سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

گوا کے ساحلی علاقے میں قومی شاہراہ-66 رابطہ کاری، ترقی اور قدرتی حسن کو یکجا کرتی ہے


جنوبی گوا میں 7.74 کلومیٹر طویل کناکونا بائی پاس اس بات کی عمدہ مثال ہے کہ شاہراہوں کا بنیادی ڈھانچہ کونکن ساحل کے دلکش قدرتی مناظر سے گزرتے ہوئے کس طرح مختلف آبادیوں کو باہم مربوط کرتا ہے

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 16 NOV 2026 4:58PM by PIB Delhi

جنوبی گوا میں قومی شاہراہ-66 (این ایچ-66) کا سفر مختلف مقامات کے درمیان رابطے کی سہولت فراہم کرنے سے کہیں بڑھ کر ہے۔ دریاؤں، سرسبز جنگلات اور بحیرۂ عرب کے دلکش پس منظر میں یہ شاہراہ مسافروں کو کونکن ساحل کے بعض انتہائی خوبصورت قدرتی مناظر سے روشناس کراتی ہے۔ خاص طور پر کناکونا بائی پاس جدید سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے اور گوا کے ساحلی علاقے کے قدرتی حسن کو یکجا کرتا ہے۔

یہ شاہراہ گالگی باگ، تالپونا اور میکسیم دریاؤں پر تعمیر کیے گئے تین پلوں سے گزرتی ہے، جہاں سے چمکتے ہوئے پانی، سرسبز مناظر اور ساحلی پٹی کے دلکش نظارے دیکھنے کو ملتے ہیں۔ گالگی باگا ساحل کے قریب دریا اور ساحلی مناظر کا حسین امتزاج اس راستے کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کرتا ہے، جس سے یہ سفر منزل کی طرح ہی یادگار بن جاتا ہے۔

کناکونا بائی پاس: علاقائی رابطہ کاری کو مضبوط بنانے کی جانب اہم قدم

سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کی وزارت (ایم او آر ٹی ایچ) کی نگرانی میں تعمیر کیا گیا 7.74 کلومیٹر طویل، چار لین والا کناکونا بائی پاس  2019 ء  سے فعال ہے۔ یہ جنوبی گوا میں چار راستہ سے ماشیم تک رابطہ فراہم کرتا ہے۔ قومی شاہراہ-66 کا ایک اہم حصہ ہونے کے ناطے یہ بائی پاس کناکونا خطے میں رابطہ کاری کو بہتر بناتا ہے اور مسافروں، مقامی باشندوں اور سیاحوں کو آمد و رفت کے لیے ایک آسان راستہ فراہم کرتا ہے۔

لوگوں اور سامان کی نقل و حمل کو سہل بنا کر یہ بائی پاس مقامی کاروبار، روزگار کے ذرائع اور اہم مقامات تک رسائی کو فروغ دیتا ہے۔ اس کے تین دریائی پل  ، اس بنیادی ڈھانچے کے اہم اجزا ہیں، جو آبی گزرگاہوں پر آمد و رفت کو بلاتعطل یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ اردگرد کے قدرتی مناظر کے وسیع اور دلکش نظارے بھی پیش کرتے ہیں۔

 

 

این ایچ-66:  بھارت  کے مغربی ساحل  سے  ملحق  ایک اہم شاہراہ

کناکونا بائی پاس، این ایچ-66 کا حصہ ہے، جو  بھارت کی اہم ساحلی شاہراہوں میں سے ایک ہے۔ یہ شاہراہ مہاراشٹر کے پنویل سے تمل ناڈو کے کنیا کماری تک تقریباً 1,600 کلومیٹر طویل ہے۔ پانچ ریاستوں—مہاراشٹر، گوا، کرناٹک، کیرالہ اور تمل ناڈو—سے گزرتے ہوئے یہ شاہراہ مغربی ساحلی علاقے کے اہم قصبوں، تجارتی مراکز، بندرگاہوں اور سیاحتی مقامات کو باہم مربوط کرتی ہے۔

بحیرۂ عرب اور مغربی گھاٹ کے پہاڑی سلسلے کے تقریباً متوازی گزرنے والی این ایچ-66 مسافروں اور مال برداری کے لیے ایک اہم راہداری کا کام انجام دیتی ہے۔ یہ زرعی پیداوار، ماہی گیری کی مصنوعات اور صنعتی سامان کی نقل و حمل کو سہل بناتی ہے اور مقامی کاروباروں اور پیداوار کنندگان کو وسیع تر منڈیوں سے جوڑتی ہے۔ تجارتی مراکز اور بندرگاہوں تک اس کی رابطہ کاری تجارت، سیاحت اور علاقائی اقتصادی سرگرمیوں کو بھی فروغ دیتی ہے۔

متنوع قدرتی مناظر سے گزرتی ہوئی شاہراہ

پنویل سے شروع ہوکر این ایچ-66 مہاراشٹر کے کونکن خطے سے گزرتی ہے اور گوا میں داخل ہونے سے پہلے پین، مہاڈ، چپلون اور رتناگیری سے ہوکر آگے بڑھتی ہے۔ یہ شاہراہ پنجی اور مارگاؤ جیسے اہم مقامات کو آپس میں جوڑتی ہے اور پھر کاروار، اڈپی اور منگلورو سے گزرتے ہوئے کرناٹک کی جانب اپنا سفر جاری رکھتی ہے۔

مزید جنوب کی جانب یہ شاہراہ کیرالہ کے کنور، کوژیکوڈ، کوچی، الاپوزھا، کولم اور ترواننت پورم سے گزرتی ہے اور بالآخر تمل ناڈو کے کنیا کماری پہنچتی ہے، جہاں یہ قومی شاہراہ-44 سے منسلک ہوجاتی ہے۔

اس راستے پر سفر کے دوران قدرتی مناظر بدلتے رہتے ہیں اور دریاؤں کے دہانوں اور جنگلات سے ڈھکی پہاڑیوں سے لے کر ساحلوں، ماہی گیروں کی بستیوں اور گہما گہمی والے تجارتی مراکز تک پھیلے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔ یہ متنوع مناظر  بھارت کے مغربی ساحلی خطے کے جغرافیائی اور ثقافتی تنوع اور اس شاہراہ سے منسلک آبادیوں کی عکاسی کرتے ہیں۔

لوگوں اور مقامات کو جوڑنے والا بنیادی ڈھانچہ

کناکونا بائی پاس اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ شاہراہوں کی ترقی محض سڑکوں کے ذریعے رابطہ کاری کو بہتر بنانے تک محدود نہیں ہے۔ آمد و رفت کو زیادہ سہل بنانے، اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور مختلف آبادیوں کو باہم مربوط کرنے کے ذریعے اس طرح کا بنیادی ڈھانچہ علاقائی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور ساتھ ہی سڑک استعمال کرنے والوں کی روزمرہ ضروریات بھی پوری کرتا ہے۔

گوا میں این ایچ-66 پر دریاؤں کے اوپر بنے پل، سرسبز مناظر اور بحیرۂ عرب کے نظارے اس سفر کو ایک منفرد دلکشی عطا کرتے ہیں۔ اس طرح کناکونا بائی پاس اس بات کی ایک مثال ہے کہ شاہراہوں کا بنیادی ڈھانچہ  بھارت کے مغربی ساحل کی پہچان بننے والے قدرتی مناظر سے مسافروں کو لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کرتے ہوئے کس طرح رابطہ کاری کو مضبوط بنا سکتا ہے۔

 

 

*****

( ش ح ۔ م م ۔ ع ا  )

U. No. 7733


(ریلیز آئی ڈی: 2337080) وزیٹر کاؤنٹر : 5
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी