پوسٹ کرنے کی تاریخ:
18 NOV 2026 5:32PM by PIB Delhi
وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے 18 نومبر ، 2026 ء کو جاپان کے یوکو سوکا میں جاپان کی بحریہ کے خود دفاعی دستے (جے ایم ایس ڈی ایف) کے بحری اڈے کا دورہ کرنے کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ ایکس ‘ پر ایک پیغام میں کہا کہ ’’ بھارت اور جاپان کے درمیان بڑھتا ہوا بحری اشتراک ، آزاد، کھلے اور اصولوں پر مبنی بحرالکاہل اور بحرِ ہند کے خطے کے لیے دونوں ممالک کے گہرے اعتماد اور مشترکہ عزم کا مظہر ہے۔ ‘‘ اس دورے کے دوران ، ان کے ساتھ جاپان کے وزیر دفاع جناب شن جیرو کوئزومی بھی موجود تھے۔ جاپان پہنچنے کے بعد ، وزیر دفاع نے اپنی مصروفیات کا آغاز وزارت دفاع کے دورے سے کیا، جہاں ان کے جاپانی ہم منصب نے ان کا استقبال کیا۔



جناب راج ناتھ سنگھ کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جس کے بعد دونوں وزراء نے وزارت میں مختصر ملاقات کی۔ بعد ازاں، وہ جاپان کی سیلف ڈیفنس فورسز (جے ایس ڈی ایف) کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے جے ایم ایس ڈی ایف کے بحری اڈے پہنچے۔ بحری اڈے پر دونوں وزراء نے موگامی کلاس کے کثیر مقصدی جنگی جہاز ’’ جے ایس ناتوری‘‘ کا دورہ کیا۔

وزیر دفاع نے بھارتی سفارت خانے کے زیر اہتمام ایک تقریب میں ٹوکیو میں مقیم بھارتی برادری کے افراد سے بھی ملاقات کی۔ اس اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ، انہوں نے بھارت کی معیشت میں آنے والی نمایاں تبدیلیوں کا ذکر کیا اور کہا کہ مغربی ایشیا کی صورتِ حال سے پیدا ہونے والے چیلنجوں کے باوجود، وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں ، بھارت دنیا کی تیزی سے ترقی کرنے والی بڑی معیشتوں میں سے ایک بن کر ابھرا ہے۔
بھارت کے دفاعی شعبے میں ہونے والی بے مثال ترقی کو اجاگر کرتے ہوئے ، جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ملک میں دفاعی ساز و سامان کی پیداوار ایک دہائی پہلے کے 48,000 کروڑ روپے سے بڑھ کر ریکارڈ 1.80 لاکھ کروڑ روپے سے تجاوز کر گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دفاعی برآمدات میں بھی غیر معمولی اضافہ درج کیا گیا ہے اور یہ 600 کروڑ روپے سے بڑھ کر اب تک کی بلند ترین سطح، یعنی 38,000 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہیں۔ یہ اضافہ بھارت کی بڑھتی ہوئی مقامی صلاحیتوں اور عالمی دفاعی منڈی میں اس کی وسعت پذیر موجودگی کا عکاس ہے۔

حکومت کی بدعنوانی کو بالکل بھی برداشت نہ کرنے کی پالیسی پر زور دیتے ہوئے ، وزیر دفاع نے کہا کہ گزشتہ 12 برسوں کے دوران بدعنوانی پر نمایاں حد تک قابو پایا گیا ہے اور فلاحی اسکیموں کے فوائد ، ان کے مستفیدین تک پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ کوئی بھی ہماری حکومت کی دیانت داری پر سوال نہیں اٹھا سکتا۔ ‘‘ انہوں نے غربت کے خاتمے اور ملک بھر میں صفائی ستھرائی کی صورتِ حال میں نمایاں بہتری لانے کے لیے حکومت کی کوششوں کو بھی اجاگر کیا۔
وزیر دفاع ، جاپان کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ 19 نومبر ، 2026 ء کو ، وہ بھارت اور جاپان کے وزرائے خارجہ اور وزرائے دفاع کے درمیان ہونے والے چوتھے مذاکرات ( 2 جمع 2) میں شرکت کریں گے اور جاپان کے وزیر دفاع کے ساتھ دو طرفہ بات چیت بھی کریں گے۔ ٹوکیو میں ہونے والے ان وزارتی مذاکرات کی مشترکہ صدارت وزیر دفاع اور وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر، جاپان کے وزیر دفاع جناب شن جیرو کوئزومی اور جاپان کے وزیر خارجہ جناب توشیمتسو موٹے گی کریں گے۔ جناب راج ناتھ سنگھ اور جناب شن جیرو کوئزومی کے درمیان ہونے والی دو طرفہ ملاقات اس سال ان کی تیسری ملاقات ہوگی۔
***
( ش ح ۔ ا ع خ ۔ ع ا )
U.No. 7848