پوسٹ کرنے کی تاریخ:
15 NOV 2026 11:22AM by PIB Delhi
صدرِ جمہوریہ ہند محترمہ دروپدی مرمو، نائب صدرِ جمہوریہ ہند اور چیئرمین راجیہ سبھا جناب سی پی رادھا کرشنن، وزیر اعظم ہند جناب نریندر مودی، لوک سبھا اسپیکر جناب اوم برلا، وزارتِ قانون و انصاف کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) اور وزارتِ پارلیمانی امور کے وزیر مملکت جناب ارجن رام میگھوال، اراکینِ پارلیمنٹ اور دیگر ممتاز شخصیات نے آج پارلیمنٹ کے احاطے میں واقع پریرنا استھل پر بھگوان برسا منڈا کے یومِ پیدائش اور جن جاتیہ گورو دیوس کے موقع پر ان کے مجسمے پر گلہائے عقیدت پیش کیے۔
دن کے دوران جناب سی پی رادھا کرشنن نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا: ’’وہ بہادری اور مزاحمت کی علامت تھے۔ انہوں نے قبائلی برادری کی قیادت کرتے ہوئے برطانوی حکومت کے خلاف جدوجہد کی اور ان کے حقوق، وقار اور شناخت کے تحفظ کے لیے آواز بلند کی۔ ان کا نعرۂ للکار ’اُلگُلان‘ آزادی اور انصاف کی جدوجہد کی ایک طاقتور آواز بن گیا۔ جن جاتیہ گورو دیوس کے موقع پر ہم ان کی لازوال وراثت اور ہندوستان کی جدوجہدِ آزادی اور قومی تعمیر میں قبائلی برادریوں کی گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ ان کی وراثت اور ہندوستان کی جدوجہدِ آزادی اور قومی تعمیر میں قبائلی برادریوں کی بیش بہا خدمات کا جشن منانے والی رنگا رنگ ثقافتی پیشکشوں کا مشاہدہ کرنا باعثِ تحریک تھا۔‘‘
2021 سے ہر سال 15 نومبر کو قبائلی مجاہدینِ آزادی کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے جن جاتیہ گورو دیوس منایا جاتا ہے۔ ہندوستان کی جدوجہدِ آزادی میں قبائلی برادریوں نے اہم کردار ادا کیا اور متعدد انقلابی تحریکوں کے ذریعے اپنی خدمات پیش کیں۔ یہ دن ان کی شاندار تاریخ، ثقافت اور ورثے کا جشن منانے کے لیے مخصوص ہے۔ اس موقع پر ملک بھر میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے، جن کا مقصد اتحاد، فخر اور ہندوستان کی آزادی و ترقی میں ان کی نمایاں خدمات کا اعتراف کرنا ہے۔
تقریبات کے دوران معززین کے استقبال کے لیے مختلف ریاستوں کے 6 قبائلی لوک فنکاروں نے پارلیمنٹ کے احاطے میں واقع پررنا استھل پر اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
***
ش ح۔ ش ا ر۔ ول
Uno-7670