صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

مرکزی وزیرِ صحت جناب جے پی نڈا نے نجف گڑھ کے دیہی صحت تربیتی مرکز (آر ایچ ٹی سی) کی ادارہ جاتی پیش رفت کا جائزہ لیا


جناب جے پی نڈا نے ادارہ جاتی بنیادی ڈھانچے اور صحت کی خدمات کو مستحکم بنانے کے ساتھ ساتھ قابلِ ستائش پیش رفت کے لیے آر ایچ ٹی سی نجف گڑھ کی کارکردگی کو سراہا

اگست سے اکتوبر 2026 کے دوران مرکز میں بیرونی مریضوں کے شعبے (او پی ڈی) میں 94,900 سے زائد افراد نے رجوع کیا اور تقریباً 36,000 ہنگامی طبی معاملات درج کیے گئے

مرکز نے تین شہری بنیادی صحت مراکز اور ان کے ذیلی مراکز کے ذریعے بنیادی صحت کی سہولتوں کے نیٹ ورک کو مزید مستحکم کیا

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 13 NOV 2026 5:32PM by PIB Delhi

صحت و خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر  جناب جگت پرکاش نڈا نے آج وزارتِ صحت و خاندانی بہبود کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ سروسز (ڈی جی ایچ ایس) کے تحت نئی دہلی کے نجف گڑھ میں واقع دیہی صحت تربیتی مرکز (آر ایچ ٹی سی) کی ادارہ جاتی پیش رفت اور ترقی کا جائزہ لیا۔

جائزے کے دوران وزیر موصوف کو ادارے کی جانب سے اسپتال اور مریضوں کی دیکھ بھال کی خدمات، تشخیصی اور معاون سہولتوں، افرادی قوت، تعلیمی بنیادی ڈھانچے، معیار کی یقین دہانی اور برادری کی سطح پر صحت کی خدمات کی فراہمی کے شعبوں میں حاصل ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image001_20261113173331_ed5110.jpg

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیرِ صحت و خاندانی بہبود جناب جے پی نڈا نے ادارہ جاتی بنیادی ڈھانچے اور صحت کی خدمات کو مستحکم بنانے کے لیے آر ایچ ٹی سی نجف گڑھ کی جانب سے انجام دیے گئے قابلِ ستائش کارکردگی کو سراہا۔  انہوں نے مشاہدہ کیا کہ ادارہ صحیح سمت میں آگے بڑھ رہا ہے اور اس کی ترقی کے لیے جاری اقدامات کو آگے بڑھانے میں آر ایچ ٹی سی کی ٹیم کی کاوشوں کی تعریف کی۔ انہوں نے ادارے کی ترقی اور توسیع میں تعاون کے لیے صفدرجنگ اسپتال اور وزارتِ صحت و خاندانی بہبود کے اہم کردار کو بھی سراہا۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ تمام متعلقہ فریقوں کی مسلسل کوششوں اور اجتماعی عزم سے آر ایچ ٹی سی کو مریضوں کی دیکھ بھال، طبی تعلیم اور عوامی صحت کی خدمات کے ایک اہم مرکز کے طور پر مزید مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔

اسپتال اور مریضوں کی دیکھ بھال کی خدمات کو مستحکم بنانا

آر ایچ ٹی سی نجف گڑھ میں اگست سے اکتوبر 2026 کے دوران مریضوں کی آمد کی تعداد میں نمایاں اضافہ درج  کیا گیا۔ اس مدت کے دوران ادارے نے بیرونی مریضوں کے شعبے (او پی ڈی) میں 10 خصوصی شعبوں کے تحت 94,927 مریضوں کو طبی خدمات فراہم کیں، جبکہ 35,985 مریضوں کو ہنگامی طبی سہولتیں فراہم کی گئیں۔ اس دوران اسپتال میں 198 مریضوں کو داخل بھی کیا گیا۔

