پوسٹ کرنے کی تاریخ:
15 NOV 2026 8:55PM by PIB Delhi
مرکزی وزیر برائے محنت و روزگار اور نوجوانوں کے امور و کھیل، ڈاکٹر منسکھ منڈاویا نے آج نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں منعقدہ انڈیا انٹرنیشنل ٹریڈ فیئر (آئی آئی ٹی ایف) 2026 میں ایمپلائز پروویڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن (ای پی ایف او) لاؤنج اور ایمپلائز اسٹیٹ انشورنس کارپوریشن (ای ایس آئی سی) پویلین کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر مرکزی پروویڈنٹ فنڈ کمشنر (سی پی ایف سی) جناب رمیش کرشن مورتی، ای ایس آئی سی کے ڈائریکٹر جنرل جناب اشوک کمار سنگھ اور ای پی ایف او و ای ایس آئی سی کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔
افتتاح کے بعد ڈاکٹر منڈاویا نے دونوں کیوسکس پر فراہم کی جانے والی سہولتوں اور اقدامات کا جائزہ لیا اور وہاں آنے والے لوگوں سے بات چیت بھی کی۔ مرکزی وزیر نے شہریوں کو مرکز میں رکھتے ہوئے ٹیکنالوجی پر مبنی ان اقدامات کو سراہا، جن کا مقصد محنت کشوں، پنشن یافتگان، آجروں اور عام لوگوں کے لیے سماجی تحفظ کی خدمات کو مزید قابلِ رسائی، مؤثر اور سہل بنانا ہے۔
ای پی ایف او لاؤنج
ای پی ایف او لاؤنج میں ایک دلچسپ کٹھ پتلی تماشے(راجہ رینچو) کے ذریعے ای پی ایف او کے فوائد کو اجاگر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، یہاں مختلف نوعیت کی سہولتیں فراہم کرنے والے مخصوص کیوسکس بھی قائم کیے گئے ہیں۔ ان میں شکایات کے ازالے کے لیے ندھی آپ کے نکٹ / شکایات کیوسکس، آن لائن رہنمائی، دعوے دائر کرنے اور کے وائی سی میں اصلاح کے لیے ای-سروسز ڈیسک؛ پردھان منتری وکست بھارت روزگار یوجنا / چہرے کی شناخت کی ٹیکنالوجی کا کیوسک؛ ای پی ایف او کی نئی اسکیموں سے متعلق معلومات فراہم کرنے والا کیوسکس، پنشن سے متعلق سوالات اور ڈیجیٹل لائف سرٹیفکیٹ کے لیے پنشن ہیلپ ڈیسک، نیز روزگار اور سماجی تحفظ کی خدمات کے لیے نیشنل کیریئر سروسز (این سی ایس) / ای-شرم کیوسکس شامل ہیں۔
ای ایس آئی سی پویلین
ای ایس آئی سی پویلین میں آنے والے لوگوں کے لیے کئی عوام دوست سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ ان میں مفت طبی معائنے (بشمول بلڈ پریشر کی جانچ اور خون میں شکر کی سطح کی جانچ)، موقع پر ہی آدھار کو منسلک کرنے اور شکایات کے فوری ازالے کی سہولت شامل ہے۔ اس کے علاوہ، دہلی اور ہریانہ کے ای ایس آئی سی کے سینئر افسران سے بالمشافہ بات چیت کا موقع بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔لوگوں میں بیداری پیدا کرنے کے عمل کو دلچسپ اور باہمی شرکت پر مبنی بنانے کے لیے پویلین میں ڈیجیٹل اسکرینیں، سمعی و بصری پیشکشیں، اے نو ای ایس آئی سی کوئز(ای ایس آئی سی کو جانیں) اور سیلفی لیں اور ڈاکٹر بنیں جیسی دلچسپ سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ، خوش نصیب شرکاء کے لیے روزانہ تحائف کے تھیلے اور یادگاری اشیاء بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔اس کے علاوہ براہِ راست رائے حاصل کرنے کے لیے کیو آر کوڈ پر مبنی ایک منفرد نظام متعارف کرایا گیا ہے۔ اس کے تحت موصول ہونے والی آرا کی روزانہ انشورنس کمشنر کی جانب سے نگرانی کی جاتی ہے، تاکہ شہریوں کی تجاویز براہِ راست اعلیٰ انتظامیہ تک پہنچ سکیں۔
آئی آئی ٹی ایف 2026 کے دوران 14 سے 27 نومبر 2026 تک دونوں مقامات زائرین کے لیے کھلے رہیں گے۔ یہ دونوں ہال نمبر 4، بھارت منڈپم میں واقع ہیں، جہاں ای پی ایف او لاؤنج گراؤنڈ فلور (اسٹال نمبر 8A) اور ای ایس آئی سی پویلین پہلی منزل (اسٹال نمبر 4F-05-A) پر قائم ہے۔ محنت کشوں، پنشن یافتگان، آجروں، ان کے اہل خانہ اور عام لوگوں کو پُرخلوص دعوت دی گئی ہے کہ وہ ان دونوں اسٹالوں کا دورہ کریں، موقع پر دستیاب سہولتوں سے فائدہ اٹھائیں، باہمی شرکت پر مبنی سرگرمیوں میں حصہ لیں اور حکومت کے سماجی تحفظ سے متعلق اقدامات کے بارے میں مزید معلومات حاصل کریں۔
*****
ش ح۔ش ت۔ص ج
Urdu No-7707