کامرس اور صنعت کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

تھائی لینڈ کے نونتھابوری میں منعقدہ 14ویں مشترکہ تجارتی کمیٹی کے اجلاس میں ہندوستان اور تھائی لینڈ کے درمیان دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کا جائزہ


مالی سال 2025-26 میں ہندوستان اور تھائی لینڈ کے درمیان دوطرفہ تجارت 12.6 فیصد اضافے کے ساتھ 21.49 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئی

ہندوستان اور تھائی لینڈ کے درمیان یو پی آئی رابطے، مقامی کرنسی میں لین دین اور مالیاتی ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون پر تبادلۂ خیال

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 16 NOV 2026 7:34PM by PIB Delhi

ہندوستان اور تھائی لینڈ کی مشترکہ تجارتی کمیٹی (جے ٹی سی) کا 14واں اجلاس 16 نومبر 2026 کو تھائی لینڈ کے نونتھابوری میں وزارت تجارت کے دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی مشترکہ صدارت وزارت تجارت و صنعت کے محکمہ تجارت کے ایڈیشنل سکریٹری جناب نتن کمار یادو اور تھائی لینڈ کی وزارت تجارت کے محکمہ تجارتی مذاکرات کی ڈائریکٹر جنرل محترمہ چوٹیما ایمسواسدیکول نے کی۔ دونوں ممالک کی متعلقہ وزارتوں، محکموں اور تنظیموں کے نمائندوں نے بھی اس اجلاس میں شرکت کی۔

دونوں فریقوں نے دوطرفہ تجارت میں حوصلہ افزا پیش رفت کا ذکر کیا، جو مالی سال 2025-26 میں 12.6 فیصد اضافے کے ساتھ 21.49 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئی۔ آسیان کے ساتھ ہندوستان کی مجموعی تجارت میں تھائی لینڈ کا حصہ 16.7 فیصد رہا۔ مشترکہ صدور نے تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں مشترکہ تجارتی کمیٹی کے کردار کا اعتراف کیا اور دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری کو وسعت دینے اور منڈیوں تک رسائی کو آسان بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

ہندوستان نے بنیادی ڈھانچے اور رسد، گاڑیوں اور برقی گاڑیوں، غذائی اجناس کی تیاری اور زرعی صنعت، الیکٹرانکس اور سیمی کنڈکٹرز نیز سیاحت، مہمان نوازی اور صحت و تندرستی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کو اجاگر کیا۔ تھائی لینڈ نے اپنے اقتصادی منظرنامے اور سرمایہ کاری کو آسان بنانے کے اقدامات سے آگاہ کیا اور اپنا ’’مشترکہ تخلیق، مشترکہ سرمایہ کاری‘‘ (کو-کری ایشن کو-انویسٹمنٹ) کا طریقۂ کار پیش کیا۔ ہندوستان نے اس طریقۂ کار کا خیرمقدم کیا اور متعلقہ وزارتوں اور محکموں سے مشاورت کے بعد اس کا مزید جائزہ لینے پر اتفاق کیا۔

اجلاس میں آسیان-ہندوستان اشیا کی تجارت کے معاہدے (اے آئی ٹی آئی جی اے) اور ہندوستان-تھائی لینڈ ابتدائی فصل اسکیم (ارلی ہارویسٹ اسکیم) سے استفادے کو بڑھانے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقوں نے دوطرفہ تجارتی اعداد و شمار اور ترجیحی تجارتی سہولتوں سے استفادے سے متعلق معلومات کے سالانہ تبادلے کے لیے ایک طریقۂ کار وضع کرنے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا، تاکہ ترجیحی تجارت کو فروغ دینے کے شعبوں کی نشاندہی اور عمل درآمد سے متعلق چیلنجوں کو دور کیا جا سکے۔ دونوں فریقوں نے اے آئی ٹی آئی جی اے کے جائزے کو جلد اور بامعنی طور پر مکمل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

مذاکرات میں منڈیوں تک مؤثر رسائی کو یقینی بنانے اور تاجروں کو درپیش مسائل حل کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔ ان مسائل میں زرعی پیداوار، مویشیوں اور سمندری مصنوعات کے لیے منڈیوں تک رسائی، حفظانِ صحت اور نباتاتی حفظانِ صحت سے متعلق اقدامات (ایس پی ایس)، تصدیق کے طریقۂ کار، معیار اور ضابطہ جاتی تقاضے نیز غیر محصولات پر مبنی رکاوٹوں کا خاتمہ شامل تھے۔

دونوں فریقوں نے ادویہ سازی اور صحت کی دیکھ بھال، آیوش اور روایتی طریقۂ علاج، ٹیکسٹائل، پلاسٹک اور پیٹرو کیمیکلز، جواہرات اور زیورات کے علاوہ خدمات کے شعبے میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا۔ تجارت کے فروغ سے متعلق تنظیموں کے درمیان اشتراک پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

دونوں ممالک نے ادائیگیوں اور مالیاتی رابطوں کے امور پر بھی غور کیا، جن میں ہندوستان کے یو پی آئی کو تھائی لینڈ کے پرامپٹ پے سے منسلک کرنا، مقامی کرنسی میں لین دین اور ریزرو بینک آف انڈیا اور بینک آف تھائی لینڈ کے درمیان مالیاتی ٹیکنالوجی (فن ٹیک) کے شعبے میں تعاون شامل ہے۔

اس اجلاس میں ہندوستان اور تھائی لینڈ کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو مستحکم بنانے کے دونوں فریقوں کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ مشترکہ صدور نے متعلقہ افسران کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھیں اور باہمی تعاون کی رفتار برقرار رکھنے کے لیے مشترکہ تجارتی کمیٹی کے اگلے اجلاس سے قبل افسران کی سطح پر اجلاس منعقد کریں۔ مشترکہ تجارتی کمیٹی کا اگلا اجلاس ہندوستان میں منعقد ہوگا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image001_20261116193527_d66130.jpg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image002_20261116193532_d721dc.jpg

****

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-7753


(ریلیز آئی ڈی: 2337163) وزیٹر کاؤنٹر : 3
یہ ریلیز پڑھیں: English