پوسٹ کرنے کی تاریخ:
16 NOV 2026 5:43PM by PIB Delhi
مرکزی وزیر برائے ریلوے، اطلاعات و نشریات اور الیکٹرانکس و اطلاعاتی ٹیکنالوجی اشونی ویشنو اور کانپور کے رکن پارلیمنٹ رمیش اوستھی نے آج نئی کانپور ایکسپریس کو ہری جھنڈی دکھاکر افتتاحی سفر کیلئے روانہ کیا۔
یہ ٹرین کانپور سینٹرل اور آنند وہار ٹرمینل کے درمیان دونوں سمتوں میں چلے گی اور ان دونوں شہروں کے درمیان آمد و رفت کی سہولت فراہم کرے گی۔
اس موقع پر کانپور نگر نگم کی میئر پرمیلا پانڈے اور اکبرپور کے رکن پارلیمنٹ دیویندر سنگھ بھولے سمیت دیگر معزز شخصیات اور ریلوے کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔

روزانہ چلنے والی اس نئی ریل سے، اتر پردیش اور قومی راجدھانی خطے (این سی آر) کے درمیان ریل رابطے کو مزید مضبوطی حاصل ہوگی اور کانپور سے دہلی کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کو آمدورفت کا ایک اضافی متبادل حاصل ہو گا۔
اہم صنعتی اور تجارتی مراکز کے درمیان رابطے کو فروغ دے گی نئی ٹرین سروس
428 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے والی اس ٹرین میں 22 جدید ایل ایچ بی کوچ ہوں گے اور یہ اپنے راستے میں کئی اہم قصبوں اور اقتصادی مراکز کو جوڑے گی۔
اس ٹرین سروس سے پھپھوند کے مسافروں کو فائدہ ہوگا، جہاں سے اوریا کے صنعتی علاقوں، بشمول این ٹی پی سی اوریا اور جی اے آئی ایل پاتا تک رسائی حاصل ہوگی۔ اس کے علاوہ یہ ٹرین ایک اہم زرعی مرکز اٹاوہ اور شیشے کی صنعت کے لیے مشہور فیروزآباد خطے کو ریل رابطہ فراہم کرنے والے ٹنڈلا کے مسافروں کے لیے بھی مفید ثابت ہوگی۔
یہ ٹرین ہاتھرس کو بھی جوڑے گی، جو ہینگ کی تیاری، پیتل کے سامان اور زرعی مصنوعات پر مبنی صنعتوں کے لیے مشہور ہے۔ اس کے علاوہ یہ علی گڑھ سے بھی گزرے گی، جو تالوں کی صنعت کا ایک اہم مرکز ہونے کے ساتھ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کا شہر بھی ہے۔ اس ٹرین سے سرامک اور مٹی کے برتنوں کی صنعت کے لیے مشہور خورجہ تک ریل رابطہ بھی مزید مضبوط ہوگا۔
مزید برآں، یہ ٹرین ایک اہم رسد اور صنعتی مرکز دادری کو قومی راجدھانی خطے کے بڑے صنعتی مراکز میں سے ایک غازی آباد سے جوڑے گی اور اس کے بعد دہلی کے ایک اہم کثیر ذرائع نقل و حمل کے مرکز آنند وہار ٹرمینل پہنچے گی۔
علاقائی ترقی اور مسافروں کی سہولت میں اضافہ
نئی ٹرین سروس کے ذریعے کانپور اور دہلی کے آنند وہار ٹرمینل کے درمیان براہ راست ریل رابطہ قائم ہوگا۔ کانپور اتر پردیش کا ایک اہم صنعتی، چمڑے کی صنعت اور تعلیمی مرکز ہے، جبکہ دہلی کا آنند وہار ٹرمینل آمدورفت کا ایک بڑا مرکز ہے، جہاں سے قومی راجدھانی خطے کے مختلف علاقوں تک پہنچنے کی سہولت حاصل ہوتی ہے۔ اس ریل رابطے سے کاروباری افراد، طلبہ، مزدوروں اور دیگر مسافروں کو ان دونوں اہم شہری مراکز کے درمیان آسانی سے سفر کرنے میں مدد ملے گی۔
اشونی ویشنو نے نئی ٹرین سروس شروع کیے جانے پر کانپور کے عوام کو مبارک باد دی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی اس نئی ٹرین سروس کے آغاز پر کانپور کے عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
ریلوے کے اہم آئندہ منصوبے
شہر میں ریلوے کے بنیادی ڈھانچے سے متعلق آئندہ منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے ریلوے کے وزیر نے کہا کہ انور گنج اور منڈھنا کے درمیان 16 کلومیٹر طویل بلندی پر ریلوے پٹری بچھانے کا منصوبہ کانپور میں ریلوے پھاٹکوں پر ٹریفک جام کے کئی دہائیوں پرانے مسئلے کا مستقل حل فراہم کرے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس منصوبے کی تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ (ڈی پی آر) تیار کرلی گئی ہے اور اس کے لیے ضروری منظوری بھی حاصل کرلی گئی ہے۔ منصوبے پر تعمیراتی کام جلد ہی شروع ہونے کی توقع ہے۔

مجوزہ بلٹ ٹرین منصوبے کے بارے میں ریلوے کے وزیر نے کہا کہ بلٹ ٹرین کا شمالی راہداری منصوبہ کانپور کی ترقی میں ایک نئے باب کا اضافہ کرے گا۔ مجوزہ راہداری دہلی، آگرہ، کانپور، وارانسی، لکھنؤ اور ایودھیا کو جوڑے گی اور آگے پٹنہ، سلی گوڑی اور گوہاٹی تک توسیع پائے گی۔
بلٹ ٹرین سروس شروع ہونے کے بعد دہلی اور کانپور کے درمیان سفر کا وقت کم ہوکر تقریباً 1 گھنٹہ 45 منٹ رہ جائے گا۔ اسی طرح لکھنؤ سے کانپور کا سفر تقریباً 27 منٹ میں، جبکہ کانپور سے پریاگ راج کا سفر تقریباً 1 گھنٹہ 15 منٹ میں طے کیا جاسکے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تیز رفتار ریل رابطے سے کانپور کا بڑے شہروں کے ساتھ رابطہ مضبوط ہوگا اور علاقائی و اقتصادی ترقی کو فروغ ملے گا۔
کانپور سینٹرل ریلوے اسٹیشن کی جدید کاری کے بارے میں بات کرتے ہوئے ویشنو نے کہا کہ اس کا کام تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے اسٹیشن کی جاری جدید کاری کے کاموں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ آنے والے وقت میں کانپور میں ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے کئی مزید منصوبے بھی شروع کیے جائیں گے۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جناب اوستھی نے کہا کہ کانپور کی کھوئی ہوئی عظمت کو دوبارہ بحال کرنے کا عزم اب زمینی سطح پر حقیقت کا روپ لینے لگا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانپور میں بلٹ ٹرین کے ٹھہراؤ کا اعلان شہر کے لوگوں کے لیے بے حد خوشی کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے نے کانپور کے باشندوں کے دیرینہ مطالبے کو منظوری دے دی ہے، جس کے تحت انور گنج۔ منڈھنا ریلوے سیکشن پر بلندی پر راہداری تعمیر کی جائے گی۔ یہ مطالبہ 2017-18 سے زیر التوا تھا۔
جناب اوستھی نے کانپور سینٹرل ریلوے اسٹیشن کی جدید کاری اور کانپور کے نام سے ایک نئی ٹرین سروس شروع کیے جانے پر بھی خوشی کا اظہار کیا۔
اس ٹرین سروس کا آغاز اس بات کا عکاس ہے کہ ہندوستانی ریلوے مسافروں کے درمیان ریل رابطے کو مضبوط بنانے اور جدید، آرام دہ اور قابل اعتماد ریل سفری سہولتیں فراہم کرنے کے اپنے عزم پر مسلسل قائم ہے۔
ش ح۔ م د۔ م ص
uno 7741