ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
18 NOV 2026 8:14PM by PIB Delhi
انطالیہ (ترکیہ)، 18 نومبر، 2026
ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کے مرکزی وزیر جناب بھوپیندر یادو نے مطالبہ کیا ہے کہ پیرس معاہدے کے تحت ہونے والے دوسرے عالمی اسٹاک ٹیک (جی ایس ٹی -2) کو ایک کھلا، شفاف اور سب کو ساتھ لے کر چلنے والا عمل ہونا چاہیے، جو دستیاب بہترین سائنسی شواہد اور انصاف پر مبنی ہو، اور موسمیاتی اقدامات کے تمام پہلوؤں پر متوازن نتائج فراہم کرے۔

ترکیہ کے شہر انطالیہ میں اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن برائے موسمیاتی تبدیلی کے اجلاس سی او پی 31 کے دوران دوسرے عالمی اسٹاک ٹیک پر منعقدہ اعلیٰ سطحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ عالمی اسٹاک ٹیک کو پیرس معاہدے اور اس کے نفاذ کا ایک جامع 360 ڈگری جائزہ لینا چاہیے، جس میں کامیابیوں اور موجودہ خامیوں دونوں کا حساب کتاب کیا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ عمل انصاف، 'مشترکہ لیکن امتیازی ذمہ داریوں اور متعلقہ صلاحیتوں' (سی بی ڈی آر – آر سی) کے اصولوں کے تحت رہنمائی حاصل کرے، جس میں ترقی یافتہ ممالک قومی حالات کی روشنی میں قیادت کریں۔
جناب یادو نے اس بات کو اجاگر کیا کہ دوسرا عالمی اسٹاک ٹیک اہم شعبوں میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لینے کا ایک موقع فراہم کرتا ہے، جن میں تازہ ترین قومی سطح پر طے شدہ شراکتیں (این ڈی سی)، دو سالہ شفافیت کی رپورٹس، آرٹیکل 6 کے تحت بین الاقوامی تعاون، موافقت کا عالمی ہدف اور منصفانہ منتقلی کا طریقہ کار شامل ہیں۔ انہوں نے آئی پی سی سی کی رپورٹوں کے ساتھ ساتھ دیگر سائنسی جائزوں اور رپورٹوں، بالخصوص ترقی پذیر ممالک سے سامنے آنے والی رپورٹوں کو تسلیم کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
وزیر موصوف نے اس بات پر زور دیا کہ دوسرے عالمی اسٹاک ٹیک (جی ایس ٹی-2) کو اس بات کا جائزہ لینا چاہیے کہ موسمیاتی اقدامات میں پیش رفت کے باوجود، دنیا کو آنے والے برسوں میں عالمی درجہ حرارت میں 1.5 ڈگری سیلسیس اضافے کی حد عبور کرنے کا خطرہ کیوں لاحق ہے۔ انہوں نے حل پر مبنی نتائج کا مطالبہ کیا جو فریقین کو اپنی قومی سطح پر طے شدہ شراکتوں کو اپ ڈیٹ کرنے میں رہنمائی فراہم کریں اور عمل درآمد کے ذرائع، بالخصوص موسمیاتی مالیات اور ٹیکنالوجی کی منتقلی میں موجود خامیوں کو دور کریں۔ انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ ان شعبوں میں عملی فراہمی ترقی یافتہ ممالک کی ذمہ داریوں اور فرائض سے کہیں کم رہی ہے۔

اپنے خطاب کا اختتام کرتے ہوئے، جناب یادو نے بھارت کی اس توقع کا اظہار کیا کہ دوسرا عالمی اسٹاک ٹیک کامیابی کے ساتھ منعقد ہوگا اور عالمی موسمیاتی اقدامات اور ان کے نفاذ کا ایک متوازن جائزہ پیش کرے گا۔
**********
(ش ح –ا ب ن)
U.No:7869