مکانات اور شہری غریبی کے خاتمے کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

دہلی کے کچرے کے ڈھیر کو ملی نئی زندگی، پٹیل چیسٹ نے کچرے کو حیرت انگیز نمونے میں بدل دیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 16 NOV 2026 3:06PM by PIB Delhi

وسائل کے دوبارہ استعمال اور عوامی شمولیت کے ذریعے ایک نظرانداز شدہ مقام کو نئی زندگی دیتے ہوئے، دہلی کے پٹیل چیسٹ، جہاں کچھ عرصہ پہلے تک کچرے ڈالے جارہے تھے ،اب اس  کو سوچھ بھارت مشن-اربن 2.0 کے تحت ایک آر آر آر مرکز کی شکل میں نئے سرے سے تیار کیا گیا ہے۔

کئی برسوں تک دہلی یونیورسٹی کے پٹیل چیسٹ کے قریب واقع اس جگہ  کو صرف ایک ہی وجہ سے جانا جاتا تھا اور وہ تھا کچرا۔ پرانا ڈھلاؤ گھر کچرا جمع کرنے کے مرکز کے طور پر استعمال ہوتا تھا اور لوگ اس کے قریب سے بغیر کوئی خاص توجہ دیے گزر جاتے تھے۔ لیکن سوچھ بھارت مشن-اربن 2.0 کے تحت اس نظرانداز شدہ مقام کی ایک شاندار نئی شکل سامنے آنی ہے۔

ڈی ایم ایس ڈبلیو ایس ایل نے ایم سی ڈی کے سول لائنز زون کے اشتراک سے اس مقام کو منفرد انداز میں تبدیل کیا۔ کچرا جمع کرنے کی اس متروک جگہ کو نئے سرے سے آر آر آر (کچرا کم کرنا، دوبارہ استعمال کرنا اور ری سائیکل کرنا) مرکز اور سیلفی پوائنٹ کی شکل دی گئی۔ جو جگہ کبھی کچرا پھینکنے کی علامت تھی، وہ اب پائیداری کے تصور کا جشن منانے کا مرکز بن گئی ہے۔

اس جگہ کی نئی تزئین و آرائش نے ایک متاثر کن کہانی رقم کی۔ تقریباً 45 پھینکے گئے ٹائروں اور 3,000 سے زیادہ استعمال شدہ اینٹوں کو تخلیقی انداز میں دوبارہ کام میں لا کر ایک خوبصورت عوامی مقام تعمیر کیا گیا۔ جن چیزوں کو کبھی کچرا سمجھا جاتا تھا، انہیں رنگا رنگ فن پاروں اور تنصیبات میں تبدیل کر دیا گیا۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ تخلیقی صلاحیت اور مثبت مقصد کے ساتھ کل کے بے کار سمجھے جانے والے سامان کو آنے والے کل کی نمایاں پہچان بنایا جا سکتا ہے۔

آج دہلی یونیورسٹی سے گزرنے والے طلبہ اس جگہ سے بچ کر نہیں گزرتے، بلکہ ٹھہر کر اس کی خوبصورتی کو سراہتے ہیں۔ رنگ برنگا سیلفی پوائنٹ لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرتا ہے، پائیداری کے بارے میں گفتگو کو فروغ دیتا ہے اور لوگوں کو ان اشیا کی قدر و قیمت پر دوبارہ غور کرنے کی ترغیب دیتا ہے جنہیں وہ اکثر بے کار سمجھ کر پھینک دیتے ہیں۔

اس کے ساتھ ہی آر آر آر مرکز قائم ہے، جہاں شہری غیر استعمال شدہ کپڑے، کتابیں، کھلونے اور ای-کچرا عطیہ کرتے ہیں۔ ان اشیا کو کچرے کے ڈھیروں میں جانے دینے کے بجائے دوبارہ استعمال، مرمت و بحالی اور ذمہ دارانہ طور پر ری سائیکل کرنے کے لیے بھیجا جاتا ہے، جس سے ان کی کارآمد زندگی بڑھتی ہے اور برادری کو فائدہ پہنچتا ہے۔

یہ تبدیلی محض ظاہری تزئین و آرائش تک محدود نہیں ہے، بلکہ یہ گردشی معیشت کا ایک عملی سبق ہے، جہاں کچرا کسی چیز کا آخری پڑاؤ نہیں، بلکہ ایک نئی شروعات کا ذریعہ بنتا ہے۔

آج سابقہ ڈھلاؤ گھر اس بات کی یاد دہانی کراتا ہے کہ تبدیلی ممکن ہے۔ جو جگہ کبھی کچرے کے حوالے سے جانی جاتی تھی، وہ اب عملی اقدامات، بیداری اور عوامی شمولیت کا ذریعہ بن رہی ہے۔

کیونکہ سوچھ بھارت مشن-اربن 2.0 کے جذبے کے تحت کچرا جمع کرنے کا ایک مرکز بھی ایسی جگہ بن سکتا ہے جہاں لوگ آنا پسند کریں، جہاں نئی گفتگو کا آغاز ہو اور جو اس بات کی علامت بن جائے کہ شہر کس طرح کچرے کو کارآمد چیزوں میں تبدیل کر سکتے ہیں۔

پھینکی جانے والی ہر چیز کی ایک کہانی ابھی باقی ہوتی ہے۔ دہلی کے پٹیل چیسٹ میں ان کہانیوں کو ایک نیا پلیٹ فارم مل گیا ہے۔

****

 (ش ح ۔رک)

U. No.7720


(ریلیز آئی ڈی: 2336927) وزیٹر کاؤنٹر : 7
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी