پوسٹ کرنے کی تاریخ:
18 NOV 2026 7:56PM by PIB Delhi
لوک سبھا کے اسپیکر جناب اوم برلا نے آج گجرات کے مہسانہ ضلع میں واقع واڈنگر کا دورہ کیا اور روحانی، تعلیمی اور ثقافتی پروگراموں میں شرکت کی۔
تاریخی شری ہاٹکیشور مہادیو مندر سے اپنے دورے کا آغاز کرتے ہوئے، جناب برلا نے پوجا ارچنا کی اور کانچی کاماکوٹی پیٹھادھیپتی جگت گرو شری شنکرا وجیندر سرسوتی سوامیگل کی روحانی رہنمائی اور موجودگی میں منعقد ہونے والے جاری 10 روزہ وشو شانتی مہایگیہ میں شرکت کی۔
مہایگیہ کے بعد اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے، لوک سبھا اسپیکر نے قدیم ہاٹکیشور مہادیو مندر کو بھارت کے روحانی ورثے کا ایک مقدس مرکز قرار دیا جو نسلوں کو ترغیب دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جگت گرو شنکراچاریہ جی کی قیادت میں منعقد ہونے والا وشو شانتی مہایگیہ اور ہون امن عالم اور ممالک کے درمیان ہم آہنگی اور پوری انسانیت و تمام جانداروں کی فلاح و بہبود کے لیے وقف ہے۔
واڈنگر کو بھارت کی ثقافتی وراثت کا ایک مقدس مرکز اور وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی جائے پیدائش قرار دیتے ہوئے، جناب برلا نے کہا کہ یہ تاریخی قصبہ روحانی ورثے، پختہ عزم اور بے لوث عوامی خدمت کی ایک لازوال علامت کے طور پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس قصبے کا دورہ کرنے اور وزیرِ اعظم کے اسکول اور ان کے ابتدائی برسوں سے وابستہ مقامات کو دیکھنے سے اس بات کا گہرا ادراک ہوتا ہے کہ غیر معمولی عزم کس طرح نامساعد حالات پر فتح پا سکتا ہے۔ انہوں نے مشاہدہ کیا کہ یہ قصبہ ایک متاثر کن سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ معاشی مشکلات، خاندانی جدوجہد یا کٹھن حالات سے قطع نظر، واضح اہداف اور اٹل ارادہ کسی بھی فرد کو اس کی امنگوں تک پہنچنے کے قابل بناتا ہے۔
جناب برلا نے کہا کہ اپنے ابتدائی طالب علمی کے دنوں سے ہی وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی کی زندگی سیکھنے کے جذبے، مکالمے، مباحثے اور سوامی وویکانند کے نظریات سے حاصل ہونے والی روحانی ترغیب سے عبارت رہی ہے۔ 'سیوا' کے عزم سے سرشار ہو کر انہوں نے کم عمری میں ہی ملک بھر کا سفر کرنے کے لیے گھر چھوڑ دیا، تاکہ بھارت کی متنوع سماجی اور معاشی حقیقتوں کو براہِ راست سمجھ سکیں۔ اس سفر کو بھارتی جمہوریت کی مضبوطی کا منہ بولتا ثبوت قرار دیتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ سادہ حالات کے درمیان ایک چھوٹے سے قصبے سے اٹھ کر ملک کی قیادت کرنا اس بات کی بہترین مثال ہے کہ عوامی خدمت کے تئیں لگن کس طرح قیادت کو نکھارتی ہے۔
وزیرِ اعلیٰ اور وزیرِ اعظم کی حیثیت سے مسلسل 25 برسوں کی عوامی خدمت کے سنگِ میل کو اجاگر کرتے ہوئے، جناب برلا نے کہا کہ یہ پائیدار عزم ہر شہری کے لیے ترغیب کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔ اسپیکر نے مزید کہا کہ زندگی کے ابتدائی دور میں معاشی اور سماجی چیلنجوں کا ذاتی طور پر تجربہ کرنے کے بعد، وزیر اعظم نے ان تجربات اور بصیرت کو ایک ایسے خود کفیل اور خود انحصار بھارت کی تعمیر میں لگایا ہے جو مستقبل کے چیلنجوں پر قابو پانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
مندر میں اپنی مصروفیات کے بعد، لوک سبھا اسپیکر نے واڈنگر کے 'پریرنا اسکول' کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے طلبہ کے ساتھ گرمجوشی سے بات چیت کی اور انہیں سیکھنے کی جستجو پیدا کرنے، تعمیری مکالمے میں حصہ لینے اور خود کو تعمیر ملک کے لیے وقف کرنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے شری بی این ہائی اسکول کا بھی دورہ کیا اور اس تاریخی قصبے میں نوجوان ذہنوں کی آبیاری کرنے والے تعلیمی اداروں کو خراج تحسین پیش کیا۔
بعد ازاں، جناب برلا نے واڈنگر میں آثارِ قدیمہ کے تجرباتی میوزیم اور میوزیم آف میوزک کا دورہ کیا، اور بھارت کے قدیم ترین آباد شہروں میں سے ایک کی مالا مال تہذیبی، آثار قدیمہ اور موسیقی کی وراثت کو سراہا۔

_20261118195854_a2850e.jpeg)
_20261118195902_af16ac.jpeg)

_20261118195931_cf0e96.jpeg)


_20261118195955_77c5a1.jpeg)
***
(ش ح –ا ب ن)
U.No:7868