سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مالی مشکلات سے تعلیمی امنگوں تک


این ایف ایس سی فیلوشپ نے اتر پردیش کے ضلع جونپور سے تعلق رکھنے والے فرسٹ جنریشن کے طالب علم کی راہ ہموار کی

نومبر 2020 سےملنے والی فیلوشپ اور مکان کے کرائے کیلئے مالی معاونت نے ایک محقق کو پی ایچ ڈی کی تعلیم جاری رکھنے اور شعبۂ تعلیم میں اپنا کیریئر بنانے میں مدد فراہم کی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 18 NOV 2026 4:04PM by PIB Delhi

جناب راجیش کمار (نام تبدیل شدہ) کا تجربہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ہدف پر مبنی فیلوشپ کے ذریعے مالی معاونت اعلیٰ تعلیم تک رسائی کو آسان بنانے اور سماجی اعتبارسے بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

یہ مثال ظاہر کرتی ہے کہ تعلیمی معاونت کس طرح افراد کو اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے، اپنے خوابوں کو پورا کرنے اور ایک جامع و مساوی معاشرے کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کرنے کے قابل بناتی ہے۔

مالی طور پر کمزور پس منظر سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے لئے اعلیٰ تعلیم تک رسائی خاص طور پر ایک مشکل مرحلہ ہو سکتی ہے، بالخصوص ان طلبہ کے لئے جو اپنے خاندان میں پہلی مرتبہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہوں۔

اتر پردیش کے ضلع جونپور کے رہائشی جناب راجیش کمار کے لیے مالی مشکلات اور اعلیٰ تعلیم کے مواقع سے متعلق محدود معلومات ان کے تعلیمی عزائم کی راہ میں بڑی رکاوٹیں تھیں۔

پہلی نسل کے طالب علم ہونے کی وجہ سے انہیں اعلیٰ تعلیم کے مختلف مواقع اور دستیاب اسکالرشپ اسکیموں کے بارے میں بہت کم معلومات حاصل تھیں۔ مالی دشواریوں کے علاوہ خاندانی ذمہ داریوں اور سماجی دباؤ کے باعث ان کے لیے اعلیٰ تعلیم کا سلسلہ جاری رکھنا مزید مشکل ہو گیا تھا، کیونکہ ان پر فوری طور پر ملازمت حاصل کرنے یا شادی کرکے گھر بسانے کے لیے بھی دباؤ تھا۔

ان تمام مشکلات کے باوجود انہوں نے اپنی تعلیم جاری رکھنے کا عزم برقرار رکھا اور اسسٹنٹ پروفیسر بننے کا خواب دیکھا۔

نومبر 2020 میں انہیں ایک اہم سہارا اس وقت ملا جب انہوں نے وزارتِ سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات کی نیشنل فیلوشپ فار شیڈیولڈ کاسٹ اسٹوڈنٹس (این ایف ایس سی) اسکیم کے تحت مالی معاونت حاصل کرنا شروع کی۔ اس فیلوشپ کے ساتھ مکان کے کرائے کے لیے دی جانے والی مالی امداد (ایچ آر اے) نے انہیں پی ایچ ڈی کی تعلیم جاری رکھنے میں مدد فراہم کی۔

اس مالی معاونت سے اعلیٰ تعلیم کے حصول پر آنے والے اخراجات کا بوجھ کم ہوا اور انہیں راستے میں پیش آنے والی مختلف مشکلات کے باوجود اپنے تعلیمی اہداف کی جانب پیش قدمی جاری رکھنے کا موقع ملا۔

اس معاونت نے انہیں ایسے وقت میں اپنی تعلیم پر توجہ مرکوز کرنے کا موقع فراہم کیا جب مالی اور سماجی حالات بصورتِ دیگر ان کے تعلیمی انتخاب اور مستقبل کے امکانات کو محدود کر سکتے تھے۔

مالی معاونت کے علاوہ، اس فیلوشپ نے تعلیمی مواقع تک ان کی رسائی کو وسعت دینے میں بھی اہم رول ادا کیا۔ ان کے مطابق، اس معاونت نے انہیں مختلف رکاوٹوں سے آگے بڑھنے اور ایک تعلیم یافتہ اور سماجی شعور رکھنے والا فرد بننے کی جانب پیش قدمی کرنے میں مدد فراہم کی۔

آج جناب کمار ایک خود مالی اعانت سے چلنے والے کالج میں بطور استاد خدمات انجام دے رہے ہیں اور شعبۂ تعلیم سے وابستہ ہیں۔ ان کا موجودہ کردار اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ انہوں نے اپنے تعلیمی سفر کو کس طرح پیشہ ورانہ خدمات میں تبدیل کیا ہے۔ اسسٹنٹ پروفیسر بننے کا ان کا خواب آج بھی ان کے تعلیمی سفر کی رہنمائی کرنے والا اہم مقصد ہے۔

ان کا یہ سفر اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ پہلی نسل کے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے حصول کے قابل بنانے کے لیے مسلسل مالی معاونت کتنی اہم ہے۔ معاشی رکاوٹوں کو کم کرنے کے ذریعے نیشنل فیلوشپ فار شیڈیولڈ کاسٹ اسٹوڈنٹس (این ایف ایس سی) اسکیم طلبہ کو اپنی تعلیم جاری رکھنے اور اپنے پیشہ ورانہ عزائم کی تکمیل کی جانب آگے بڑھنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔

***

ش ح۔ ک ا۔ ت ع

U.NO.7838


(ریلیز آئی ڈی: 2337965) وزیٹر کاؤنٹر : 6
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी