صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزارتِ صحت نے عالمی ہفتہ آگاہی برائے انسدادِ جراثیم کش مزاحمت 2026 منایا، اے ایم آر کے خلاف اجتماعی کارروائی کی اپیل کی


مرکزی سیکرٹری صحت محترمہ پنیا سلیلہ سریواستو نے رواں سال کے موضوع 'ایک صحت، ایک کارروائی: اے ایم آر کو ابھی روکیں' کے تحت 'ون ہیلتھ' کے نقطہ نظر پر زور دیا

محترمہ سریواستو نے اے ایم آر پر قابو پانے کے لیے جراثیم کش ادویات کے ذمہ دارانہ استعمال اور انفیکشن سے بچاؤ کے مضبوط طریقوں پر زور دیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 18 NOV 2026 6:42PM by PIB Delhi

صحت و خاندانی بہبود کی وزارت نے آج نئی دہلی کے کرتویہ بھون میں عالمی ہفتہ آگاہی برائے اینٹی مائیکروبیل ریزسٹنس  2026 کی قومی تقریبات کا افتتاح کیا۔ ہفتہ بھر جاری رہنے والی یہ مہم اس لحاظ سے نہایت اہم ہے کہ اس کا مقصد جراثیم کش ادویات کے خلاف مزاحمت—جو کہ صحتِ عامہ کو درپیش سب سے فوری اور سنگین خطرات میں سے ایک ہے—کے خلاف وسیع تر بیداری اور اجتماعی اقدام کو فروغ دینا ہے۔

تقریب سے ورچوئل طریقے سے خطاب کرتے ہوئے، مرکزی سیکرٹری صحت محترمہ پنیا سلیلہ سریواستو نے جراثیم کش ادویات کے خلاف مزاحمت کے بڑھتے ہوئے خطرے کی جانب توجہ مبذول کرائی اور اسے موجودہ دور کے سنگین ترین عوامی صحت کے چیلنجوں میں سے ایک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ادویات جنہوں نے بے شمار زندگیاں بچائی ہیں، غلط استعمال اور حد سے زیادہ استعمال کی وجہ سے بتدریج اپنا اثر کھو رہی ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اس پر قابو نہ پایا گیا تو اے ایم آر کئی دہائیوں کی طبی پیشرفت کو نقصان پہنچا سکتا ہے، جس سے عام انفیکشن کا علاج بھی مشکل ہو جائے گا اور انسانی صحت کو سنگین خطرہ لاحق ہو جائے گا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image001_20261118184340_6034f5.jpg

رواں سال کے موضوع، ’ون ہیلتھ، ون ایکشن: اے ایم آر کو ابھی روکیں‘ کا حوالہ دیتے ہوئے محترمہ سریواستو نے تمام شعبوں میں مربوط اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ عزت مآب وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے وژن کی جانب توجہ دلاتے ہوئے، انہوں نے ’ون ہیلتھ‘کے نقطہ نظر کو اپنانے کی اہمیت کو اجاگر کیا، جو انسانی صحت، حیوانات کی صحت، پودوں اور غذائی نظام اور ماحولیات کے باہمی ربط کو تسلیم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام شعبوں میں جراثیم کش ادویات کا نامناسب استعمال مزاحمت کے پیدا ہونے اور پھیلنے کا سبب بنتا ہے، جو اس بڑھتے ہوئے خطرے سے نمٹنے کے لیے مربوط اور مشترکہ کارروائی کی ضرورت کو واضح کرتا ہے۔

مرکزی سیکرٹری صحت نے اس بات کو اجاگر کیا کہ حکومتِ ہند نے اے ایم آر کی روک تھام کو اولین ترجیح دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیرِ صحت جناب جے پی نڈا کی جانب سے نومبر 2025 میں عالمی یومِ آگاہی برائے اینٹی مائیکروبیل ریزسٹنس کے دوران شروع کیا گیا قومی لائحہ عمل برائے انسدادِ جراثیم کش مزاحمت 2.0(این اے پی اے ایم آر 2.0)، 2025–2029، نگرانی، انفیکشن سے بچاؤ، جراثیم کش ادویات کے ذمہ دارانہ استعمال، تحقیق اور مختلف شعبوں کے درمیان مربوط اقدامات کے لیے ایک جامع فریم ورک فراہم کرتا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image002_20261118184356_abbd45.jpg

انہوں نے صحت و خاندانی بہبود کی وزارت کی جانب سے قومی پروگرام برائے انسدادِ اے ایم آر کے تحت کی جانے والی کوششوں کو بھی اجاگر کیا، جسے نیشنل سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول (این سی ڈی سی) کے اشتراک سے چلایا جا رہا ہے۔ یہ پروگرام اے ایم آر کی نگرانی کے لیے لیبارٹری کی صلاحیت کو مضبوط بنانے، انفیکشن سے بچاؤ اور کنٹرول، جراثیم کش ادویات کے محتاط و ذمہ دارانہ استعمال اور عوامی بیداری پیدا کرنے پر مرکوز ہے۔

صحت کے شعبے سے وابستہ پیشہ ور افراد کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے محترمہ سریواستو نے اس بات پر زور دیا کہ اینٹی بایوٹک ادویات صرف اسی صورت میں تجویز کی جانی چاہئیں جب طبی طور پر ان کی واقعی ضرورت ہو اور وہ علاج کے مناسب رہنما خطوط کے مطابق ہوں۔ انہوں نے دوا فروشوں کی ذمہ داری پر بھی زور دیا کہ وہ صرف مستند طبی نسخے پر ہی جراثیم کش ادویات کی مناسب فراہمی کو یقینی بنائیں اور مریضوں کو ان کے درست استعمال کے بارے میں مشورہ دیں۔

عوام سے ذمہ دارانہ عادات اپنانے کی اپیل کرتے ہوئے انہوں نے خود سے دوا لینے، اینٹی بایوٹک ادویات دوسروں کے ساتھ بانٹنے یا بچی ہوئی پرانی ادویات استعمال کرنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے شہریوں کو یاد دلایا کہ اینٹی بایوٹک ادویات عام نزلہ زکام اور انفلوئنزا جیسے وائرل انفیکشنز کے خلاف مؤثر نہیں ہوتیں۔ انہوں نے انفیکشن سے بچاؤ میں حفظانِ صحت، صفائی ستھرائی، صاف پانی، محفوظ خوراک اور ٹیکہ کاری کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا، جس سے اینٹی بایوٹک ادویات کے استعمال کی ضرورت کم ہو جاتی ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image003_20261118184420_71e22a.jpg

محترمہ سریواستو نے ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں، صحت کے اداروں، تعلیمی اداروں اور سماجی تنظیموں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اپنے خطاب کا اختتام کیا کہ وہ اے ایم آر سے متعلق آگاہی کے پیغام کو معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچائیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جراثیم کش ادویات کے خلاف مزاحمت سے نمٹنے کا عزم محض اس آگاہی ہفتے تک محدود نہیں رہنا چاہیے، بلکہ اس کی کامیابی روزمرہ کے معمولات میں نظر آنی چاہیے، جن میں جراثیم کش ادویات تجویز کرنے، ان کی فراہمی اور استعمال کے طریقے اور انفیکشن سے مؤثر بچاؤ شامل ہیں۔ اجتماعی اقدام کی اپیل کرتے ہوئے انہوں نے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ ضروری جراثیم کش ادویات کی افادیت کو برقرار رکھنے اور موجودہ و آنے والی نسلوں کی صحت کے تحفظ کے لیے مل کر کام کریں۔

اجلاس کے شرکاء، جن میں مختلف متعلقہ تنظیموں کے نمائندے شامل تھے، نے اس حقیقت کا نوٹس لیا کہ بھارت میں جراثیم کش ادویات کی نصف سے زیادہ فروخت طبی نسخے کے بغیر ہوتی ہے، جبکہ آؤٹ پیشنٹ کو تجویز کی جانے والی تقریباً نصف اینٹی بایوٹک ادویات غیر مناسب ہوتی ہیں۔ انہوں نے ان طریقوں پر قابو پانے کی فوری ضرورت پر زور دیا اور ایسے متعدد اقدامات کی نشاندہی کی جنہیں ملک بھر میں وسیع پیمانے پر نافذ کیا جا سکتا ہے۔ ان میں عوامی آگاہی مہمات چلانا؛ اینٹی بایوٹک ادویات خود تجویز کرنے کی روک تھام؛ اینٹی بایوٹک اور ایکسپائرڈ ادویات کو مناسب طریقے سے تلف کرنا؛ ادویات کی دکانوں پر بغیر نسخے کے جراثیم کش ادویات کی فروخت کے خلاف قانونی انتباہات آویزاں کرنا؛ غیر معیاری اور جعلی ادویات کی تیاری پر قدغن لگانا؛ ویٹرنری میڈیسن، بالخصوص خوراک پیدا کرنے والے مویشیوں میں اینٹی بایوٹکس کے مناسب استعمال کو فروغ دینا؛ اور انفیکشن کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے صحت کے مراکز میں معیار کو برقرار رکھنا شامل ہیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image004_20261118184432_af51b3.jpg

اس تقریب میں نیشنل ہیلتھ سسٹمز ریسورس سینٹر (این ایچ ایس آر سی)، سینٹرل ڈرگز اسٹینڈرڈ کنٹرول آرگنائزیشن (سی ڈی ایس سی او)، محکمہ حیوانات، انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن اور آل انڈیا ایسوسی ایشن آف ڈرگسٹس اینڈ کیمسٹس کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کے سینئر افسران بھی ورچوئل طور پر اس تقریب میں شریک ہوئے۔

عالمی ہفتہ آگاہی برائے اینٹی مائیکروبیل ریزسٹنس کا تعارف

عالمی ہفتہ آگاہی برائے اینٹی مائیکروبیل ریزسٹنس ایک عالمی مہم ہے جو ہر سال 18 سے 24 نومبر تک منائی جاتی ہے، جس کا مقصد جراثیم کش ادویات کے خلاف مزاحمت (اے ایم آر) کے بارے میں آگاہی اور سمجھ بوجھ کو بہتر بنانا اور عوام، 'ون ہیلتھ' سے وابستہ فریقین اور پالیسی سازوں کے درمیان بہترین عملی طریقوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ یہ تمام متعلقہ فریقین اے ایم آر کے مزید ابھرنے اور پھیلنے کو کم کرنے میں ایک اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

**********

 

 (ش ح –ا ب ن)

U.No:7855


(ریلیز آئی ڈی: 2338128) وزیٹر کاؤنٹر : 5
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी