پوسٹ کرنے کی تاریخ:
18 NOV 2026 6:00PM by PIB Delhi
سائنس و ٹیکنالوجی اور ارضیاتی سائنسز کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) نیز وزیر اعظم کے دفتر، عملہ، عوامی شکایات اور پنشن، جوہری توانائی اور خلائی امور کے وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے آج نئی دہلی کے نیشنل میڈیا سینٹر میں بھارت بین الاقوامی سائنس فیسٹیول (آئی آئی ایس ایف) 2026 کے بارہویں ایڈیشن کے تعارفی پروگرام کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے فیسٹیول کی سرکاری ویب سائٹ اور کتابچے کی بھی رونمائی کی۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ آئی آئی ایس ایف 2026، جو 19 سے 22 دسمبر تک پونے میں ’’بھارت کی سائنس، دنیا کا مستقبل‘‘ (بھارت کا وگیان، وشو کا بھوشیہ) کے موضوع کے تحت منعقد ہوگا، وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے ’وشو بندھو بھارت‘ کے وژن کی عکاسی کرتا ہے، جس کے تحت ہندوستان کی سائنسی کامیابیاں پوری انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ یہ موضوع محض ایک نعرہ بن کر نہیں رہ گیا ہے بلکہ عملی شکل اختیار کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں وزیر موصوف نے محکمۂ بایو ٹیکنالوجی (ڈی بی ٹی) کے تیار کردہ مقامی تحقیقی کٹس کا حوالہ دیا، جنہیں ہندوستانی خلا باز شبھانشو شکلا اپنے ساتھ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) لے گئے تھے۔ ان تجربات کے نتائج سے پوری دنیا کو فائدہ پہنچے گا۔ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے مزید کہا کہ وکست بھارت 2047 کے سفر میں جب ہندوستان عالمی سطح پر صفِ اول کی حیثیت کی جانب بڑھ رہا ہے، تو ہندوستانی سائنس عالمی سائنسی نظام کی تشکیل میں بتدریج زیادہ اہم کردار ادا کرے گی۔
پیشگی پروگرام کی افتتاحی تقریب کا اہتمام وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کے محکمۂ بایو ٹیکنالوجی (ڈی بی ٹی) نے وگیان بھارتی (وبھا) کے اشتراک سے کیا تھا۔ اس موقع پر اسٹیج پر حکومتِ ہند کے پرنسپل سائنسی مشیر پروفیسر اجے کمار سود؛ محکمۂ بایو ٹیکنالوجی کے سکریٹری ڈاکٹر راجیش ایس گوکھلے؛ اور وگیان بھارتی (وبھا) کے قومی تنظیمی سکریٹری ڈاکٹر شیو کمار شرما موجود تھے۔
محکمۂ سائنسی و صنعتی تحقیق (ڈی ایس آئی آر) کے سکریٹری اور سائنسی و صنعتی تحقیق کی کونسل (سی ایس آئی آر) کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر این کالیسلوِی؛ محکمۂ سائنس و ٹیکنالوجی (ڈی ایس ٹی) کے سکریٹری پروفیسر امیش وی واگھمارے؛ اور بایوٹیکنالوجی ریسرچ اینڈ انوویشن کونسل (بی آر آئی سی) کے تحت نیشنل سینٹر فار سیل سائنس (این سی سی ایس)، پونے کے سکریٹری اور ڈائریکٹر ڈاکٹر تھامس پوکاڈیل سمیت سینئر سائنس دانوں، مختلف اداروں کے سربراہوں اور شرکت کرنے والے محکموں کے عہدیداروں نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔
گزشتہ چند برسوں کے دوران ہندوستان کی سائنسی سرگرمیوں میں آنے والی اسٹریٹجک تبدیلیوں پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ حکومت نے ایک سوچے سمجھے فیصلے کے تحت انڈین سائنس کانگریس سمیت مختلف مقامات پر ہونے والے منتشر اور بار بار دہرائے جانے والے اجتماعات کی جگہ دو اہم قومی تقریبات منعقد کرنے کا فیصلہ کیا، جن کی اپنی الگ شناخت ہے۔ ’ایمرجنگ سائنس، ٹیکنالوجی اینڈ انوویشن کانکلیو‘ (ایسٹک)، جس کا افتتاح ہر سال نئی دہلی میں وزیر اعظم کرتے ہیں اور جس میں 13 سے زائد وزارتوں اور نوبیل انعام یافتگان کی شرکت ہوتی ہے، جدید ترین سائنسی موضوعات پر غور و خوض کرنے والی تعلیمی و تحقیقی کانفرنس کے طور پر کام کرتا ہے، جب کہ آئی آئی ایس ایف کو عوامی شرکت اور جشن و تقریب کے رنگ میں پیش کیا گیا ہے، جس کی گونج بین الاقوامی سطح تک پہنچتی ہے۔ چندی گڑھ، حیدرآباد، گوا اور دہلی کے بعد اس فیسٹیول کے مقام کو مختلف خطوں میں منتقل کرنے کے سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے، پہلی مرتبہ پونے میں اس کا انعقاد مغربی ہندوستان کے اس اہم مرکز کے متحرک تعلیمی، تحقیقی اور صنعتی ماحول سے فائدہ اٹھانے کا موقع فراہم کرے گا۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ آئی آئی ایس ایف 2026 کو اس انداز میں ترتیب دیا گیا ہے کہ پیچیدہ اور مستقبل کی جدید سائنسی جہتوں، مثلاً جین میں ترمیم، اینٹی باڈیز اور انسولین کی تیاری سے لے کر توانائی کے جدید ترین ذرائع اور سہ جہتی (تھری ڈی) خلیے کے ایک وسیع اور حقیقی منظر پیش کرنے والے تجرباتی نمونے تک، مختلف شعبوں سے وابستہ افراد کے لیے دلچسپ اور دل نشیں انداز میں پیش کیا جا سکے۔ تعلیمی و تحقیقی خطابات کے علاوہ، جن میں 2001 کے نوبیل انعام یافتہ سر ٹم ہنٹ کا خصوصی خطاب بھی شامل ہے، یہ فیسٹیول بچوں، نوجوانوں، خواتین، موجودہ اور نئے کاروباری اداروں، صنعت کاروں اور صنعتی شعبوں کے لیے خصوصی مواقع فراہم کرے گا۔ ان میں کاروباری اداروں کے درمیان ملاقاتیں (بی ٹو بی)، ہیکاتھون اور سائنسی مطالعاتی دورے شامل ہیں، تاکہ نوجوان ذہن اپنی صلاحیتوں کو پہچان سکیں اور اپنے خیالات کو کاروباری اداروں کی شکل دے سکیں۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ’حکومت کے تمام شعبوں، سائنس کے تمام میدانوں، پوری قوم اور پورے معاشرے‘ کو ساتھ لے کر چلنے کے نقطۂ نظر کو فروغ دینے پر وگیان بھارتی (وبھا) اور ڈاکٹر شیو کمار شرما کی ستائش کی۔ انہوں نے پونے میں ہونے والے سائنس فیسٹیول سے قبل چنئی، کولکاتا، دہرہ دون، ترواننت پورم، پونے، حیدرآباد، بنگلورو، ممبئی، امپھال، اندور، موہالی اور احمدآباد سمیت 13 شہروں میں پیشگی تقریبات کے انعقاد میں وگیان بھارتی کے کلیدی کردار کو سراہا۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے یہ اپیل بھی کی کہ وہ اس فیسٹیول میں سرگرمی سے حصہ لیں اور پونے کا سفر کریں، تاکہ ہندوستان کی سائنسی ترقی کی داستان ملک کے ہر گوشے تک پہنچائی جا سکے۔
حکومتِ ہند کے پرنسپل سائنسی مشیر پروفیسر اجے کمار سود نے آئی آئی ایس ایف 2026 کو سائنس کے ایک منفرد جشن سے تعبیر کیا، جو ایک اجتماعی قومی کوشش کے طور پر نوجوانوں کو سائنسی سرگرمیوں سے جوڑنے اور تحقیقی تجربہ گاہوں سے باہر بھی عوامی شعور میں سائنسی مزاج کو راسخ کرنے کے مقصد سے منعقد کیا جا رہا ہے۔ ’’بھارت کا وگیان، وشو کا بھوشیہ‘‘ کے نعرے کو ہندوستان کے لازوال فلسفے ’’وسودھیو کٹمبکم‘‘ (پوری دنیا ایک خاندان ہے) سے جوڑتے ہوئے پروفیسر سود نے کہا کہ ہندوستان نے بارہا یہ ثابت کیا ہے کہ وہ اپنی مقامی سطح پر تیار کردہ اختراعات اور نئی ٹیکنالوجی کو بڑے پیمانے پر دنیا کے ساتھ بانٹنے کے لیے تیار ہے۔ اس کی مثالیں ’ویکسین میتری‘ اور ’ڈیجیٹل پبلک انفراسٹرکچر‘ (ڈی پی آئی) ہیں۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ آئی آئی ایس ایف 2026 کی سرگرمیاں نوجوانوں کو ترقی یافتہ ہندوستان کے لیے جدید ترین اور عوامی ضروریات پر مبنی اختراعات کی راہ میں آگے بڑھنے کی ترغیب دیں گی۔
اپنے استقبالیہ کلمات میں محکمۂ بایو ٹیکنالوجی کے سکریٹری ڈاکٹر راجیش ایس گوکھلے نے کہا کہ 2015 میں اپنے آغاز کے بعد سے آئی آئی ایس ایف عوام کا فیسٹیول رہا ہے، جس نے جستجو رکھنے والے طلبہ، حوصلہ افزا اساتذہ، چھوٹے شہروں کے اختراع کاروں اور روزمرہ کی کاشت کاری میں مٹی کی انجینئرنگ کے عملی طریقے اپنانے والے کسانوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ بنیادی طور پر آئی آئی ایس ایف سائنس کے ذریعے ’’سماج، سرکار اور بازار‘‘ کو باہم مربوط کرنے کا ایک پلیٹ فارم ہے، جہاں سماجی ضروریات تحقیق کی سمت متعین کرتی ہیں، حکومت اختراعات کو فروغ دیتی ہے اور بازار سائنسی دریافتوں کو عوامی فائدے کی اشیا اور خدمات میں تبدیل کرتے ہیں۔ ڈاکٹر گوکھلے نے بتایا کہ 2026 کے ایڈیشن میں سائنس کے اہم محکموں کے ساتھ محکمۂ جوہری توانائی اور نیتی آیوگ کے ’اٹل انوویشن مشن‘ (اے آئی ایم) کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
پروگرام کے دوران بی آر آئی سی-نیشنل سینٹر فار سیل سائنس (این سی سی ایس) کے ڈائریکٹر ڈاکٹر تھامس پوکاڈیل نے آئی آئی ایس ایف 2026 کا تفصیلی خاکہ پیش کیا۔ یہ فیسٹیول ’’ایک قوم، ایک سائنس فیسٹیول‘‘ کے عنوان کے تحت پونے کے پانچ ایک دوسرے کے قریب واقع کیمپس میں منعقد ہوگا۔ ان میں بی آر آئی سی-نیشنل سینٹر فار سیل سائنس (این سی سی ایس)، سی ایس آئی آر-نیشنل کیمیکل لیبارٹری (این سی ایل)، انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس ایجوکیشن اینڈ ریسرچ (آئی آئی ایس ای آر)، پونے؛ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹراپیکل میٹرولوجی (آئی آئی ٹی ایم) اور سی او ای پی ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی شامل ہیں۔
چار روزہ اس فیسٹیول میں 26 پروگرام منعقد ہوں گے، جن کے لیے 17 فعال تحقیقی تجربہ گاہوں کے مقامات مختص کیے گئے ہیں۔ اس میں مرکزی حکومت کی سات وزارتوں اور محکموں اور 16 قومی اداروں کی شرکت ہوگی۔ فیسٹیول کے اہم پروگراموں میں ’بایو ای تھری پالیسی‘ سے ہم آہنگ بایو مصنوعات کی تیاری کے موضوع پر عالمی سربراہ اجلاس، معالجین اور تعلیمی و تحقیقی ماہرین کی کانفرنس، 1800 طلبہ اور 200 اساتذہ کے لیے سائنس و ٹیکنالوجی کا گاؤں ’’دی نیو نالندہ‘‘، 1200 طلبہ کے لیے طلبہ اور سائنس دانوں کے درمیان تبادلۂ خیال کا پروگرام، اساتذہ کی ورکشاپ ’’دی گروکل‘‘، آٹھ حصوں پر مشتمل سائنسی مطالعاتی دورہ اور عوام کے لیے سائنس، ٹیکنالوجی، دفاع اور خلائی تحقیق کی نمائش شامل ہیں۔ اس نمائش میں چندریان-3، گگن یان، آئی این ایس وکرانت، مشن شکتی اور کوانٹم ٹیکنالوجی، سیمی کنڈکٹرز اور گہرے سمندر کی تحقیق سے متعلق قومی مشنوں کو پیش کیا جائے گا۔
پالیسی سازی اور عالمی سطح پر ہندوستان کی سائنسی رسائی کے ایک جامع ایجنڈے کے ساتھ اختتام پذیر ہونے والے اس فیسٹیول میں 150 اداروں کے سربراہوں کے لیے ’ویژن سنسد‘، سائنس ڈپلومیسی کانکلیو، تین براعظموں پر مشتمل عالمی سائنس و ٹیکنالوجی اتحاد، 150 غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) کے اشتراک سے قومی سماجی تنظیموں اور اداروں کی میٹنگ (این ایس او آئی ایم)، ’ناری شکتی‘، ’وگیانیکا‘ اور مراٹھا قلعوں کے انجینئرنگ ورثے کو اجاگر کرنے والا ’شیو-درگ‘ بھی منعقد ہوگا۔ توقع ہے کہ اس فیسٹیول کے نتیجے میں کئی اہم قومی دستاویزات اور منصوبے سامنے آئیں گے، جن میں ’ویژن سنسد اعلامیہ 2026‘، ’این ایس او آئی ایم اعلامیہ‘، حیاتیاتی سفارت کاری کے لائحۂ عمل پر مشتمل آئی آئی ایس ایف 2026 کا سائنس ڈپلومیسی سے متعلق اعلامیہ اور بایو مصنوعات کی تیاری کے لیے قومی لائحۂ عمل شامل ہیں۔ اس کے علاوہ طلبہ کی امید افزا اختراعات کی نشاندہی کرکے ان کی رہنمائی اور نئے کاروباری منصوبوں کی شکل دینے کے لیے ان کی سرپرستی اور معاونت کا انتظام بھی کیا جائے گا۔
_20261118180231_041d6c.jpg)
_20261118180245_b6b2ad.jpg)
_20261118180256_ed9201.jpg)
_20261118180306_bf50cd.jpg)
******
ش ح۔ ف ا ۔ م ر
U-NO. 7850