پوسٹ کرنے کی تاریخ:
16 NOV 2026 7:52PM by PIB Delhi
سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی مرکزی وزارت، قومی راجدھانی دہلی کے بھارت منڈپم میں جاری بھارت کے 45ویں بین الاقوامی تجارتی میلے (آئی آئی ٹی ایف) 2026 میں اپنی شرکت کے ذریعے روایتی دستکاری، کاروباری سرگرمیوں اور پائیدار روزگار کے مواقع کو مسلسل فروغ دے رہی ہے۔

وزارت کے پویلین میں 15 نومبر 2026 تک مجموعی طور پر تقریباً 5.50 لاکھ روپے کی فروخت درج کی گئی ہے، جو سماج کے محروم اور پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے دستکاروں اور کاروباری افراد کے لیے پیدا ہونے والے بازاری مواقع کی عکاسی کرتی ہے۔

آئی ٹی پی او کے گراؤنڈ فلور پر واقع ہال نمبر 5 میں وزارت کا پویلین ہندوستان کی مالا مال فنکارانہ روایات، مقامی دستکاری اور کاروباری صلاحیتوں کو پیش کرنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔ ملک کے مختلف خطوں سے تعلق رکھنے والے دستکاروں کی شرکت، بازار تک رسائی کے روابط مضبوط بنانے اور روایتی مصنوعات تیار کرنے والوں اور صارفین کے درمیان براہ راست رابطے کو آسان بنانے کے لیے وزارت کی مسلسل کوششوں کی عکاسی کرتی ہے۔

وزارت کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ اس تجارتی میلے میں وزارت کی تین ایپیکس کارپوریشنز کے ذریعے 19 ریاستوں کے 130 سے زائد دستکار شرکت کر رہے ہیں۔ ان میں نیشنل شیڈیولڈ کاسٹس فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایس ایف ڈی سی)، نیشنل بیک ورڈ کلاسز فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این بی سی ایف ڈی سی) اور نیشنل صفائی کرمچاریز فنانس اینڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (این ایس کے ایف ڈی سی) شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شرکت کرنے والے دستکار دستکاری کی مختلف مصنوعات، ہینڈلوم اشیا، ہاتھ سے تیار کردہ سامان اور دیگر روایتی مصنوعات کی نمائش کر رہے ہیں، جو ہندوستان کے مالا مال ثقافتی ورثے اور مقامی ہنرمندی کی عکاسی کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ پویلین دستکاروں کو زائرین سے براہ راست بات چیت کرنے، صارفین کی پسند کو سمجھنے، بازار کے ابھرتے ہوئے رجحانات سے واقف ہونے اور اپنی مصنوعات کی فروخت کے ذریعے آمدنی حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرتا ہے۔

عہدیدار نے کہا کہ 15 نومبر تک تقریباً 5.50 لاکھ روپے کی مجموعی فروخت وزارت کی جانب سے بازار پر مبنی روزگار کے مواقع کو فروغ دینے کی کوششوں میں ایک حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔ اس سے دستکاروں کو اپنی مصنوعات کی تشہیر اور شناخت بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ صارفین کے وسیع تر حلقے تک رسائی اور ان سے روابط قائم کرنے میں بھی مدد مل رہی ہے۔

عہدیدار نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کے وژن اور ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس‘ کے اصول سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے وزارت درج فہرست ذاتوں، پسماندہ طبقات، صفائی متروں اور ڈی نوٹیفائیڈ، خانہ بدوش اور نیم خانہ بدوش قبائل (ڈی این ٹی) سے تعلق رکھنے والے دستکاروں اور کاروباری افراد کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور ملک کی مرکزی دھارے کی معاشی سرگرمیوں میں زیادہ فعال طور پر حصہ لینے کے مواقع فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی آئی ٹی ایف 2026 میں وزارت کی شرکت کا ایک اہم پہلو ٹولیپ (روایتی دستکاروں کی ترقی اور روزگار کا پروگرام) برانڈ کو فروغ دینا ہے، جس کا مقصد روایتی دستکاروں کی تیار کردہ مصنوعات کی شناخت، مقبولیت اور بازار تک رسائی کو مضبوط بنانا ہے۔

عہدیدار نے بتایا کہ ٹولیپ پہل کا حال ہی میں قومی راجدھانی کے دلی ہاٹ میں منعقدہ ’شلپ سماگم میلے‘ کے دوران سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کے مرکزی وزیر ڈاکٹر ویریندر کمار نے افتتاح کیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس پہل کا مقصد دستکاروں کی تیار کردہ مصنوعات کو فروغ دینے اور انہیں قومی و بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی فراہم کرنے کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم تیار کرنا ہے۔

عہدیدار نے کہا کہ ٹولیپ کے ذریعے وزارت روایتی دستکاری کو صارفین کی موجودہ پسند اور بازار کی ابھرتی ہوئی ضروریات سے جوڑنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس پہل کا مقصد ہندوستان کے فنکارانہ ورثے کو محفوظ رکھنے کے ساتھ ساتھ دستکاروں میں اختراع، کاروباری سرگرمیوں اور معاشی خود انحصاری کو بھی فروغ دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تجارتی میلے میں وزارت کی شرکت اس بات کو ظاہر کرتی ہے کہ قومی سطح کی نمائشیں چھوٹے کاروباری افراد اور روایتی دستکاروں کے لیے مارکیٹنگ کے مواقع کو وسعت دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

عہدیدار نے کہا کہ ایسے پلیٹ فارم دستکاروں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے، ممکنہ خریداروں سے براہ راست رابطہ قائم کرنے، بازار میں اپنی موجودگی مضبوط بنانے اور طویل مدتی کاروباری ترقی کے مواقع تلاش کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

جاری نمائش میں وزارت کی ایپیکس کارپوریشنز کے ذریعے روزگار کے فروغ اور معاشی بااختیاری کے لیے کی جانے والی کوششوں کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔ اہم تجارتی میلوں اور نمائشوں میں شرکت کے مواقع فراہم کرکے یہ کارپوریشنز اپنے مستفیدین کے لیے بازار تک بہتر رسائی، مصنوعات کی زیادہ تشہیر اور آمدنی حاصل کرنے کے وسیع تر مواقع پیدا کرنے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔

وزارت کا پویلین مختلف سماجی اور جغرافیائی پس منظر سے تعلق رکھنے والے دستکاروں کی مصنوعات، ہنرمندی اور کاروباری صلاحیتوں کو مرکزی بازار تک پہنچا کر آئی آئی ٹی ایف 2026 میں سماجی اور معاشی شمولیت کے ایک اہم پہلو کو اجاگر کر رہا ہے۔

13 نومبر 2026 کو افتتاح ہونے والا بھارت کا 45واں بین الاقوامی تجارتی میلہ 2026 تجارت، کاروبار، صنعت اور ثقافتی تبادلے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ہے۔ اس میلے میں وزارت کی مسلسل شرکت اس کے اس عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ روایتی دستکاروں اور کاروباری افراد کو بازار کے بڑھتے ہوئے مواقع سے فائدہ پہنچانے کے ساتھ ساتھ ملک کی معاشی ترقی میں ان کے بامعنی کردار کو یقینی بنایا جائے۔

ٹولیپ جیسی پہل اور قومی نمائشوں میں شرکت کے ذریعے سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت، ’وکست بھارت@2047‘ کے وژن کے مطابق پائیدار روزگار کے مواقع کو مضبوط بنانے، مقامی دستکاری کو فروغ دینے اور جامع سماجی و معاشی ترقی کو آگے بڑھانے کے لیے پُرعزم ہے۔
****
ش ح ۔ م د ۔ م ص
(U : 7751 )