پوسٹ کرنے کی تاریخ:
18 NOV 2026 5:20PM by PIB Delhi
ہنرمندی کےفروغ اور کاروبارسے متعلق وزارت (ایم ایس ڈی ای) نے معذور افراد کے حقوق سے متعلق اقوامِ متحدہ کی خصوصی نمائندہ محترمہ ہیبا ہگراس کے ساتھ ہنرمندی کی ترقی کے شعبے میں معذور افراد کی شمولیت کو مضبوط بنانے اور روزگار و کاروبار کے مواقع بڑھانے کے حوالے سے تبادلۂ خیال کیا۔ یہ ملاقات خصوصی نمائندہ کے سرکاری دورۂ بھارت کا حصہ تھی۔
اس ملاقات میں اس بات کا جائزہ لیا گیا کہ ہنرمندی کی ترقی کے نظام کے ذریعے معذور افراد کے وقار، خودمختاری اور معاشی سرگرمیوں میں شرکت کو کس طرح فروغ دیا جا سکتا ہے۔ گفتگو میں تربیت اور سرٹیفکیشن تک رسائی سے لے کر روزگار کے حصول، ملازمت برقرار رکھنے اور پیشہ ورانہ ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ یہ تمام امور معذور افراد کے حقوق سے متعلق اقوامِ متحدہ کے کنونشن (سی آر پی ڈی) کے اصولوں کے مطابق زیرِ بحث آئے۔
اس موقع پر وزارتِ ہنرمندی کی ترقی اور کاروبار کے ایڈیشنل سیکریٹری جناب نیرنجن کمار سدھانشو نے کہا، ’’ہنرمندی کا ایک جامع نظام ایسا ہونا چاہیے جو سیکھنے والوں کی مختلف ضروریات اور ان کے عزائم کی یکساں اہمیت کو تسلیم کرے۔ معذور افراد کے لیے تربیت تک رسائی کا مطلب یہ ہونا چاہیے کہ انہیں اپنے پیشے کا انتخاب کرنے، اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے اور عملی زندگی میں آگے بڑھنے کی آزادی حاصل ہو۔ ہماری کوشش ہے کہ ہنرمندی کے حصول کے پورے عمل میں قابلِ رسائی سہولیات کو یقینی بنایا جائے اور تعلیم و تربیت کو روزگار اور ذریعۂ معاش سے منسلک کیا جائے۔ ہماری پیش رفت کا اصل پیمانہ یہ ہونا چاہیے کہ لوگوں کو کتنے مواقع میسر آئے اور وہ کس حد تک معاشی خودمختاری حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔‘‘
اس ملاقات میں قابلِ رسائی تربیتی بنیادی ڈھانچے، ڈیجیٹل تعلیمی پلیٹ فارمز، تدریسی مواد اور جائزہ لینے کے طریقۂ کار کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔ مختلف معذوریوں کے حامل افراد کو یکساں بنیادوں پر تربیت میں شرکت کے قابل بنانے کے لیے مناسب سہولیات، معاون ٹیکنالوجیز اور تربیت کاروں و جائزہ لینے والوں کی صلاحیتوں کو اہم قرار دیا گیا۔ بات چیت میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ معذور افراد کی زیادہ سے زیادہ شرکت اور شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کے ساتھ ساتھ عمومی تربیتی پروگراموں میں بھی قابلِ رسائی سہولیات اور ضروری معاونت کو شامل کیا جائے۔
مکالمے میں ہنرمندی کے فروغ اور لیبر مارکیٹ میں شمولیت کے درمیان تعلق پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس بات پر زور دیا گیا کہ حاصل کردہ مہارتوں کو پائیدار روزگار اور ذریعۂ معاش میں تبدیل کرنے کے لیے صنعتوں کی شمولیت، قابلِ رسائی کام کی جگہوں اور تربیت سے روزگار تک منتقلی کے دوران معاونت فراہم کرنا نہایت اہم ہے۔ اس کے علاوہ، معذور افراد کی ہنرمندی کی تربیت اور سرکاری ملازمتوں میں شرکت بڑھانے کے لیے معاون اقدامات پر بھی زور دیا گیا، جبکہ نجی شعبے میں ان کی شمولیت اور روزگار کے مواقع بڑھانے کی حوصلہ افزائی کی گئی۔
کاروبار اور خود روزگاری کو بھی معاشی خودمختاری کے حصول کے اہم ذرائع کے طور پر زیرِ بحث لایا گیا، جس میں معذور کاروباری افراد کی معاونت کے لیے مالی وسائل تک رسائی، رہنمائی، ٹیکنالوجی اور منڈیوں تک رسائی کے کردار کو اجاگر کیا گیا۔
معذور افراد کے حقوق سے متعلق اقوامِ متحدہ کی خصوصی نمائندہ محترمہ ہیبا ہگراس نے کہا، ’’کام کرنے کا حق دراصل سیکھنے، انتخاب کرنے اور عملی طور پر حصہ لینے کے حقیقی مواقع فراہم کرنے سے شروع ہوتا ہے۔ جامع پیشہ ورانہ تربیت کے ذریعے معذور افراد کو بدلتی ہوئی معیشت میں دستیاب تمام طرح کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے تیار کیا جانا چاہیے، جس کے لیے تربیتی نظام کی تشکیل میں قابلِ رسائی سہولیات اور مناسب معاونت کو شامل کرنا ضروری ہے۔ اس عمل میں معذور افراد اور ان کی نمائندہ تنظیموں کی بامعنی شرکت انتہائی اہم ہے۔ ان کے تجربات اور مہارتیں اداروں کو اپنے وعدوں کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنے اور مساوات و خودمختاری کو فروغ دینے میں مدد فراہم کر سکتی ہیں۔‘‘
اس مکالمے میں معذور افراد کی شمولیت کو مضبوط بنانے کے لیے مستند شواہد کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا، جس میں تربیت میں شرکت، تربیتی نتائج اور روزگار کے حصول کے راستوں کو بہتر طور پر سمجھنا شامل ہے۔ اس سلسلے میں معذور خواتین اور دیہی و پسماندہ علاقوں میں رہنے والے افراد کو درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
اس ملاقات میں جامع ہنرمندی کے فروغ کو اس وسیع تر مقصد کے تناظر میں پیش کیا گیا کہ معذور افراد معاشی اور سماجی ترقی میں مساوی شراکت دار کے طور پر اپنا کردار ادا کر سکیں۔ اس موقع پر اس بات پر تبادلۂ خیال کا پلیٹ فارم فراہم ہوا کہ کس طرح پالیسیاں، ادارہ جاتی طریقۂ کار، ٹیکنالوجی اور آجروں کی شمولیت باہمی تعاون کے ذریعے مواقع کو وسعت دے سکتے ہیں۔
معذور افراد کے حقوق سے متعلق اقوامِ متحدہ کی خصوصی نمائندہ ایک آزاد ماہر ہوتی ہیں، جن کا تقرر اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کرتی ہے۔ اس عہدے کا مقصد مکالمے، مختلف ممالک کے دوروں، سفارشات اور بہترین عملی تجربات کے تبادلے کے ذریعے معذور افراد کے حقوق کو فروغ دینا ہے۔







***
ش ح۔ ک ا۔ ت ع
U.NO.7846