معیار، تحفظ اور افادیت کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔
مجوزہ ترمیم کو حتمی شکل دینے کے لیے مرکزی حکومت کی جانب سے غور کیے جانے سے قبل متعلقہ شراکت داروں اور عام شہریوں سے اعتراضات اور تجاویز طلب کرنے کے مقصد سے مسودہ نوٹیفکیشن کا مسودہ جاری کیا گیا ہے۔
اعتراضات یا تجاویز، اگر کوئی ہوں ، تو اسے حکومت ہند کی صحت و خاندانی بہبود کی وزارت کے انڈر سکریٹری (ڈرگز)، یو-6، ورک ہال، سی وِنگ، پہلی منزل، کرتویہ بھون-1، نئی دہلی-110001 کے پتے پر ارسال کیا جا سکتا ہے یا ای میل کے drugsdiv-mohfw[at]gov[dot]in پر بھیجا جا سکتا ہے۔ یہ اعتراضات اور تجاویز گزٹ کی ان نقول کے عوام کے لیے دستیاب ہونے کی تاریخ سے 30 دن کے اندر جمع کرائی جا سکتی ہیں، جن میں مجوزہ قواعد کا مسودہ شامل ہے۔
گزٹ نوٹیفکیشن کا مسودہ درج ذیل لنک پر دستیاب ہے:
https://egazette.gov.in/(S(v14ga5sxvesv0yfxhdm40iu0))/ViewPDF.aspx
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ش ح۔م ش۔ن م۔
U-7874