سماجی انصاف اور تفویض اختیارات کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ملک بھر کے چھاؤنی علاقوں میں بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود کو مستحکم بنانے کے لیے وزارت برائے سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات اور وزارت دفاع کا اشتراک


وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ اور مرکزی وزیر ڈاکٹر ویریندر کمار کی موجودگی میں محکمہ برائے سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ڈیفنس اسٹیٹس کے درمیان مفاہمت نامے پر دستخط

چھاؤنی علاقوں میں نئے یومیہ نگہداشت مراکز قائم کیے جائیں گے؛ موجودہ مراکز اور بزرگ شہریوں کے رہائشی مراکز کو ’اے وی وائی اے وائی‘ کے تحت تعاون اور توسیع فراہم کی جائے گی

چھاؤنی علاقوں کے نوجوانوں کو بزرگوں کی نگہداشت کے لیے تربیت دی جائے گی؛ بہتر دیکھ بھال اور اجتماعی شرکت کے ذریعے باوقار، محفوظ اور فعال بڑھاپے کو فروغ دینے کے لیے اشتراک

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 16 NOV 2026 6:30PM by PIB Delhi

وزارت برائے سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات کے تحت محکمہ برائے سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات نے آج یہاں قومی راجدھانی میں وزارت دفاع کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ڈیفنس اسٹیٹس کے ساتھ ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے۔ اس کا مقصد چھاؤنی علاقوں میں رہنے والے بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود کو مستحکم بنانا ہے۔

اس مفاہمت نامے پر وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ اور مرکزی وزیر برائے سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات ڈاکٹر ویریندر کمار کی موجودگی میں دستخط کیے گئے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image001_20261116183142_e8b3a6.jpg

اس موقع پر سکریٹری دفاع جناب راجیش کمار سنگھ، وزارت برائے سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات کے سکریٹری جناب سدھانش پنت، ڈائریکٹر جنرل، ڈیفنس اسٹیٹس محترمہ شوبھا گپتا، وزارت برائے سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات کے جوائنٹ سکریٹری جناب سجیش کمار این اور دونوں وزارتوں کے دیگر سینئر افسران موجود تھے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image002_20261116183149_905f35.jpg

مرکزی وزراء اور دونوں وزارتوں کے سینئر افسران کی موجودگی میں مفاہمت نامے کا باضابطہ تبادلہ وزارت برائے سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات کی ڈائریکٹر محترمہ کاجل سنگھ اور وزارت دفاع کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ڈیفنس اسٹیٹس کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل (چھاؤنی ڈویژن-2) جناب مانے امیت کمار بی کے درمیان کیا گیا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image003_20261116183155_02c915.jpg

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر ڈاکٹر ویریندر کمار نے وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی قیادت میں حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہر بزرگ شہری کے لیے باوقار، محفوظ اور فعال زندگی کو یقینی بنایا جائے۔

ڈاکٹر کمار نے اجاگر کیا کہ وزارت ’اٹل ویو ابھیودیہ یوجنا‘ (اے وی وائی اے وائی) کے ذریعے بزرگ شہریوں کے رہائشی مراکز، یومیہ نگہداشت مراکز، بزرگوں کی دیکھ بھال کرنے والوں کی تربیت، بزرگ شہریوں کے لیے قومی ہیلپ لائن (ایلڈر لائن – 14567) اور دیگر فلاحی اقدامات کی معاونت کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مفاہمت نامے کے ذریعے چھاؤنی علاقوں میں رہنے والے بزرگ شہریوں کو بہتر نگہداشت، فلاحی خدمات اور فعال زندگی گزارنے کے مزید مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image004_20261116183201_dc0d11.jpg

وزیر موصوف نے شہریوں، بالخصوص نوجوانوں، چھاؤنی بورڈوں کے افسران اور عملے نیز چھاؤنی علاقوں کی آبادی کے افراد سے اپیل کی کہ وہ ’وایو ساتھی‘ رضاکاروں کے طور پر اپنا اندراج کرائیں۔

وزیر نے بتایا کہ 4 نومبر 2026 کو ’وایو سمان راشٹریہ ابھیان‘ کے ساتھ شروع کی گئی ’وایو ساتھی‘ مہم کے تحت 18 سال اور اس سے زیادہ عمر کے شہریوں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے کہ وہ بزرگ شہریوں کے ساتھ وقت گزاریں، ان کی روزمرہ ضروریات میں مدد کریں اور انہیں فلاحی اسکیموں سے فائدہ اٹھانے میں سہولت فراہم کریں۔

نسلوں کے درمیان باہمی رفاقت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ڈاکٹر ویریندر کمار نے کہا، ’’ہر وایو ساتھی نسلوں کے درمیان ایک پل کا کام کرتا ہے۔ میں شہریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ وایو ساتھی کے طور پر اپنا اندراج کرائیں اور ہمارے بزرگوں کے ساتھی بنیں۔‘‘

ڈاکٹر کمار نے بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود کے تئیں حکومت کے عزم کا اعادہ کیا اور بزرگوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے وزارت برائے سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات کی جانب سے کیے گئے اقدامات کا ذکر کیا، جن میں ’اٹل ویو ابھیودیہ یوجنا‘ (اے وی وائی اے وائی) بھی شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ مفاہمت نامہ چھاؤنی علاقوں میں رہنے والے بزرگ شہریوں کے لیے بہتر نگہداشت، فلاحی خدمات اور فعال و باوقار زندگی گزارنے کے مواقع تک رسائی یقینی بنا کر ان کے معاونتی نظام کو مستحکم کرنے کی سمت ایک اہم قدم ہے۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع جناب راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ بزرگ شہری محض خاندانوں کے افراد ہی نہیں بلکہ تجربات، روایات اور سماجی اقدار کے امین بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان کے سفر میں ان کی رہنمائی اور دانش مندی اہم کردار ادا کرے گی۔

جناب سنگھ نے کہا کہ پُرامن، ہم آہنگ اور علم پر مبنی معاشرے کی تشکیل کے سفر میں بزرگوں کا تجربہ، دانش مندی اور رہنمائی بے حد قیمتی ثابت ہوگی۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image005_20261116183208_a35c6a.jpg

خاندانوں، معاشرے اور ملک کی تعمیر میں بزرگ شہریوں کی زندگی بھر کی خدمات کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں عزت، تحفظ اور اپنائیت کا احساس دلانا ہماری سماجی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔

ہندوستانی تہذیب کی روایت ’’ماترو دیوو بھوا، پترُو دیوو بھوا‘‘ (ماں کو دیوی اور باپ کو دیوتا سمجھو) کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بزرگ شہریوں کی دیکھ بھال نہ صرف سماجی اور اخلاقی ذمہ داری ہے بلکہ قومی فریضہ بھی ہے، جو انفرادی خاندانوں کی حدود سے آگے تک پھیلا ہوا ہے۔

بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہونے والی پیش رفت کا اعتراف کرتے ہوئے جناب راج ناتھ سنگھ نے بزرگوں کو فراہم کی جانے والی خدمات میں مسلسل بہتری کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر دفاع نے خدمات کے معیار کا جائزہ لینے، مزید بہتری کے متقاضی شعبوں کی نشاندہی کرنے اور مسلسل نگرانی کے ذریعے خامیوں کو دور کرنے کے لیے یومیہ نگہداشت مراکز اور بزرگ شہریوں کے رہائشی مراکز کا باقاعدگی سے سماجی آڈٹ کرنے کی بھی اپیل کی۔

اختتامی کلمات میں وزارت برائے سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات کے سکریٹری جناب سدھانش پنت نے کہا کہ یہ مفاہمت نامہ بزرگ شہریوں کو ان کے گھروں کے قریب ہی رفاقت، وقار اور دیکھ بھال فراہم کرنے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image006_20261116183216_d20dcc.jpg

وزارت برائے سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات کے جوائنٹ سکریٹری جناب سجیش کمار این نے بتایا کہ ایک مشترکہ ورکنگ گروپ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ڈیفنس اسٹیٹس کے ساتھ قریبی تال میل کے ذریعے کام کرے گا، تاکہ نئے یومیہ نگہداشت مراکز جلد از جلد فعال ہو سکیں اور نشان زدہ چھاؤنی علاقوں میں نگہداشت کرنے والوں کی تربیت کے پروگرام شروع کیے جا سکیں۔

اس مفاہمت نامے کا مقصد ’اٹل ویو ابھیودیہ یوجنا‘ (اے وی وائی اے وائی) کے تحت چھاؤنی علاقوں میں رہنے والے بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود کو فروغ دینا ہے۔ اس اشتراک کے تحت جہاں بھی ممکن ہو، نئے یومیہ نگہداشت مراکز اور رہائشی سہولیات سے آراستہ 25 اور 50 بستروں کی گنجائش والے بزرگ شہریوں کے رہائشی مراکز قائم کرنے کا منصوبہ ہے۔ اس کے علاوہ چھاؤنی بورڈوں کے زیر انتظام پہلے سے موجود مراکز کی معاونت اور انہیں مزید مستحکم بنانے کے اقدامات بھی کیے جائیں گے۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image007_20261116183221_fe701c.jpg

اس انتظام کے تحت ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ڈیفنس اسٹیٹس بنیادی ڈھانچے، عمارتوں اور بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی میں تعاون کرے گا، جبکہ وزارت برائے سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات مالی امداد، تکنیکی رہنمائی، تربیت اور عملی معاونت فراہم کرے گی۔

اس اشتراک میں چھاؤنی علاقوں کے نوجوانوں کو بزرگوں کی نگہداشت کرنے والوں کے طور پر تربیت دینے کے ساتھ ساتھ بیداری پیدا کرنے، ہنرمندی کو فروغ دینے اور مختلف نسلوں کے درمیان باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے پر بھی توجہ دی جائے گی۔ اس مفاہمت نامے پر عمل درآمد کی نگرانی، تال میل کو آسان بنانے اور اقدامات پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دیا جائے گا۔ یہ مفاہمت نامہ پانچ سال تک نافذ العمل رہے گا، جس میں اس کی تجدید کی گنجائش بھی رکھی گئی ہے۔

یہ مفاہمت نامہ ایک ایسے اہم موقع پر طے پایا ہے، جب محکمہ دفاعی املاک اپنے قیام کے 100 سال مکمل ہونے پر صد سالہ تقریبات منا رہا ہے۔ اس محکمے کا قیام 1926 میں عمل میں آیا تھا۔ یہ اشتراک انتظامی امور سے آگے بڑھ کر محکمہ دفاعی املاک کے وسیع ہوتے ہوئے سماجی فلاح و بہبود کے کردار کی عکاسی کرتا ہے۔

چھاؤنی بورڈوں کے بنیادی ڈھانچے اور شہری سہولیات کو وزارت برائے سماجی انصاف و تفویضِ اختیارات کی پالیسی، تکنیکی اور مالی معاونت کے ساتھ یکجا کرکے یہ پہل بزرگ شہریوں کی فلاح و بہبود، عزت و وقار اور خوش حالی کو یقینی بنانے کے لیے ’مکمل حکومتی اشتراک‘ کے نقطۂ نظر کی بہترین مثال پیش کرتی ہے۔

****

ش ح۔ ش ا ر۔ ول

Uno-7744


(ریلیز آئی ڈی: 2337142) وزیٹر کاؤنٹر : 6
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी