پوسٹ کرنے کی تاریخ:
16 NOV 2026 5:56PM by PIB Delhi
وزارت برائے اقلیتی امور نے وادھوانی گورنمنٹ اے آئی اکیڈمی کے اشتراک سے 16 نومبر 2026 کو ’ڈیجیٹل تبدیلی کے لیے مصنوعی ذہانت‘ کے موضوع پر یک روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا، جس کا مقصد سینئر افسران کو مصنوعی ذہانت کے بدلتے ہوئے منظرنامے سے روشناس کرانا اور عوامی انتظامیہ میں انقلابی تبدیلی لانے کی اس کی صلاحیتوں کا جائزہ لینا تھا۔ ورکشاپ کی صدارت وزارت برائے اقلیتی امور کے سکریٹری ڈاکٹر سری وتس کرشنا نے کی۔ اس میں وزارت کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
اس پروگرام میں مصنوعی ذہانت پر مبنی حکمرانی کو فروغ دینے کی جاری کوششوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔ اس دوران مصنوعی ذہانت، مشین لرننگ، ڈیپ لرننگ، جنریٹیو مصنوعی ذہانت اور ایجنٹک مصنوعی ذہانت کی انتظامی کارروائیوں کو بہتر بنانے اور ادارہ جاتی کارکردگی میں اضافے کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا گیا۔
افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سری وتس کرشنا نے مصنوعی ذہانت کی انقلابی صلاحیتوں اور سرکاری اداروں کی جانب سے اس کے استعمال کو فعال طور پر سمجھنے اور اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انٹرنیٹ کی آمد سے اس کا موازنہ کرتے ہوئے انہوں نے مصنوعی ذہانت کو ایک ایسی فیصلہ کن تکنیکی تبدیلی قرار دیا، جو معاشرے پر دور رس اثرات مرتب کرے گی۔
نظریاتی مباحث کے بجائے عملی سیکھنے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ڈاکٹر کرشنا نے زور دیا کہ اس ورکشاپ کے ذریعے افسران کو مصنوعی ذہانت کے آلات، ان کے استعمال اور ممکنہ حدود سے متعلق عملی تجربہ حاصل ہونا چاہیے۔ اس میں مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ غلط معلومات یا فرضی نتائج کے خطرات بھی شامل ہیں۔ انہوں نے شرکاء کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ ماہرین کے ساتھ فعال طور پر تبادلۂ خیال کریں، سوالات اٹھائیں اور یہ سمجھیں کہ سرکاری امور کی انجام دہی میں ان ٹیکنالوجیز سے ذمہ دارانہ طور پر کس طرح استفادہ کیا جا سکتا ہے۔
اس ورکشاپ میں ماہرین کی رہنمائی میں اجلاس، تبادلۂ خیال، عملی مشقوں اور مصنوعی ذہانت سے چلنے والے آلات اور خودکار نظاموں کے مظاہروں کا اہتمام کیا گیا۔ ان اجلاسوں میں تحقیق، معلومات کے حصول، دستاویزات کی کارروائی، انتظامی فیصلہ سازی اور حکومت کے دیگر امور میں مصنوعی ذہانت کے عملی استعمال کا احاطہ کیا گیا۔ شرکاء نے عوامی انتظامیہ میں ان آلات کے مؤثر اور ذمہ دارانہ استعمال کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔
وزارت کے مختلف انتظامی درجات کے افسران کی وسیع تر شرکت کو یقینی بنانے کے لیے صلاحیت سازی کا یہ پروگرام مرحلہ وار منعقد کیا جا رہا ہے۔ سینئر انتظامی افسران کے لیے اجلاس کے بعد، نائب سکریٹری کے عہدے سے کم درجے کے افسران کے لیے 18 نومبر 2026 کو ایک خصوصی پروگرام منعقد کرنے کا منصوبہ ہے۔ مصنوعی ذہانت کے آلات کے عملی فہم اور استعمال کو مزید مستحکم بنانے کے لیے دسمبر 2026 میں ایک تفصیلی توسیعی ورکشاپ کے انعقاد کی بھی تجویز ہے۔
یہ پہل ادارہ جاتی صلاحیت سازی، انتظامی جدیدکاری اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کو اپنانے کے تئیں وزارت کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ منظم تعلیمی مواقع اور عملی تجربات کے ذریعے وزارت کا مقصد اپنے افسران کو ضروری معلومات اور صلاحیتوں سے آراستہ کرنا ہے، تاکہ وہ زیادہ مؤثر، جواب دہ اور شہریوں پر مرکوز حکمرانی کے لیے مصنوعی ذہانت سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔
****
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-7743