سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اٹلی کے شہر ٹریئسٹے میں واقع ‘انٹرنیشنل سینٹر فار جینیٹک انجینئرنگ اینڈ بایوٹیکنالوجی‘ (آئی سی جی ای بی) کا دورہ کیا، عالمی بایوٹیکنالوجی تحقیق، اختراع اور سائنسی تعاون میں ہندوستان کے بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کیا


مرکزی وزیر نے جدید تحقیقی اور حیاتیاتی ادویات کی تیاری کی سہولیات کا جائزہ لیا؛ آئی سی جی ای بی میں ہندوستانی طلبہ اور محققین سے ملاقات کی

ہندوستان اور آئی سی جی ای بی کے درمیان تعاون، بائیو ای 3 پالیسی، اطلاقی تحقیق، سائنسی تربیت اور ٹیکنالوجی کی ترقی میں نمایاں خدمات کی عکاسی کرتا ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 16 NOV 2026 5:03PM by PIB Delhi

سائنس و ٹیکنالوجی اور ارضیاتی علوم کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اٹلی میں ‘انٹرنیشنل سینٹر فار جینیٹک انجینئرنگ اینڈ بایوٹیکنالوجی‘ (آئی سی جی ای بی) کے ٹریئسٹے مرکز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے جدید تحقیقی سہولیات کا جائزہ لیا اور مرکز کی قیادت اور ہندوستانی محققین سے تبادلۂ خیال کیا۔ اس دورے کے دوران عالمی بایوٹیکنالوجی تحقیق، سائنسی تربیت اور ٹیکنالوجی کی ترقی میں ہندوستان کی بڑھتی ہوئی شراکت داری کو اجاگر کیا گیا۔

ہندوستانی وفد کے ارکان کی موجودگی میں آئی سی جی ای بی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر لارنس بینکس نے وزیر موصوف کا خیرمقدم کیا۔ دورے کے دوران ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے بایوٹیکنالوجی ڈیولپمنٹ یونٹ کی حیاتیاتی ادویات کی تیاری اور تربیت کی سہولت، نئی بایو سیفٹی لیول 3 لیبارٹری اور فنکشنل سیل بایولوجی لیبارٹری کی ہائی تھرو پٹ اسکریننگ سہولت کا معائنہ کیا۔ انہوں نے آئی سی جی ای بی کی قیادت اور مرکز میں موجود ہندوستانی فیلو محققین سے بھی تبادلۂ خیال کیا۔

اس دورے کے ذریعے بایوٹیکنالوجی تحقیق اور اختراع کے ہندوستانی نظام میں آئی سی جی ای بی کے ہندوستانی مرکز کے اہم تعاون کو اجاگر کرنے کا موقع ملا، خصوصاً ان شعبوں میں جو ہندوستان کی بائیو ای 3 پالیسی سے ہم آہنگ ہیں۔ ان شعبوں میں حیاتیاتی بنیاد پر تیار کیے جانے والے کیمیکلز اور انزائمز، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات برداشت کرنے والی زراعت، کاربن کو جذب کرنے اور استعمال میں لانے کی ٹیکنالوجی، مخصوص نوعیت کی حیاتیاتی ادویات اور سمندری و خلائی حیاتیاتی تیاری شامل ہیں۔

ہندوستانی وفد کے سامنے جن اہم تحقیقی اقدامات کو اجاگر کیا گیا، ان میں جرثوموں کے ذریعے حیاتیاتی مصنوعات کی تیاری کے لیے ہندوستان کی پہلی بایو فاؤنڈری شامل ہے، جس کا افتتاح ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کیا تھا۔ اس کے علاوہ، ایتھنول کی تیاری کے لیے انزائم اور خمیر کے نظام، حیاتیاتی طریقے سے کاربن کو جذب کرنے، جینوم میں ترمیم شدہ فصلوں اور متعدی بیماریوں کے خلاف مونوکلونل اینٹی باڈیز پر کی جانے والی تحقیق بھی پیش کی گئی۔ یہ تمام شعبے ہندوستان میں آئی سی جی ای بی کے نیٹ ورک کے ذریعے انجام دی جانے والی بایوٹیکنالوجی تحقیق اور ٹیکنالوجی کی ترقی کے وسیع دائرے کی عکاسی کرتے ہیں۔

