پوسٹ کرنے کی تاریخ:
17 NOV 2026 7:17PM by PIB Delhi
تجارت و صنعت کے مرکزی وزیر جناب پیوش گوئل 17 سے 18 نومبر 2026 تک جمہوریہ اٹلی کے سرکاری دورے پر ہیں۔ اس دورے کا مقصد بھارت-اٹلی اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانا ہے، جس میں دو طرفہ تجارت کو وسعت دینے، سرمایہ کاری کو فروغ دینے، صنعتی اور تکنیکی تعاون کو گہرا کرنے، اور کاروباری و اسٹارٹ اپ روابط کو مستحکم کرنے پر خاص زور دیا جائے گا۔
بھارت اور اٹلی کے درمیان تاریخی، تہذیبی اور عوامی روابط پر مبنی دیرینہ تعلقات ہیں، جو سیاسی، اقتصادی، دفاعی، سائنسی اور ثقافتی تعاون پر مشتمل ایک کثیر جہتی شراکت داری میں تبدیل ہو چکے ہیں۔ وزیرِ اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں، بھارت-اٹلی تعلقات نے نئی رفتار حاصل کی ہے، جس کا اختتام وزیرِ اعظم کے 19-20 مئی 2026 کو اٹلی کے دورے کے دوران دو طرفہ تعلقات کو ایک خصوصی اسٹریٹجک شراکت داری تک بلند کرنے پر ہوا۔ دونوں ممالک بھارت-اٹلی مشترکہ اسٹریٹجک ایکشن پلان 2025-29 پر عمل پیرا ہیں اور انھوں نے 2029 تک سالانہ دو طرفہ تجارت کو 20 بلین یورو تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
دورے کے دوران، جناب پیوش گوئل اٹلی کے نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ و بین الاقوامی تعاون عزت مآب جناب انتونیو تاجانی کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کریں گے۔ وہ اقتصادی تعاون کے لیے بھارت-اٹلی مشترکہ کمیشن (جے سی ای سی) کے 23ویں اجلاس کی مشترکہ صدارت بھی کریں گے اور بھارت-اٹلی بزنس اینڈ انوویشن فورم میں شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ، وزیر اٹلی کی سرکردہ کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران سے ملاقات کریں گے اور بھارتی کاروباری وفد کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے۔ اِن سرگرمیوں سے دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری، صنعتی تعاون اور جدت طرازی کے روابط کو مزید تقویت ملنے کی توقع ہے۔
بھارت-اٹلی جے سی ای سی کا 23واں اجلاس جناب پیوش گوئل اور عزت مآب جناب انتونیو تاجانی کی مشترکہ صدارت میں 18 نومبر 2026 کو روم میں وزارتِ خارجہ و بین الاقوامی تعاون میں منعقد ہوگا۔
جے سی ای سی بھارت-اٹلی اقتصادی اور تجارتی تعاون کا جائزہ لینے اور اس کی رہ نمائی کرنے کا بنیادی ادارہ جاتی طریقہ کار ہے۔ 22واں اجلاس، جس کی مشترکہ صدارت دونوں وزرا نے جون 2025 میں بریشیا میں کی تھی، نے صنعت 4.0، ایرو اسپیس، توانائی کی منتقلی اور پائیدار نقل و حرکت میں تعاون کو ترجیح دی تھی، اور آٹوموبائلز اور خلائی شعبے پر مشترکہ ورکنگ گروپس قائم کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ 23واں اجلاس دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات میں پیش رفت کا جائزہ لینے اور دو طرفہ تجارتی ٹوکری کو مزید متنوع بنانے اور وسعت دینے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔ گفت و شنید میں آٹوموبائلز اور آٹو کمپونینٹس، صنعتی مشینری، زراعت اور فوڈ پروسیسنگ، فارماسیوٹیکلز اور کیمیکلز، قابلِ تجدید توانائی، ایرو اسپیس اور خلائی شعبہ، اسٹارٹ اپس اور جدت طرازی، اور کنیکٹیویٹی، باہمی دل چسپی کے دیگر شعبوں کے علاوہ شامل ہوں گے۔
اٹلی یورپی یونین میں بھارت کا چوتھا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ اپریل-اگست 2026 کے دوران، اٹلی کو بھارت کی برآمدات پچھلے سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 29.9 فیصد بڑھ کر 3.92 بلین امریکی ڈالر ہو گئیں۔ اٹلی کو بھارت کی اہم برآمدات میں لوہا اور فولاد اور دھاتی مصنوعات، برقی اور الیکٹرانک آلات، کیمیکلز، اور ٹیکسٹائل اور ملبوسات شامل ہیں، جب کہ اس کی اہم درآمدات میں مشینری اور برقی آلات، کیمیکلز اور دھاتی مصنوعات شامل ہیں۔
ایک اعلیٰ سطحی بھارتی کاروباری وفد، جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے تقریباً 80 کاروباری رہ نما اور اسٹارٹ اپ شامل ہیں، 18 نومبر 2026 کو روم میں بھارت-اٹلی بزنس اینڈ انوویشن فورم میں شرکت کرے گا۔ فورم میں اطالوی فروغ ایجنسیوں، یعنی آئی سی ای - اطالوی ٹریڈ ایجنسی، کاسا ڈیپوزیٹی ای پریستی (سی ڈی پی)، ایس اے سی ای اور سائمیسٹ کے ساتھ ایک انٹرایکٹو سیشن، کاروباری ملاقاتیں، اور آٹوموٹو کمپونینٹس؛ صنعتی اور زرعی خوراک مشینری اور فوڈ پروسیسنگ؛ فارماسیوٹیکلز اور کیمیکلز؛ اور قابلِ تجدید توانائی اور سرکلر اکانومی پر متوازی موضوعاتی سیشن شامل ہوں گے۔
جناب پیوش گوئل کاروباری وفد کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے اور عزت مآب جناب انتونیو تاجانی کے ساتھ فورم کے مکمل اجلاس سے خطاب کریں گے۔
بزنس اینڈ انوویشن فورم کے حصے کے طور پر اسٹارٹ اپس اور جدت طرازوں پر ایک وقف شدہ انوویشن فورم بھی منعقد کیا جائے گا۔ بھارت دنیا کے تیسرے سب سے بڑے اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کا گھر ہے، جس میں 31 اکتوبر 2026 تک اسٹارٹ اپ انڈیا پہل کے تحت 2.61 لاکھ سے زیادہ اسٹارٹ اپس کو تسلیم کیا گیا ہے۔ یہ فورم بھارتی اسٹارٹ اپس کو اطالوی سرمایہ کاروں، تحقیقی اداروں اور صنعت کے ساتھ مشغول ہونے، اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں شراکت داری، مارکیٹ تک رسائی اور تعاون کو تلاش کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔
دورے کے دوران، جناب پیوش گوئل بھاری انجینئرنگ، ایوی ایشن سروسز اور صاف توانائی جیسے شعبوں میں اٹلی کی سرکردہ کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران کے ساتھ بھی ملاقاتیں کریں گے تاکہ بھارت میں سرمایہ کاری اور شراکت داری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔ فورم کے بعد، بھارتی کاروباری وفد کے ارکان 19 نومبر 2026 کو اٹلی میں صنعتی دورے کریں گے۔
یہ دورہ اٹلی کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے بھارت کے مسلسل عزم کا غماز ہے، جو یورپی یونین میں ایک اہم شراکت دار اور بحیرہ روم کے خطے میں ایک کلیدی معیشت ہے۔ جنوری 2026 میں بھارت-یورپی یونین آزاد تجارتی معاہدے کے مذاکرات کے اختتام کے ساتھ، دونوں ممالک کے پاس مینوفیکچرنگ، آٹوموبائلز، مشینری، فوڈ پروسیسنگ، فارماسیوٹیکلز، کیمیکلز، ٹیکسٹائل، قابلِ تجدید توانائی، ایرو اسپیس اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز سمیت تمام شعبوں میں دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو وسعت دینے کے اہم مواقع ہیں۔
اس دورے سے بھارت-اٹلی خصوصی اسٹریٹجک شراکت داری کو نئی رفتار ملنے، ادارہ جاتی تعاون کو مضبوط بنانے اور دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کے لیے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔
***
(ش ح - ع ا)
U.No. 7807