پوسٹ کرنے کی تاریخ:
16 NOV 2026 6:33PM by PIB Delhi
تجارت، معیشت، سائنٹفک، تکنیکی اور ثقافتی تعاون کے موضوع پر بھارت – بیلاروس بین حکومتی کمیشن کے 12ویں اجلاس کا انعقاد 16 نومبر 2026 کو نئی دہلی میں کیا گیا۔ تجارت و صنعت کے وزیر مملکت جناب جتن پرساد نے بھارتی وفد کی قیادت کی جبکہ جمہوریہ بیلاروس کے خارجی امور کے وزیر عزت مآب جناب میکسم ریزینکوف نے بیلاروسی وفد کی قیادت کی۔
اجلاس میں باہمی تعاون کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی، اقتصادی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقوں نے بھارت اور بیلاروس کے درمیان دیرینہ اور دوستانہ تعلقات کو سراہا اور شراکت داری کو آگے بڑھانے کے لیے باقاعدہ تبادلوں، قریبی ادارہ جاتی روابط اور کاروباری اداروں کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کی اہمیت پر زور دیا۔
مذاکرات میں اقتصادی تعاون کے کئی اہم شعبوں کا احاطہ کیا گیا، جس میں باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کو وسعت دینے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ دونوں فریقوں نے مستقبل کی ترجیحات کی نشاندہی کرنے اور باہمی اقتصادی روابط کو سمت فراہم کرنے کے لیے ایک اہم قدم کے طور پر 2027 تا 2031 کے تعاون کے لائحہ عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ زیرِ بحث آنے والے اہم شعبوں میں صنعت، مالیاتی اور بینکنگ خدمات، زراعت اور فوڈ پروسیسنگ، ادویہ سازی، حفظانِ صحت ، سیاحت، تعلیم، ثقافت، سائنس اور ٹیکنالوجی، تعمیرات اور کسٹمز تعاون شامل تھے۔
بھارت-بیلاروس بین حکومتی کمیشن کے بارہویں اجلاس کے پروٹوکول پر دونوں شریک چیئرز نے دستخط کیے، جس سے دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے دونوں ممالک کے عزم کی تجدید ہوئی۔
تجارتی برادری سے خطاب کرتے ہوئے، کامرس اور صنعت کے وزیرِ مملکت جناب جتن پرساد نے بھارت کی بڑھتی ہوئی اقتصادی اور مینوفیکچرنگ صلاحیتوں اور بیلاروسی کاروباری اداروں کے ساتھ قریبی روابط کے لیے ان سے پیدا ہونے والے مواقع پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی عملی اور باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی شراکت داری قائم کرنے کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کاروباری اداروں کو مشترکہ منصوبوں، ٹیکنالوجی کی شراکت داری، سرمایہ کاری کے مواقع اور وسیع تر کاروباری روابط تلاش کرنے کی بھی ترغیب دی۔
جناب جتن پرساد نے ادویہ سازی، زرعی اور صنعتی مشینری، انجینئرنگ، کیمیکلز، ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز اور سائنسی تحقیق جیسے شعبوں میں باہمی تعاون کے امکانات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کو منڈیوں تک رسائی، مقامی شراکت داری، مشترکہ ترقی اور ابھرتے ہوئے شعبوں بشمول بغیر پائلٹ کے فضائی نظام اور جدید مینوفیکچرنگ ٹیکنالوجیز میں تعاون کے مواقع تلاش کرنے کی بھی ترغیب دی۔
بین حکومتی کمیشن کے بارہویں اجلاس کے موقع پر 16 نومبر 2026 کو نئی دہلی میں بھارت-بیلاروس بزنس اینڈ انویسٹمنٹ فورم کا بھی انعقاد کیا گیا۔ اس فورم نے بھارت اور بیلاروس کے کاروباری نمائندوں، صنعتی انجمنوں اور سرکاری اداروں کو یکجا کیا، جس سے براہِ راست بات چیت، خیالات کے تبادلے اور تجارت، سرمایہ کاری و تجارتی تعاون کے نئے شعبوں کی تلاش کا موقع حاصل ہوا۔
اس فورم میں بیلاروسی کمپنیوں کی شرکت دیکھی گئی جو متنوع شعبوں کی نمائندگی کرتی ہیں، جن میں موٹر گاڑیوں اور زرعی مشینری، کانکنی کے آلات، ادویہ سازی، کیمیکلز، مائیکرو الیکٹرانکس، بینکنگ، زراعت اور انجینئرنگ شامل ہیں۔ مذاکرات میں مشترکہ منصوبوں، ٹیکنالوجی کی منتقلی، مینوفیکچرنگ کی مقامی سطح پر تیاری، تحقیق و ترقی، اور مضبوط سپلائی چین روابط کے امکانات پر توجہ مرکوز کی گئی۔ زرعی اور شہری بغیر پائلٹ کے فضائی نظام، ادویہ سازی میں تعاون، کان کنی کے آلات، پانی صاف کرنے کی تکنالوجیوں اور فوڈ پروسیسنگ کے مواقع کو بھی مستقبل کے تعاون کے ممکنہ شعبوں کے طور پر اجاگر کیا گیا۔
دونوں فریقوں نے اپنی کاروباری برادریوں کے درمیان باقاعدہ روابط برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا اور کاروباری اداروں کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ مذاکرات کے دوران نشاندہی کیے گئے مواقع کو آگے بڑھائیں۔
بھارت اور بیلاروس نے نشاندہی کیے گئے تمام شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے اور اپنی اقتصادی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ دونوں فریقوں نے 2027 میں بھارت-بیلاروس بین الحکومتی کمیشن کا تیرہواں اجلاس منعقد کرنے پر بھی اتفاق کیا، جس کی تاریخوں اور ایجنڈے کو سفارتی ذرائع سے حتمی شکل دی جائے گی۔




*****
(ش ح –ا ب ن)
U.No:7747