ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ہندوستان نے سی ڈی آر آئی کو ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات جھیلنے کے لحاظ سے مستحکم بنیادی ڈھانچے کے اہم عالمی پلیٹ فارم کے طور پر پیش کیا ، انطالیہ (ترکیہ) میں کوپ 31 کے موقع پر وعدوں کو عملی اقدامات میں بدلنے کی اپیل


سی ڈی آر آئی بین الاقوامی تعاون کے ذریعے آفات کے اثرات سے نمٹنے اور ان سے محفوظ رہنے کی صلاحیت رکھنے والے بنیادی ڈھانچے کو فروغ دینے کے واسطے مؤثر عالمی پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے: جناب بھوپیندر یادو

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 18 NOV 2026 4:23PM by PIB Delhi

انطالیہ (ترکیہ)، 18 نومبر 2026

مرکزی وزیر ماحولیات، جنگلات اور ماحولیاتی تبدیلی جناب بھوپیندر یادو نے آج ترکیہ کے شہر انطالیہ میں اقوامِ متحدہ کے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق فریم ورک کنونشن (یو این ایف سی سی سی) کے کوپ 31 اجلاس کے موقع پر منعقدہ سی ڈی آر آئی کے وزارتی مذاکرے بعنوان ’موسمیاتی موافقت کے واسطے آفات سے محفوظ  رہنے کابنیادی ڈھانچہ‘ میں آفات کے اثرات سے نمٹنے والے بنیادی ڈھانچے کے فروغ کے لیے عالمی تعاون کو آگے بڑھانے میں ہندوستان کے قائدانہ کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے عملی اقدامات اور اس سلسلے میں ہونے والے مذاکرات ساتھ ساتھ جاری رہنے چاہئیں، کیونکہ بین الاقوامی سطح پر کیےجانے والے وعدوں کی کامیابی کا اصل پیمانہ یہی ہے کہ انہیں کس حد تک زمینی سطح پر ٹھوس اقدامات میں تبدیل کیا جاتا ہے۔

 

جناب بھوپیندر یادو نے موافقت، تخفیفی اقدامات اور موسمیاتی اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت کے شعبوں میں عملی نتائج حاصل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے تحت بین الاقوامی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور اجتماعی کوششوں کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے خاص طور پر ترقی پذیر ممالک کے لیے معلومات کے تبادلے، تکنیکی مہارت اور صلاحیت سازی کی اہمیت کو اجاگر کیا، تاکہ اداروں کی صلاحیتوں کو مضبوط بنایا جا سکے اور آزمودہ ٹیکنالوجیز تک رسائی آسان ہو۔ وزیر موصوف نے اس بات پر زور دیا کہ موسمیاتی اثرات کا مقابلہ کرنے کے قابل بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے لیے سستے اور پائیدار مالی وسائل کےعلاوہ مضبوط ادارہ جاتی نظام اور تکنیکی صلاحیتیں بھی ناگزیر ہیں۔

جناب  بھوپیندر یادو نے کوالیشن فار ڈیزاسٹر ریزیلنٹ انفرااسٹرکچر (سی ڈی آر آئی) کو منفرد عالمی پہل قرار دیتے ہوئے اس کے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اتحاد حکومتوں، عالمی اداروں، ترقیاتی شراکت داروں اور تکنیکی ماہرین کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر جمع کرتا ہے، تاکہ باہمی تعاون کو فروغ دیا جا سکے، بہترین طریقہ کار کا تبادلہ ہو اور بنیادی ڈھانچے کو آفات کے اثرات سے محفوظ بنانے کی صلاحیت مضبوط کی جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ کوپ 31 میں ہونے والی بات چیت سے یہ بات مزید واضح ہوئی ہے کہ آفات سے تحفظ اور ان کے اثرات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت کو ترجیح حاصل ہے۔ انہوں نے مشترکہ وعدوں کو باہمی تعاون پر مبنی اقدامات اور ٹھوس نتائج میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

 اس موقع شرکت کرنے والے ممالک کے نمائندوں نے اپنی اپنی ترجیحات اور درپیش چیلنجوں کو اجاگر کیا۔ ٹرینیڈاڈ اور ٹوباگو نے امدادی گرانٹس اور سستے مالی وسائل، خطرات کا جائزہ لینے کے آلات اور زراعتی مصنوعات کی پروسیسنگ کے شعبے میں حکومتِ ہند کے ساتھ تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ نامیبیا نے دیہی آبادی کے روزگار پر خشک سالی کے شدید اثرات کو اجاگر کرتے ہوئے بنیادی ڈھانچے کو آفات کے اثرات سے محفوظ بنانے کے لیے مناسب مالی وسائل فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ جاپان نے ابتدائی انتباہی نظام کو تیزی سے نافذ کرنے، آفات کے خطرات کو کم کرنے سے متعلق مہارتوں کے تبادلے اور خطرات سے دوچار ممالک میں علاقائی نیٹ ورکس کو مضبوط بنانے پر زور دیا۔ گوئٹے مالا نے کفایتی مالی وسائل کی ضرورت کو اجاگر کیا، جبکہ اردن نے مالی وسائل تک رسائی آسان بنانے اور بنیادی ڈھانچے کی منصوبہ بندی کو مضبوط بنانے کے لیے مزید تعاون پر زور دیا۔

********

 (ش ح ۔م ش ع  ۔ص ج )

U. No.7840


(ریلیز آئی ڈی: 2337971) وزیٹر کاؤنٹر : 6
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Gujarati