پوسٹ کرنے کی تاریخ:
16 NOV 2026 9:37AM by PIB Delhi
تجارت و صنعت کے مرکزی وزیر جناب پیوش گوئل اور مصر کے سرمایہ کاری و غیر ملکی تجارت کے وزیر ڈاکٹر محمد فرید صالح نے آج مصر کے نئے انتظامی دارالحکومت میں ‘بھارت-مصر مشترکہ تجارتی کمیٹی’ کے ساتویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔ یہ پہلی بار تھا جب اس اہم دو طرفہ ادارہ جاتی طریقہ کار کا اجلاس وزارتی سطح پر منعقد کیا گیا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں حکومتیں ‘بھارت-مصر تزویراتی شراکت داری’ کے اقتصادی پہلو کو مضبوط بنانے کو کتنی ترجیح دیتی ہیں۔
فریقین نے 12 ارب امریکی ڈالر کے ہدف کے ساتھ دو طرفہ تجارت کو بڑھانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے تجارت میں تنوع لانے، اضافی قدر والی برآمدات کو فروغ دینے اور تجارت سے متعلق چیلنجوں کو حل کرنے پر زور دیا۔ ساتویں مشترکہ تجارتی کمیٹی کے اجلاس کے ایک اہم نتیجے کے طور پر، دونوں وزراء ایک ‘مشترکہ ورکنگ گروپ’ تشکیل دینے پر متفق ہوئے۔ یہ گروپ ‘ترجیحی تجارتی معاہدے’ یا ‘آزاد تجارتی معاہدے’کی شرائط پر غور کرے گا تاکہ دو طرفہ تجارت کو مستحکم کیا جا سکے، دونوں منڈیوں تک رسائی بہتر ہو سکے اور دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے تعلقات فروغ پا سکیں۔
اس اجلاس سے قبل، دونوں وزراء کے درمیان تجارت کے پھیلاؤ، سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرنے اور طویل مدتی صنعتی و کاروباری تعلقات استوار کرنے پر دو طرفہ بات چیت ہوئی۔ مشترکہ تجارتی کمیٹی نے موجودہ تجارتی تعلقات کا جائزہ لینے، کاروباروں کو درپیش چیلنجوں کا اندازہ لگانے اور باہمی تعاون کے نئے شعبوں کی نشاندہی کرنے کا موقع فراہم کیا۔
کمیٹی نے بھارت اور مصر کے درمیان تجارت میں ہونے والے اضافے کا جائزہ لیا۔ مالی سال 26-2025 (اپریل 2025 تا مارچ 2026) میں یہ تجارت 35 فیصد بڑھ کر 6.5 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئی۔ اپریل تا ستمبر 2026 کے دوران بھی تجارت میں 65 فیصد کا اضافہ ہوا اور یہ 5.04 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئی، جبکہ 2025 کے اسی عرصے میں یہ 3.08 ارب امریکی ڈالر تھی۔ یہ اضافہ تجارتی تبادلوں میں بڑھتی ہوئی رفتار اور تجارتی اشیاء کی فہرست میں مزید تنوع لانے کے امکانات کی عکاسی کرتا ہے۔ صنعتی اشیاء، توانائی اور کھادوں، کیمیکلز، ادویات سازی، انجینئرنگ، ٹیکسٹائل اور زرعی مصنوعات کے شعبوں میں تجارت کو فروغ دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
بات چیت بنیادی طور پر تجارت کو وسعت دینے، ترسیلی سلسلے (سپلائی چین) کو ترقی دینے اور تجارت کے لیے واضح و قابلِ اعتماد راستے ہموار کرنے پر مرکوز رہی۔ دونوں فریقوں نے غیر محصولات رکاوٹوں کو دور کرنے، کسٹمز کے طریقہ کار کو آسان بنانے، معیارات اور مطابقت کے جائزے کو مستحکم کرنے اور منڈیوں تک رسائی کو بہتر بنانے کے اقدامات پر غور کیا۔ انہوں نے کاروباری سرگرمیوں کو متاثر کرنے والے عملی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا، جن میں مصنوعات کی رجسٹریشن اور تجارت سے متعلق انضباطی طریقہ کار شامل ہیں۔
مذاکرات میں کاروباری روابط کو مضبوط بنانے اور مشترکہ صنعت کاری و سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر بھی زور دیا گیا۔ ترجیحی شعبوں میں ادویات سازی اور طبی آلات، انجینئرنگ اور برقی آلات، کھادیں، ٹیکسٹائل، قابلِ تجدید توانائی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز شامل تھیں۔ مصر کے صنعتی زونز میں بھارتی سرمایہ کاری اور ساتھ ہی بھارت کے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے صنعتی اور خدمات کے شعبوں میں مصری سرمایہ کاری کے مواقع پر گفتگو کرنا بھی ایجنڈے کا ایک اہم حصہ تھا۔
دونوں فریقوں نے ‘انویسٹ انڈیا’ اور مصر کی ‘جنرل اتھارٹی فار انویسٹمنٹ اینڈ فری زونز’ کے درمیان فریم ورک معاہدے کو مستحکم کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔ اس میں سرمایہ کاری سے متعلق معلومات کے تبادلے اور کاروباری روابط کو آسان بنانے کے لیے ایک مجوزہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم بھی شامل ہے۔
نہر سوئز کے قریب ہونے اور افریقی، عرب نیز یورپی منڈیوں سے جڑے ہونے کی وجہ سے، مصر برآمدات پر مبنی صنعت کاری اور علاقائی ترسیلی سلسلوں کے لیے ایک اہم شراکت دار ہے۔ وہیں، بھارت مصری سرمایہ کاروں اور برآمد کنندگان کو ایک وسیع اور متحرک منڈی، مسلسل بہتر ہوتا ہوا بنیادی ڈھانچہ اور ٹیکنالوجی و پیداواری شراکت داری کے مواقع فراہم کرتا ہے۔
مشترکہ تجارتی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے، جناب پیوش گوئل نے بھارت اور مصر کے درمیان مضبوط ہم آہنگی کے حامل پانچ شعبوں پر روشنی ڈالی، ادویات سازی اور صحت کی دیکھ بھال (جس میں سستی دواؤں، ویکسین اور طبی ٹیکنالوجی کے میدان میں بھارت کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانا شامل ہے)، انجینئرنگ اور آٹوموبائل (جس میں مشینری، گاڑیوں کے پرزہ جات اور صنعتی پیداوار شامل ہیں)، زراعت اور غذائی ڈبہ بندی (جس میں غذائی تحفظ، کھادیں، آبپاشی اور کولڈ چین کا بنیادی ڈھانچہ شامل ہیں)، ڈیجیٹل اور مالیاتی ٹیکنالوجی (جس میں یو پی آئی روابط، مقامی کرنسی میں تجارت اور بھارت کا ڈیجیٹل عوامی بنیادی ڈھانچہ شامل ہیں)، نیز ثقافت اور عجائب گھر (جس کے تحت ‘گرینڈ ایجپشین میوزیم’ اور بھارت کے آئندہ ‘یگے یوگین بھارت قومی عجائب گھر’ کے درمیان تحفظ، نمائش کی ترتیب اور ڈیجیٹلائزیشن کے شعبوں میں تعاون تجویز کیا گیا ہے)۔
وزارتی سطح کی مشترکہ تجارتی کمیٹی، بھارت-مصر تزویراتی شراکت داری کی اقتصادی ترجیحات کو آگے بڑھانے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔ اس کا انعقاد ستمبر 2026 میں بھارت میں برکس سربراہی اجلاس کے دوران صدر عبدالفتاح السیسی اور وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے درمیان ہونے والی ملاقات کے پس منظر میں کیا گیا تھا۔ مشترکہ تجارتی کمیٹی کا مقصد اس سیاسی رفتار کو مضبوط تجارتی بہاؤ، نئی سرمایہ کاری، مشترکہ صنعت کاری، منڈیوں تک بہتر رسائی اور بھارت، مصر نیز وسیع تر علاقائی منڈیوں کو جوڑنے والے زیادہ لچکدار ترسیلی سلسلوں میں تبدیل کرنا ہے۔
اگلی مشترکہ تجارتی کمیٹی کا اجلاس 2028 میں نئی دہلی میں، یا باہمی رضامندی سے طے کی گئی کسی قبل از وقت تاریخ پر منعقد کرنے پر اتفاق ہوا۔
آج ‘بھارت-مصر بزنس فورم’ میں بھارت اور مصر کی 300 سے زائد کمپنیوں نے حصہ لیا۔ اس نے ‘بھارت-مصر تزویراتی شراکت داری’ کے تحت کاروباری روابط کو مستحکم کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا۔ مرکزی وزیر برائے تجارت و صنعت جناب پیوش گوئل اور مصر کے وزیر برائے سرمایہ کاری و غیر ملکی تجارت ڈاکٹر محمد فرید صالح نے اس فورم سے خطاب کیا۔ اس میں مختلف شعبوں کے صنعتی رہنما اور سینئر کاروباری نمائندے شریک ہوئے۔
اس فورم کا انعقاد 15 سے 16 نومبر 2026 تک مصر کے اپنے سرکاری دورے کے دوران جناب پیوش گوئل کے سفر کے ایک حصے کے طور پر کیا گیا تھا۔ افتتاحی اجلاس سے ‘جنرل اتھارٹی فار انویسٹمنٹ اینڈ فری زونز’ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر محمد عوض،‘فیڈریشن آف انڈین چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری’کے صدر اور سنمار گروپ کے چیئرمین جناب وجے شنکر، نیز ‘فیڈریشن آف ایجپشین چیمبرز آف کامرس’ کے صدر جناب احمد الوکیل نے خطاب کیا۔
اس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے، جناب گوئل نے 2027 میں بھارت-مصر سفارتی تعلقات کی 80ویں سالگرہ سے قبل ایک چار نکاتی لائحہ عمل تجویز کیا۔ اس لائحہ عمل میں درج ذیل نکات شامل ہیں، ایک مقررہ مدت کے اندر تجارت کی نشاندہی کی گئی رکاوٹوں کو دور کرنا، انویسٹ انڈیاکے ذریعے بھارتی ریاستوں اور صنعتی کلسٹرز میں مصری سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنا، بڑے کاروباروں کے سپلائرز کو اس شراکت داری میں شامل کرنا تاکہ چھوٹے کاروباروں کے لیے مواقع پیدا ہو سکیںاور پیش رفت پر نظر رکھنے نیز کاروباری بات چیت کو ٹھوس معاہدوں میں تبدیل کرنے کے لیے سالانہ جائزے کا ایک باضابطہ نظام وضع کرنا۔
اس شراکت داری کے وسیع تر مقاصد پر زور دیتے ہوئے، جناب گوئل نے کہا، ‘‘آنے والے برسوں میں، جب کوئی اس دہائی کا مطالعہ کرے گا، تو اسے ایسے کارخانے ملنے چاہئیں جن پر لکھا ہو‘میڈ ان ایجپٹ، ود انڈیا’ (بھارت کے ساتھ مصر میں تیار کردہ) اور ‘میڈ ان انڈیا، ود ایجپٹ’ (مصر کے ساتھ بھارت میں تیار کردہ)۔’’
مصر میں سرمایہ کاری کے مواقع پر منعقدہ ایک خصوصی اجلاس میں ‘جنرل اتھارٹی فار انویسٹمنٹ اینڈ فری زونز’ اور ‘نہر سوئز اقتصادی زون’ کے سینئر نمائندوں نے شرکت کی، جنہوں نے ملک میں موجود صنعتی اور سرمایہ کاری کے مواقع پیش کیے۔ بحیرہ روم اور بحیرہ احمر کو ملانے والی مصر کی تزویراتی محلِ وقوع، وہاں ترقی پذیر بندرگاہوں اور رسد کے بنیادی ڈھانچے، نیز افریقی، عرب اور یورپی منڈیوں تک رسائی، ان بھارتی کاروباروں کے لیے بہترین مواقع فراہم کرتی ہے جو وہاں صنعتی پیداوار اور برآمدات پر مبنی اکائیاں قائم کرنا چاہتے ہیں۔
اس پلیٹ فارم پر مصر میں کام کرنے والی بھارتی کمپنیوں جیسے ٹی سی آئی سنمار، گیلکسی کیمیکل اور ایبڈوس کے تجربات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ ان کی موجودگی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ بھارتی سرمایہ کاری مصر کی صنعتی پیداوار، روزگار کے مواقع پیدا کرنے، ٹیکنالوجی کی ترقی، برآمدات اور علاقائی ترسیلی سلسلوں میں انضمام کے لیے کتنا اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے نمائندوں نے انجینئرنگ اور برقی آلات، کیمیکلز اور کھادیں، ادویات سازی، ٹیکسٹائل، غذائی ڈبہ بندی، گاڑیوں کے پرزہ جات، قابلِ تجدید توانائی اور رسد جیسے شعبوں میں تعاون کے امکانات پر غور و خوض کیا۔
ڈیجیٹل معیشت پر منعقدہ ایک خصوصی پینل میں مصر کے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور تبدیلی کے ماحولیاتی نظام کے شراکت داروں کے ساتھ ساتھ بھارت کی سرکردہ اسٹارٹ اپ اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ‘گلوبل فار اسمارٹ سولیوشنز’ کے چیئرمین انجینئر ایمن الجوہری کی نظامت میں منعقد ہونے والے اس پینل میں دونوں ممالک کے ماہرین اور صنعت کے سرکردہ افراد موجود تھے۔ مصر کی جانب سے ‘انفارمیشن ٹیکنالوجی انڈسٹری ڈیولپمنٹ ایجنسی’ کے انجینئر محمود سفراطہ، ‘اے جی ایکس’ کے فادی اسماعیل، ‘نیشنل سسٹم’ کے ڈاکٹر کریم حمزہ اور ‘ارام ہولڈنگ’کے ڈاکٹر صدیق احمد نے حصہ لیا۔ بھارتی صنعت کی نمائندگی ‘زوہو’کے راجیش رنگناتھن اور ‘ڈیٹا مورفوسس’ کے پردیپ گلبیلے نے کی۔ گفتگو بنیادی طور پر انٹرپرائز ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل حل، جدت طرازی اور صنعتی شراکت داریوں میں موجود مواقع پر مرکوز رہی۔
اس سے قبل، ‘نئے انتظامی دارالحکومت’ میں بھارت-مصر مشترکہ تجارتی کونسل کا چھٹا اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس اجلاس سے جناب گوئل اور وزیر صالح نے خطاب کیا۔ کونسل کی مشترکہ صدارت بھارتی جانب سے ’ٹی سی آئی سنمار کیمیکلز ایس اے ای‘ کے ایگزیکٹو نائب صدر گنیش کمار اور مصری جانب سے ’مکارم ٹیکس‘ کے خالد ابوالمکارم نے کی۔ ’فکی‘ کے صدر وجے شنکر نے بھی کونسل سے خطاب کیا۔
مشترکہ تجارتی کونسل نے کئی ترجیحی شعبوں پر مرکوز تبادلہ خیال کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا۔ ان شعبوں میں کیمیکلز اور پیٹرو کیمیکلز، ادویات سازی اور صحت کی دیکھ بھال، غذائی ڈبہ بندی اور زرعی کاروبار، قابلِ تجدید توانائی اور سبز ہائیڈروجن، بنیادی ڈھانچہ، بندرگاہیں اور رسد، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل خدمات، ٹیکسٹائل کی صنعت نیز گاڑیوں کی تیاری شامل ہیں۔ کونسل نے کاروباری تنظیموں کے درمیان ادارہ جاتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر بھی غور کیا۔ اس میں شعبہ جاتی ورکنگ گروپس کی تشکیل، کسٹمز اور تجارت میں سہولت کاری، کاروباری ویزا، اور 27-2026 کے لیے باہمی تجارتی وفود کا کیلنڈر تیار کرنے جیسے امکانات شامل تھے۔
دونوں مصروفیات نے بھارتی اور مصری معیشتوں کے درمیان باہمی تکمیلیت پر روشنی ڈالی۔ بھارت ایک وسیع اور بڑھتی ہوئی منڈی، مسابقتی صنعت کاری، انجینئرنگ اور ڈیجیٹل صلاحیتیں فراہم کرتا ہے، جبکہ مصر ایک مستحکم صنعتی بنیاد، تزویراتی رابطہ کاری، ہنر مند افرادی قوت اور افریقہ و وسیع تر خطے کی منڈیوں تک رسائی فراہم کرتا ہے۔ دو طرفہ تجارت 6.5 ارب امریکی ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ مصر میں بھارتی سرمایہ کاری پہلے ہی 5.5 ارب امریکی ڈالر سے زائد ہے۔ دونوں فریق گہری دو طرفہ سرمایہ کاری، مشترکہ صنعت کاری، ٹیکنالوجی کی شراکت داری اور ملکی و بین الاقوامی منڈیوں کی ضروریات پوری کرنے والے ترسیلی سلسلوں کی ترقی کے لیے نمایاں امکانات دیکھتے ہیں۔
جناب گوئل کا یہ دورہ ستمبر 2026 میں بھارت میں برکس سربراہی اجلاس کے دوران صدر عبدالفتاح السیسی اور وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد عمل میں آیا۔ یہ اعلیٰ سطحی دورہ، 300 سے زائد کمپنیوں کی شرکت پر مشتمل بھارت-مصر بزنس فورم اور بھارت-مصر مشترکہ تجارتی کونسل کی شمولیت بھارت-مصر تزویراتی شراکت داری کے تحت اقتصادی روابط کو مزید مستحکم کرنے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
جناب پیوش گوئل نے مصر کے وزیر برائے سرمایہ کاری و غیر ملکی تجارت عزت مآب ڈاکٹر محمد فرید صالح کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کا جائزہ لیا گیا اور مزید اقتصادی تعاون کے راستے تلاش کیے گئے۔ بات چیت میں تجارت کے پھیلاؤ، منڈیوں تک رسائی، سرمایہ کاری کے مواقع، اور مصر میں بھارتی کاروباروں کو درپیش چیلنجوں بشمول ادویات سازی، کھادوں اور ویزا سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ جناب گوئل نے بھارتی سرمایہ کاری میں سہولت فراہم کرنے اور دو طرفہ ترسیلی سلسلوں نیز کاروبار سے کاروبار روابط کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ جناب پیوش گوئل نے مصر کے وزیر صنعت عزت مآب انجینئر خالد ہاشم کے ساتھ بھی ایک دو طرفہ ملاقات کی، جس میں صنعتی تعاون کو مستحکم کرنے، صنعتی پیداوار میں شراکت داری کو فروغ دینے اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو بڑھانے کے مواقع پر گفتگو ہوئی۔ دونوں فریقوں نے صنعتی ترقی، ٹیکنالوجی کی شراکت داری، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی ترقی، صنعتی خودکاری اور جدید صنعت کاری میں ممکنہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
******
ش ح۔ ک ا۔ م ش۔
U.NO. 7698