بندرگاہوں، جہازرانی اور آبی گزرگاہوں کی وزارت
پوسٹ کرنے کی تاریخ:
16 NOV 2026 6:54PM by PIB Delhi
نئی دہلی، 16 نومبر 2026: بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کے مرکزی وزیر سربانند سونووال نے عالمی جہاز ساز کمپنیوں، شپنگ لائنز اور مالیاتی اداروں کو سرمایہ کاری کی دعوت دی، کیونکہ تخمینوں کے مطابق پانچ نئے گرین فیلڈ ساحلی شپ بلڈنگ کلسٹرز میں تقریباً 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا ہدف 2030 تک دنیا کے سرفہرست 10 اور 2047 تک سرفہرست 5 جہاز سازی کرنے والے ممالک میں شامل ہونا ہے۔
سونووال نے یہ پیشکش آج یہاں بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کی وزارت کی میزبانی میں منعقدہ 'انڈیا شپ بلڈنگ انویسٹمنٹ کانکلیو 2026' میں کی۔ انہوں نے جہاز سازی اور جہازوں کی مرمت کی صنعت کے لیے ایک ڈیجیٹل پورٹل 'نؤکوش' کا بھی آغاز کیا، اور اس کانکلیو کے دوران ڈیمن شپ یارڈز اور کوچین شپ یارڈ کے درمیان مستقبل کے جہاز سازی منصوبوں پر باہمی تعاون کے لیے ایک مفاہمتی عرضداشت پر دستخط بھی ہوئے۔
سربانند سونووال نے کہا، "بھارت دنیا کے بحری جہاز بنانے کے لیے تیار ہے۔ بھارت میں بنائیں، بھارت کے لیے اور پوری دنیا کے لیے۔" یہ کانکلیو وزیرِ اعظم نریندر مودی کی قیادت میں گزشتہ سال حکومت کی جانب سے منظور کردہ 8 ارب ڈالر کے جہاز سازی کے مالیاتی پیکیج کی بنیاد پر منعقد کیا گیا ہے۔
مرکزی وزیر سربانند سونووال نے سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے ملکی اور برآمدی طلب کا حوالہ دیا۔ وزیر نے کہا کہ نشاندہی کی گئی ملکی طلب میں 400 سے زائد بحری جہاز شامل ہیں، جو تقریباً 24 ارب ڈالر کے سرمایہ کاری کے مواقع کی نمائندگی کرتے ہیں۔ زیرِ تکمیل آرڈرز میں 1.7 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے 150 سے زیادہ جہاز شامل ہیں، اور اس مجموعی مالیت میں برآمدی آرڈرز کا حصہ 80 فیصد سے زیادہ ہے۔
سرمایہ کاری کی یہ مہم پانچ گرین فیلڈ کلسٹرز پر مرکوز ہے جنہیں حکام نے تعمیر کے لیے تیار قرار دیا ہے: آندھرا پردیش میں دوگاراجاپٹنم، گجرات میں کُچھڑی، مہاراشٹر میں دیگھی، اڈیشہ میں کیندرپاڑہ اور تمل ناڈو میں توتوکوڈی۔ مرکزی اور ریاستی ٹیموں نے سرمایہ کاروں کو دستیاب زمین، معاون پالیسیوں، اور شپ یارڈز، کل پرزے بنانے والوں اور متعلقہ بحری کاروباروں کے لیے مرکز اور ریاست کی مشترکہ حمایت کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔
سونووال نے کہا کہ یہ کلسٹرز مینوفیکچرنگ، ٹیکنالوجی، روزگار اور برآمدات میں نئے مواقع پیدا کریں گے۔ سونووال نے مزید کہا، "وزیرِ اعظم نریندر مودی کی متحرک قیادت میں، امدادِ باہمی پر مبنی وفاقی نظام 'میک ان انڈیا' کے اگلے باب کو آگے بڑھا رہا ہے۔ آندھرا پردیش، گجرات، مہاراشٹر، اڈیشہ اور تمل ناڈو نے ثابت کر دیا ہے کہ بھارت کی ساحلی ریاستیں اس مشن میں محض میزبان نہیں بلکہ برابر کی شریک ہیں۔ ہم اسے 'ٹیم انڈیا' کے طور پر آگے بڑھا رہے ہیں تاکہ سرمایہ کاروں کو بغیر کسی تاخیر کے زمین، منظوری اور پالیسی کی حمایت حاصل ہو سکے۔
30 بین الاقوامی شپ یارڈز کے اعلیٰ عہدیداران بھارتی صنعتی رہنماؤں کے ہمراہ شپنگ کمپنیوں، آلات بنانے والوں، بینکوں، سرمایہ کاروں اور سفارتی مشنوں کے ساتھ شریک ہوئے۔ شرکت کرنے والوں میں ایچ ڈی کے ایس او ای، سیم سنگ ہیوی انڈسٹریز، ہنوا اوشن، فنکینٹیری، میئر ویرفٹ، ڈیمن، رائل آئی ایچ سی، ایورلینس، مِٹسوئی انجنز، وارٹسیلا، کونگسبرگ، ڈرائی ڈاکس ورلڈ دبئی، مرسک، ایم ایس سی، سی ایم اے سی جی ایم، ایم او ایل اور ڈی پی ورلڈ شامل تھے۔
مرکزی وزیر سربانند سونووال کے جنوبی کوریا کے حالیہ دورے کے بعد بھارت میں تعینات کوریائی سفیر نے بھی ایک بڑے وفد کی قیادت کی۔ ایچ ڈی کے ایس او ای، سیم سنگ ہیوی انڈسٹریز اور ہنوا اوشن جنوبی کوریا کی تین سب سے بڑی جہاز ساز کمپنیاں ہیں؛ اس کے علاوہ شپنگ کمپنی ایچ ایم ایم نے بھی شرکت کی۔ ان کی یہ شرکت 'وویجز' یعنی "وژن فار آپریشن آف یارڈ اسسٹڈ گروتھ ود ایفیشینسی اینڈ اسکیل" کی بنیاد پر ہے، جو کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی اور جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ کی جانب سے اپریل 2026 میں دستخط کی گئی ایک شراکت داری ہے، جس کا مقصد کوریائی جہاز سازی کی مہارت کو بھارت کے 'میری ٹائم امرت کال وژن 2047' کے ساتھ جوڑنا ہے۔
نؤکوش، جسے وزارت کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میری ٹائم ایڈمنسٹریشن (ڈی جی ایم اے) نے تیار کیا ہے، تمام پالیسیوں، سرکاری منظوریوں اور سرمایہ کاری کے مواقع کو ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر یکجا کرتا ہے، جس کے بارے میں سربانند سونووال نے کہا کہ اس سے شفافیت اور کاروبار کرنے میں آسانی کو فروغ ملے گا۔ یہ پورٹل شپ یارڈز، جہازوں کی مرمت کے مراکز، آلات بنانے والوں، ڈیزائن ایجنسیوں، درجہ بندی کرنے والے اداروں، تحقیق و تربیت کے اداروں، مالیاتی اداروں، انشورنس کمپنیوں اور ریگولیٹرز کو خدمات فراہم کرتا ہے۔
اس کے ماڈیولز میں انڈسٹری ڈائریکٹری، شپ یارڈ کی صلاحیتوں کا ڈیٹا، ایک باہمی تعاون کا مرکز، مالیات اور انشورنس کی معلومات، ایک تکنیکی لائبریری، ایک اختراعی مرکز، تربیت و سرٹیفیکیشن، اور ضابطہ کار رہنمائی شامل ہیں۔ ایک عوامی ہوم پیج ڈیش بورڈ شپ یارڈ اور پیداواری صلاحیت کے اشاریے، حوالے کیے گئے اور زیرِ آرڈر بحری جہازوں کی تفصیلات، اور اس شعبے کی تازہ ترین معلومات دکھائے گا۔
'گلوبل میری ٹائم لیڈرز اوپن ہاؤس' میں، اعلیٰ عہدیداران نے سرکاری حکام کو پالیسی اور طویل مدتی منصوبوں پر براہِ راست اپنی رائے دی۔ اس کے بعد وفود نے مخصوص معاہدوں کو حتمی شکل دینے کے لیے ریاستی کلسٹر ٹیموں، مرکزی وزارتوں اور مالیاتی اداروں کے ساتھ بالمشافہ ملاقاتیں کیں۔ ریاستی حکومتوں نے کل (بروز منگل، 17 نومبر) 10 بین الاقوامی وفود کے لیے کلسٹر کے مقامات کا معائنہ کرنے کی غرض سے دوروں کا انتظام کیا ہے۔
سونووال نے کہا، "آج عالمی رہنماؤں کی شرکت جہاز سازی کے ایک مرکز کے طور پر بھارت پر بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔ یقینی طلب، مضبوط پالیسی حمایت، مخصوص مالیاتی وسائل اور پانچ تیار ساحلی کلسٹرز کے ساتھ، بھارت طویل مدتی سرمایہ کاری کے لیے ایک پُرکشش موقع فراہم کرتا ہے۔ اب ہماری ترجیح آج کے مذاکرات کو زمینی سطح پر عملی منصوبوں میں تبدیل کرنا ہے۔"
سونووال نے اس کاوش کو وزیرِ اعظم مودی کی قیادت سے جوڑتے ہوئے کہا کہ جہاز سازی 'آتم نربھر بھارت' اور 'وکست بھارت' کے سفر کا ایک اہم ستون بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس شعبے میں ترقی سے بھارتی صنعتوں، کاروباری اداروں اور نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کی وزارت کے سکریٹری وجے کمار نے کہا کہ مذاکرات "مرکوز اور عملی" رہے۔ انہوں نے مزید کہا، "اب ہر سرمایہ کار کے پاس کلسٹر اسپیشل پرپز وہیکلز، ریاستی حکومتوں اور وزارت میں رابطے کا ایک واضح ذریعہ موجود ہے، اور ہم آنے والے ہفتوں میں ہر رابطے اور پیش رفت کی باریک بینی سے پیروی کریں گے۔
مرکزی وزیر سربانند سونووال کے ہمراہ وزارت کے سکریٹری سمیت مرکزی وزارتوں، ریاستی حکومتوں اور بڑی بندرگاہوں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔


*****
(ش ح –ا ب ن)
U.No:7748