’انٹرنیشنل سینٹر فار جینیٹک انجینئرنگ اینڈ بایوٹیکنالوجی’ ایک بین الاقوامی، بین الحکومتی تحقیقی ادارہ ہے، جو جینیٹک انجینئرنگ، بایوٹیکنالوجی اور حیاتیاتی علوم کے شعبوں میں جدید تحقیق، اعلیٰ تعلیم، تربیت اور ٹیکنالوجی کی منتقلی میں مہارت کو فروغ دیتا ہے۔ ٹریئسٹے، نئی دہلی اور کیپ ٹاؤن میں اپنے مراکز کے ذریعے آئی سی جی ای بی اپنے بین الاقوامی نیٹ ورک میں تحقیق، تربیت اور ٹیکنالوجی کی ترقی کو باہم مربوط کرتا ہے۔

آئی سی جی ای بی کی سرگرمیوں میں ہندوستان کی نمایاں شراکت داری ہے۔ حکومتِ ہند کا محکمۂ بایوٹیکنالوجی (ڈی بی ٹی)، نئی دہلی مرکز میں تحقیق و ترقی کے پروگراموں، اختراعات کے فروغ اور انسانی وسائل کی ترقی کے لیے تعاون فراہم کرتا ہے۔ ہندوستان میں اس مرکز کی سرگرمیوں میں سالماتی طب، ویکسین، تشخیصی طریقوں، نباتاتی بایوٹیکنالوجی، حیاتیاتی توانائی اور جینوم میں ترمیم کی ٹیکنالوجیز جیسے جدید ترین شعبے شامل ہیں۔

آئی سی جی ای بی، نئی دہلی نے بین الاقوامی سائنسی تربیت اور تعاون میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ 2023 سے 2026 کے دوران 22 ممالک کے 67 محققین نے نئی دہلی مرکز میں تربیت حاصل کی یا تربیت کا آغاز کیا۔ اس تعاون کو حیاتیات میں مصنوعی ذہانت کے استعمال، ادویات کی تیاری، جینوم میں ترمیم، کاربن کو جذب کرنے، خردبینی مطالعے اور فلو سائٹومیٹری جیسے شعبوں میں منعقدہ ورکشاپس اور سائنسی تبادلوں سے مزید تقویت ملی ہے۔

تحقیق، تربیت اور ٹیکنالوجی کی منتقلی سے متعلق اپنی سرگرمیوں کے ذریعے آئی سی جی ای بی نے ترقی پذیر اور ابھرتی ہوئی معیشتوں کے ساتھ سائنسی تعاون کے لیے بھی ایک پلیٹ فارم فراہم کیا ہے۔ اس سلسلے میں ایشیا اور افریقہ کے ممالک کے ساتھ مشترکہ تحقیق، تربیت اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے ذریعے اشتراک کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

اس دورے کے دوران ہندوستان اور آئی سی جی ای بی کے درمیان شراکت داری کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا، جو بایوٹیکنالوجی تحقیق کو آگے بڑھانے، سائنسی صلاحیتوں کو مستحکم کرنے اور تحقیق کو صحت، زراعت، صنعتی عمل اور ماحولیاتی پائیداری کے شعبوں میں عملی استعمال کے قابل بنانے کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

اس پروگرام میں آئی سی جی ای بی میں ہندوستانی فیلو محققین کے ساتھ ایک ورکنگ لنچ کا اہتمام بھی کیا گیا، جس میں محققین، سینئر سائنس دانوں اور مرکز کے منتظمین نے شرکت کی۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image001_20261116170520_e3f5db.jpg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image002_20261116170526_3b8b72.jpg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image003_20261116170532_20779d.jpg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image004_20261116170538_3ac033.jpg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image005_20261116170543_096f4b.jpg

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ش ح۔ا ک۔ر ب۔

U-7737


(ریلیز آئی ڈی: 2337110) وزیٹر کاؤنٹر : 3
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी