پوسٹ کرنے کی تاریخ:
18 NOV 2026 11:15PM by PIB Delhi
سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے مرکزی وزیر جناب نتن گڈکری نے آج نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں منعقدہ ’RIDE – MOVING INDIA FORWARD‘ پروگرام سے خطاب کیا۔ اوبر، اولا، ریپیڈو، بھارت ٹیکسی، زومیٹو، سویگی اور پورٹر کے اشتراک سے منعقدہ اس پروگرام میں صنعت سے وابستہ نمائندوں، ڈرائیوروں، گِگ کارکنوں اور مستفیدین نے شرکت کی۔ اس پروگرام کا مقصد روزگار کے مواقع پیدا کرنے، آمد و رفت کی سہولتیں فراہم کرنے اور لوگوں کے لیے روزی روٹی کے نئے ذرائع پیدا کرنے میں ایپ پر مبنی پلیٹ فارم کےرول کو اجاگر کرنا تھا۔ اس موقع پر ریپیڈو کے شریک بانی جناب پون گنٹپلی، اوبر انڈیا کے ڈائریکٹر جناب شیو شیلیندرَن، پورٹر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جناب اتم دیگا، اولا کے کاروباری سربراہ جناب انکش اگروال، سویگی کی نائب صدر محترمہ نیہا سنگھوی، زومیٹو کے شعبہ عوامی پالیسی سے وابستہ جناب جسکرن بیدی اور اداکار و مقرر جناب شرد کیلکر بھی موجود تھے۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جناب نتن گڈکری نے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور سماجی و اقتصادی چیلنجوں سے نمٹنے میں ٹیکنالوجی، اختراع، کاروباری سرگرمیوں اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایپ پر مبنی خدمات اب صرف مسافروں کی آمد و رفت تک محدود نہیں رہی ہیں، بلکہ سامان کی ترسیل اور کھانے پینے کی اشیا پہنچانے کے شعبوں تک بھی پھیل گئی ہیں، جس سے مختلف طبقوں کے لوگوں کے لیے روزگار اور ذریعہ معاش کے نئے راستے کھلے ہیں۔

وزیر موصوف نے روزگار کے مواقع پیدا کرنے، خصوصاً سماجی، اقتصادی اور تعلیمی طور پر پسماندہ طبقات کے لوگوں کے لیے روزگار کے امکانات بڑھانے کی غرض سے ریاستوں میں موٹر وہیکل ایگریگیٹر نظام کو وسیع پیمانے پر اپنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ریاستی حکومتوں سے اپیل کی کہ وہ ایسی خدمات کے فروغ کے لیے سازگار ماحول فراہم کریں اور آمد و رفت کے اس نئے نظام میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کی شمولیت کی حوصلہ افزائی کریں۔
روزگار اور ذریعہ معاش کو بہتر بنانے میں ٹیکنالوجی کی اہمیت کواجاگر کرتے ہوئے جناب نتن گڈکری نے مشینی نظام سے چلنے والے ای رکشوں اور ای کارٹس کی مثال دی، جنہوں نے روایتی پیشوں میں تبدیلی لانے اور جسمانی مشقت کم کرنے میں اہم رول ادا کیا ہے۔ انہوں نے آخری منزل تک آمد و رفت کی سہولت کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا، خصوصاً دیہی علاقوں میں، تاکہ لوگوں کو تعلیم، روزگار اور بازاروں تک آسانی سے رسائی حاصل ہو اور وہ اپنی زرعی پیداوار شہری مراکز تک پہنچا سکیں۔

وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت کی پالیسی کا مقصد ڈرائیوروں اور صارفین کے مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے اس شعبے کی ترقی کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے صنعت سے وابستہ افراد اور اداروں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ حکومت کے ساتھ مل کر کام کریں اور ضابطہ جاتی نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے اپنی تجاویز پیش کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تکنیکی ترقی کے فوائد سماج کے تمام طبقوں تک پہنچنے چاہئیں اور وکست بھارت 2047 کے وسیع تر وژن کی تکمیل میں معاون ثابت ہونے چاہئیں۔
اس سے قبل، سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی وزارت کے جوائنٹ سکریٹری جناب سی این سنگھ نے موٹر وہیکل ایگریگیٹر رہنما خطوط 2025 کی اہم دفعات سے آگاہ کیا۔ ان رہنما خطوط پر ریاستی حکومتوں، ایگریگیٹرز اور دیگر متعلقہ فریقوں کے ساتھ صلاح و مشورہ کے بعد نظرثانی کی گئی ہے۔
ان رہنما خطوط میں ڈرائیوروں کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے اور خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے کئی اقدامات شامل کیے گئے ہیں۔ ان کے تحت اپنی گاڑیوں سے خدمات فراہم کرنے والے ڈرائیوروں کو کرایے کی مقررہ رقم کا کم از کم 80 فیصد حصہ دینے، 5 لاکھ روپے کے صحت بیمے اور کم از کم 10 لاکھ روپے کے لائف انشورنس کی سہولت فراہم کرنے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ دیگر دفعات میں ڈرائیوروں کو ایک سے زیادہ ایگریگیٹر پلیٹ فارم پر کام کرنے کی اجازت، ابتدائی 40 گھنٹے کی تربیت اور ڈرائیوروں و مسافروں کی شکایات کے ازالے کے لیے ایگریگیٹر کے کال سینٹر کے ذریعے 24 گھنٹے دستیاب شکایت کا ازالہ کرنے سے متعلق افسر کی تقرری شامل ہیں۔
جناب سنگھ نے کہا کہ ان رہنما خطوط کا مقصد ڈرائیوروں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا، خدمات کے معیار کو بہتر بنانا اور شکایات کے ازالے کے لیے آسان اور مؤثر نظام قائم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرائیور ڈیجیٹل نظامِ آمد و رفت کا ایک اہم حصہ ہیں اور اس شعبے کی پائیدار ترقی کے لیے ان کی فلاح و بہبود، عزت اور کام کے حالات کو بہتر بنانا ضروری ہے۔
اس پروگرام میں مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے ایسے افراد کے تجربات بھی پیش کیے گئے جنہیں ایپ پر مبنی پلیٹ فارم سے فائدہ پہنچا ہے۔ خواتین مستفیدین نے مالی خودمختاری حاصل کرنے کے اپنے سفر بیان کیے، جبکہ ڈرائیوروں اور دیگر پلیٹ فارم کارکنوں نے بتایا کہ ان پلیٹ فارموں کے ذریعے انہیں روزگار، کاروبار شروع کرنے، کاروبار کو وسعت دینے اوراپنی منزل تک آمد و رفت کی بہتر سہولت فراہم کرنے کے نئے مواقع ملے ہیں۔

سڑک تحفظ اور حکومت کی راہ- ویر اسکیم کے بارے میں ایک پریزنٹیشن بھی پیش کی گئی، جس کا مقصد شرکاء کو سڑک حادثات کے متاثرین کو بروقت مدد فراہم کرنے کی اہمیت سےواقف کرانا تھا۔ اس موقع پر جناب نتن گڈکری نے اُن گِگ کارکنوں اور ڈرائیوروں کو اعزاز سے نوازا جنہوں نے سڑک حادثات کے بعد ابتدائی اہم گھنٹوں کے دوران زخمیوں کو اسپتال پہنچا کر ان کی جان بچانے میں مدد کی تھی۔
پروگرام کے دوران ڈرائیوروں، شرکت کرنے والے پلیٹ فارموں کے نمائندوں، صنعت سے وابستہ سرکردہ شخصیات اور ان خواتین کو بھی اعزاز سے نوازا گیا جنہوں نے ان پلیٹ فارموں کے ذریعے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔

****
ش ح۔ م ش ۔ ص ج
U. No-7870