پوسٹ کرنے کی تاریخ:
18 NOV 2026 5:27PM by PIB Delhi
47 سالہ سینو (فرضی نام) کے لئے پی پی ایف کٹ محض حفاظتی سازوسامان نہیں ہے، بلکہ یہ صفائی کارکنوں کو درپیش پیشہ ورانہ خطرات کے اعتراف کی علامت ہے۔ اس کے ساتھ ہی یہ اُن لوگوں کے تحفظ، وقار اور احترام کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتی ہے، جو صاف ستھرے اور صحت مند معاشرے کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
کیرالہ کے پلکڑ سے تعلق رکھنے والے صفائی کارکن مسٹر سِنو برسوں سے اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران روزانہ کچرے، گردوغبار اور ممکنہ طور پر مضر گیسوں کی زد میں رہتے تھے۔ پی پی ای کی مناسب سہولت نہ ہونے کے باعث انہیں کام کے دوران صحت سے متعلق مختلف خطرات کا سامنا تھا، جن میں سانس کی بیماریاں، جلد کے انفیکشن اور دیگر پیشہ ورانہ امراض شامل ہیں۔
خاندان کے واحد کفیل اور آمدنی کے بنیادی ذریعے ہونے کے باعث، صحت سے متعلق کسی بھی پریشانی کا اثر ان کے اہلِ خانہ کی خوش حالی اور مالی استحکام پر پڑ سکتا تھا۔ ان مشکلات کے باوجود وہ اپنے کام کے تئیں پابندِ عہد رہے اور چاہتے تھے کہ وہ زیادہ محفوظ حالات میں، عزت و وقار اور اعتماد کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے سکیں۔
جناب سینو کو 7 اکتوبر 2025 کو ایک اہم موقع ملا، جب انہیں سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت کی نیشنل ایکشن فار میکانائزڈ سینیٹیشن ایکو سسٹم (نمستے) اسکیم کے تحت مکمل پی پی ای کٹ فراہم کی گئی۔ یہ ان کے کام کے حالات کو بہتر بنانے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوا۔ اس کٹ میں حفاظتی ہیلمٹ، حفاظتی چشمہ، فلٹر کے ساتھ گیس ماسک، نائٹرائل دستانے، ربڑ کے بوٹ اور پورے جسم کو ڈھانپنے والے حفاظتی کپڑے شامل تھے۔

حفاظتی سازوسامان کی فراہمی سے صفائی ستھرائی سے متعلق کام انجام دیتے وقت مضر مادّوں سے ان کا براہِ راست واسطہ کم ہوا ہے۔ ضروری حفاظتی سامان دستیاب ہونے کے بعد اب وہ زیادہ اعتماد اور کام کی جگہ پر تحفظ کے بہتر احساس کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے پا رہے ہیں۔
اس اقدام سے پیشہ ورانہ تحفظ سے متعلق ایک دیرینہ تشویش دور ہوئی ہے اور ان کے کام کے حالات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ اگرچہ اس امداد سے ان کی آمدنی میں براہِ راست کوئی اضافہ نہیں ہوا، تاہم اس سے صحت کو لاحق ممکنہ خطرات کم کرنے اور اپنی روزی روٹی جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ اپنی صحت و سلامتی کے لیے بہتر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے میں ان کا اعتماد مضبوط ہوا ہے۔
نمستے اسکیم کے ذریعے سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت صفائی کارکنوں کو حفاظتی سازوسامان کی فراہمی اور کام کے محفوظ طریقوں کو فروغ دے کر ان کے تحفظ، وقار اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کی مسلسل کوشش کر رہی ہے۔ یہ پہل اس عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ صفائی کارکن اپنے اہم فرائض زیادہ تحفظ اور عزت و وقار کے ساتھ انجام دے سکیں۔
***
(ش ح ۔ک ا۔ ت ع)
U. No.7847