ادارے میں مجموعی طور پر 691 آپریشن کیے گئے، جن میں 101 بڑے اور 590 چھوٹے آپریشن شامل تھے۔ اسی مدت کے دوران اس کے انسدادِ ریبیز مرکز اور سانپ کے کاٹنے کے علاج کی سہولت نے بھی بڑی تعداد میں مریضوں کو خدمات فراہم کیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image002_20261113173338_db368a.jpg

اسپتال میں فعال زچگی کے کمرے، 350 سے زائد ادویات پر مشتمل تازہ ترین فہرستِ ادویات والی فارمیسی اور آیورویدک و دندان سازی کے لیے مخصوص کلینک موجود ہیں، جس سے مریضوں کو دستیاب طبی خدمات کے دائرے میں مزید وسعت آئی ہے۔

تشخیصی اور معاون بنیادی ڈھانچے میں توسیع

جائزے کے دوران ادارے میں تشخیصی اور معاون خدمات کو مستحکم بنانے کے لیے کیے گئے اقدامات کو بھی اجاگر کیا گیا۔ ادارے کی تجربہ گاہ کو نیشنل ایکریڈیٹیشن بورڈ فار ٹیسٹنگ اینڈ کیلیبریشن لیبارٹریز (این اے بی ایل) سے منظوری حاصل ہے، جبکہ الٹراساؤنڈ (یو ایس جی) کی سہولت 24 اکتوبر 2026 کو فعال ہوئی اور اس کے تحت اب تک 148 اسکین کیے جا چکے ہیں۔ فزیوتھراپی اور سماعت کی جانچ کے شعبے بھی فعال ہیں، جہاں اگست سے اکتوبر 2026 کے دوران سماعت کے 252 ٹیسٹ کیے گئے۔

دیگر اہم سہولتوں، جن میں مرکزی شعبۂ جراثیم سے پاک طبی سامان کی فراہمی (سی ایس ایس ڈی)، فضلے کے اخراج کے پانی کی صفائی کا پلانٹ، گندے پانی کی صفائی کا پلانٹ اور طبی گیس کی پائپ لائن کا نظام شامل ہیں، کی تعمیر اور تنصیب بھی مکمل ہو چکی ہے۔

ادارہ جنوری 2027 تک خون ذخیرہ کرنے کے یونٹ اور مردہ خانے کو فعال بنانے کی جانب کام کر رہا ہے۔ سی ٹی اسکین اور ایکسرے کی سہولتیں 2027 کی پہلی سہ ماہی کے دوران فعال کرنے کا منصوبہ ہے۔

تعلیمی بنیادی ڈھانچے اور معیار کی یقین دہانی پر توجہ

3. اے این ایم ٹریننگ اسکول کو جدید تقاضوں کے مطابق بہتر بنایا گیا ہے، جہاں دو سالہ کورس کے لیے ہر سال 44 طلبہ کے داخلے کی گنجائش موجود ہے، جہاں دو سالہ کورس میں ہر سال 44 طلبہ کے داخلے کی گنجائش ہے۔ ادارے میں اے این ایم طلبہ کے لیے 60 بستروں کی گنجائش والا ہاسٹل بھی موجود ہے۔

ادارے نے اپنے تین شہری بنیادی صحت مراکز کے لیے قومی معیارِ یقین دہانی کے معیارات (این کیو اے ایس) کے تحت معیار کو بہتر بنانے کے اقدامات کیے ہیں۔ اس سلسلے میں شناخت کردہ 129 اقدامات میں سے 105 مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ 24 پر کام جاری ہے۔ ریاستی سطح پر جائزے اور سرٹیفکیشن کا ہدف دسمبر 2026 مقرر کیا گیا ہے، جس کے بعد فروری 2027 سے قومی سطح پر جائزے کا عمل شروع ہوگا۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image003_20261113173344_a3d292.jpg

ادارے نے ضابطوں کی تعمیل سے متعلق کئی اہم سرگرمیاں بھی مکمل کر لی ہیں، جن میں دہلی آلودگی کنٹرول کمیٹی (ڈی پی سی سی) سے حیاتیاتی طبی فضلے کے انتظام کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنا، برقی و الیکٹرانک کچرے کا انتظام اور حمل سے قبل و دورانِ حمل تشخیصی تکنیک (پی سی پی این ڈی ٹی) سے متعلق ضوابط کی تعمیل شامل ہے۔ توانائی، آتش زدگی سے تحفظ، عمارت کے ڈھانچے اور سلامتی سے متعلق آڈٹ مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ پانی کا آڈٹ جاری ہے۔

مستقبل کی ترقی کا لائحۂ عمل

جائزے میں ادارے کے قلیل ، درمیانی   اور طویل مدتی ترقیاتی منصوبوں کا بھی احاطہ کیا گیا۔ قلیل مدتی منصوبے کے تحت آر ایچ ٹی سی کا ہدف ہے کہ دسمبر 2026 تک تھیلیسیمیا، نشے کی لت سے نجات، نوعمروں کی صحت، جنسی امراض، جوڑوں کے امراض اور غیر متعدی بیماریوں کے خصوصی کلینک فعال کر دیے جائیں۔

درمیانی مدتی لائحۂ عمل میں خاندانی طب اور ہنگامی طب کے تدریسی شعبوں کا قیام شامل ہے، جنہیں 2027 کی پہلی سہ ماہی کے اختتام تک فعال کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ طویل مدتی منصوبے میں بی ایس سی نرسنگ کالج، الائیڈ ہیلتھ سائنسز کالج، رہائشی ہاسٹل کے قیام اور طبی تعلیم کی سہولتوں میں توسیع کا تصور پیش کیا گیا ہے۔

آر ایچ ٹی سی کو 230 بستروں والے اسپتال میں اَپ گریڈ کرنے کا عمل پہلے ہی شروع ہو چکا ہے۔ اس مجوزہ توسیع سے مریضوں کی دیکھ بھال، طبی تعلیم اور ادارہ جاتی تربیت کی صلاحیت میں اضافے کی توقع ہے۔

جائزے میں ادارے کی مزید ترقی کے لیے درکار اہم انتظامی اور عملی امور کا بھی احاطہ کیا گیا، جن میں ماہر ڈاکٹروں، سینئر ریزیڈنٹ ڈاکٹروں اور صحت کے دیگر کارکنوں کی دستیابی کے ساتھ بنیادی ڈھانچے اور انتظامی معاملات شامل ہیں۔

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image004_20261113173351_8e7ae4.jpg

آر ایچ ٹی سی کے بارے میں

1937 میں قائم ہونے والے آر ایچ ٹی سی نجف گڑھ کی خدمات، تعلیم اور عوامی صحت کے شعبے میں ایک طویل تاریخ ہے۔ یہ ادارہ نجف گڑھ، اجوا اور پالم میں واقع تین شہری بنیادی صحت مراکز (یو پی ایچ سی) اور ان کے متعلقہ ذیلی مراکز کے ذریعے بنیادی صحت کی جامع خدمات فراہم کرتا ہے۔ یہ مراکز دیہی اور نیم شہری آبادی کی صحت سے متعلق ضروریات پوری کرتے ہیں، جن میں ماں اور بچے کی صحت، ٹیکہ کاری، خاندانی بہبود اور بیماریوں پر قابو پانے کے پروگراموں پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ یہ مراکز طب، نرسنگ اور نیم طبی شعبوں کے طلبہ کو عملی تربیت فراہم کرنے کے مراکز کے طور پر بھی کام کرتے ہیں۔

آر ایچ ٹی سی نجف گڑھ میں ہونے والی پیش رفت قابلِ رسائی، جامع اور معیاری صحت خدمات کو مستحکم بنانے کے لیے مسلسل کوششوں کی عکاس ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایسے اداروں کو فروغ دینے پر بھی توجہ دی جا رہی ہے جہاں مریضوں کی نگہداشت، طبی تعلیم، ہنر مندی کی ترقی اور عوامی صحت کے شعبوں کو یکجا کیا گیا ہو۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ش ح۔ت ف۔ر ب۔

U-7608


(ریلیز آئی ڈی: 2335981) وزیٹر کاؤنٹر : 8
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी