صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی صحت سکریٹری محترمہ پُنیہ سلیلہ سریواستو نے ادارہ جاتی کارکردگی کا جائزہ لینے اور صحت کی دیکھ بھال کی فراہمی کو مضبوط بنانے کے لیے نئے ایمس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کے ساتھ جائزہ میٹنگ منعقد کی


18 فعال ایمس میں 14,860 آپریشنل بستر اور 404 فعال آپریشن تھیٹر ہیں، جو ملک بھر میں ترتیبی صحت کی دیکھ بھال کی خدمات کو مضبوط بنا رہے ہیں

مالی سال 2026-27 میں اب تک نئے ایمس میں 97.41 لاکھ او پی ڈی رجسٹریشن، 4.91 لاکھ آئی پی ڈی داخلے، 3.18 لاکھ سرجریز اور 629
اعضا کی پیوند کاری درج کی گئی
نئے ایمس نے مالی سال 2026-27 میں اب تک 3,593 تحقیقی مقالے شائع کیے ہیں، جو ادارہ جاتی تحقیق اور تعلیمی پیداوار میں پیش رفت کے غماز ہیں

محترمہ سریواستو نے انسٹی ٹیوٹ کے مخصوص شعبوں کی نشان دہی کرنے، علاقائی ریفرل روابط کو مضبوط بنانے اور طلبہ و رہائشیوں کے لیے ایک معاون، تناؤ سے پاک اور محفوظ ماحول کو یقینی بنانے پر زور دیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 18 NOV 2026 7:52PM by PIB Delhi

مرکزی صحت سکریٹری محترمہ پُنیہ سلیلہ سریواستو نے آج یہاں ایک میٹنگ میں پردھان منتری سوستھیا سرکشا یوجنا (پی ایم ایس ایس وائی) کے تحت تمام نئے ایمس کے کام کا جائزہ لیا، جس میں ان قومی اہمیت کے اداروں (آئی این آئی) کے تمام ایگزیکٹو ڈائریکٹرز موجود تھے۔ پی ایم ایس ایس وائی کے تحت 22 ایمس کو منظوری دی گئی ہے، جن میں سے 18 تدریس، تعلیم و تحقیق، آئی پی ڈی/او پی ڈی سہولیات، ایمرجنسی و ٹراما، تشخیصی سہولیات، اسپیشلٹی اور سپر اسپیشلٹی محکموں، امرت فارمیسی، جن اوشدھی کیندروں وغیرہ کے ساتھ فعال ہیں، اور 4 ایمس تعمیر/آپریشنلائزیشن کے مختلف مراحل میں ہیں۔

محترمہ سریواستو نے نئے ایمس کے ہم وار آپریشنز میں تمام ایگزیکٹو ڈائریکٹرز (ای ڈی) کے کام پر اپنی ستائش کا اظہار کیا اور 8 اپریل 2025 کو منعقدہ مرکزی انسٹی ٹیوٹ باڈی (سی آئی بی) کی میٹنگ میں لیے گئے فیصلوں پر کی گئی کارروائی کا نوٹس لیا۔ انھوں نے تمام نئے ایمس کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور ترتیبی صحت کی دیکھ بھال کی خدمات، سرجریز، تشخیص، طبی آلات کی آپریشنل کارکردگی، فیکلٹی/نان فیکلٹی پوزیشنز، کیپٹل فنڈ کے استعمال، عوامی شکایات وغیرہ کی صورت حال کا اندازہ لگایا۔ میٹنگ کے دوران بتایا گیا کہ فی الحال 18 ایمس میں 14,860 بستر اور 404 آپریشن تھیٹر (او ٹی) فعال ہیں۔ مالی سال 2026-27 میں اب تک تقریباًً 97.41 لاکھ او پی ڈی رجسٹریشن اور 4.91 لاکھ آئی پی ڈی داخلے ہوئے ہیں۔

نئے ایمس جامع اعضا کی پیوند کاری کے پروگرام چلا رہے ہیں جن میں گردے، جگر، دل، کارنیا اور بون میرو شامل ہیں اور مالی سال 2026-27 میں اب تک تقریباًً 629 اعضا کی پیوند کاریاں کی گئی ہیں۔ ایمس میں جدید کلینیکل خدمات پیش کی جا رہی ہیں اور اس سال تقریباًً 3.18 لاکھ سرجریز کی گئی ہیں۔ تمام ایمس میں اعلیٰ درجے کی تشخیصی سہولیات قائم کی گئی ہیں جن میں کئی ایمس میں پی اے سی ایس (پکچر آرکائیونگ اینڈ کمیونی کیشن سسٹم) شامل ہے۔ میٹنگ کے دوران بتایا گیا کہ تحقیقی پیداوار میں بھی اضافہ ہوا ہے اور اس سال اب تک 3,593 تحقیقی مقالے شائع ہوئے ہیں۔

ایمس کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے، مرکزی صحت سکریٹری نے ہدایت دی کہ ”ہر ایمس کو اپنی بہترین کارکردگی کے شعبوں کی نشان دہی کرنی چاہیے اور ایک روڈ میپ اور قابل عمل نکات تیار کرنے چاہئیں۔ مجموعی طور پر خطے میں ترتیبی نگہداشت کی سہولیات کو مضبوط بنانے کے لیے مقامی ہسپتالوں کے ساتھ ریفرل روابط کو ہم وار کرنے کے لیے تمام کوششیں کی جانی چاہئیں۔“ انھوں نے طلبہ اور رہائشیوں کی ذہنی صحت کے لیے اداروں میں ایک معاون، تناؤ سے پاک اور محفوظ ماحول کو یقینی بنانے کے لیے فعال اور مسلسل اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔

محترمہ سریواستو نے تمام ای ڈی کو ہدایت دی کہ وہ خالی فیکلٹی پوزیشنز کو پُر کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں اور سال میں کم از کم 4 بار اسٹینڈنگ سلیکشن کمیٹی (ایس ایس سی) کی میٹنگیں منعقد کریں۔ انھوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ ادارے وسائل کا بہترین استعمال یقینی بنائیں، خاص طور پر اعلیٰ درجے کے تشخیصی اور علاج کے آلات کا۔ ایمس میں عوامی اعتماد کو برقرار رکھنے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے، انھوں نے ای ڈی کو مشورہ دیا کہ وہ شکایات کے تئیں حساس رہیں اور ہر ادارے میں ازالے کے معیار کو بہتر بنائیں۔

***

(ش ح - ع ا)

U.No. 7861


(ریلیز آئی ڈی: 2338152) وزیٹر کاؤنٹر : 7
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी