سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

شراب پر انحصار سے مالی استحکام تک


کرناٹک میں آئی آر سی اے کے ذریعے بحالی اور خود انحصاری کا سفر

مشاورت، علاج معالجے کی تدابیر اور خاندانی تعاون سے کولار کے 33 سالہ رمیش گوڑا کو زندگی ازسرنو سنوارنے میں مدد

وزارت کے تعاون سے چلنے والے نشہ چھڑانے کے مرکز کی مدد سے مستفید شخص نے خاندانی رشتے بحال کیے اور کاروباری سرگرمیاں دوبارہ شروع کیں

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 16 NOV 2026 6:48PM by PIB Delhi

شراب پر انحصار اور مالی مشکلات سے نکل کر بہتر صحت و تندرستی، مضبوط خاندانی رشتوں اور روزگار کے نئے مواقع کی جانب 33 سالہ رمیش گوڑا (بدلا ہوا نام) کا سفر ایک حوصلہ افزا مثال پیش کرتا ہے۔ اس کی بحالی میں ذاتی عزم، پیشہ ورانہ مشاورت اور خاندان کی شمولیت نے اہم کردار ادا کیا۔

کرناٹک کے ضلع کولار کے رہنے والے جناب رمیش گوڑا نے شراب پر انحصار سے نجات حاصل کرنے کے لیے شراب اور منشیات کی لت سے چھٹکارا دلانے والے مرکز، یعنی نشے کے عادی افراد کے لیے مربوط بحالی مرکز (آئی آر سی اے) میں مشاورت اور بازآبادکاری کی سہولتوں کے ذریعے نمایاں پیش رفت کی ہے۔ ان کا تجربہ ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی کو دوبارہ سنوارنے میں بروقت پیشہ ورانہ مدد اور اہل خانہ کی حوصلہ افزائی کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔

دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) سے تعلق رکھنے والے رمیش پہلے اپنا کاروبار چلاتے تھے۔ ابتدا میں کبھی کبھار شراب نوشی کا سلسلہ آہستہ آہستہ خاندانی مسائل اور ذہنی دباؤ کے باعث باقاعدہ شراب نوشی میں تبدیل ہوگیا۔ شراب پر بڑھتے ہوئے انحصار نے ان کے کاروبار کے انتظام کو متاثر کیا، مالی استحکام کو کمزور کیا اور اہل خانہ کے ساتھ تعلقات میں کشیدگی پیدا کردی۔ ان مشکلات کو محسوس کرتے ہوئے اور اپنے حالات بہتر بنانے کے پختہ عزم کے ساتھ انہوں نے رضاکارانہ طور پر مدد کے لیے کولار کے آئی آر سی اے مرکز سے رجوع کیا۔ انہیں 6 جنوری 2024 سے مدد فراہم کی جانے لگی، جس میں باقاعدہ مشاورت، حوصلہ افزائی اور علاج کی ایسی تدابیر شامل تھیں، جن کا مقصد انہیں اپنے ذاتی مقاصد اور ذمہ داریوں کو سمجھنے میں مدد دینا تھا۔

مشاورت کے عمل سے رمیش کو شراب پر انحصار کے اثرات پر غور کرنے، اپنے عزم کو مضبوط بنانے اور نشے سے نجات کی کوشش میں خود اعتمادی پیدا کرنے میں مدد ملی۔ مرکز نے اہل خانہ کے درمیان بہتر رابطے اور باہمی سمجھ بوجھ پیدا کرنے اور بازآبادکاری کے لیے معاون ماحول فراہم کرنے کی غرض سے خاندانی مشاورت کے اجلاس بھی منعقد کیے۔

مسلسل رہنمائی اور خاندانی تعاون کے نتیجے میں رمیش کے رویے اور مجموعی صحت و تندرستی میں نمایاں بہتری آئی۔ ان کی خود اعتمادی بحال ہونے کے ساتھ ہی وہ اپنی کاروباری سرگرمیوں پر دوبارہ توجہ دینے اور زیادہ مالی استحکام حاصل کرنے کی کوشش کرنے کے قابل ہوئے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image001_20261116184908_b43130.jpg

اس پیش رفت کے اثرات ان کے خاندانی تعلقات میں بھی نمایاں ہوئے۔ بہتر باہمی رابطے اور اپنی ذمہ داریوں پر دوبارہ توجہ دینے سے انہیں اپنے عزیزوں کے ساتھ صحت مند تعلقات بحال کرنے اور روزمرہ زندگی کو زیادہ منظم اور مستحکم بنانے میں مدد ملی۔

مشاورت اور بازآبادکاری کی معاونت کے بعد رمیش نے اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی میں دوبارہ استحکام حاصل کرلیا ہے اور اب وہ ماہانہ تقریباً 15,000 روپے کما رہے ہیں۔ یہ آمدنی روزگار کی سرگرمیوں میں ان کی دوبارہ شمولیت کی عکاسی کرتی ہے؛ تاہم فراہم کردہ معلومات میں ان کی سابقہ ماہانہ آمدنی کی تفصیل موجود نہیں ہے۔

کولار میں قائم نشے کے عادی افراد کے لیے مربوط بحالی مرکز اس بات کو اجاگر کرتا ہے کہ نشے پر انحصار سے متاثرہ افراد کے لیے قابل رسائی مشاورت، علاج کی تدابیر اور خاندانی تعاون کس قدر اہم ہیں۔ اس طرح کی معاونت سے مستفید ہونے والے افراد اپنی صحت و تندرستی کو بہتر بنانے اور خاندانی و معاشی زندگی میں زیادہ خود اعتمادی کے ساتھ حصہ لینے کے قابل ہوسکتے ہیں۔

وزارت برائے سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات، منشیات کی طلب میں کمی کے لیے قومی ایکشن پلان (این اے پی ڈی ڈی آر) کے تحت بازآبادکاری اور منشیات کی طلب میں کمی سے متعلق اقدامات کی معاونت کرتی ہے، جس میں نشے کے عادی افراد کے لیے مربوط بحالی مراکز کے ذریعے فراہم کی جانے والی امداد بھی شامل ہے۔

****

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-7745


(ریلیز آئی ڈی: 2337149) وزیٹر کاؤنٹر : 9
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी , Kannada