وزیراعظم کا دفتر
azadi ka amrit mahotsav

وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی کرناٹک کے بنگلورو میں پرشانتی کٹیرم کی گولڈن جوبلی تقریبات میں شرکت


ہم  آنجہانی ایچ وی شیشادری جی کے یوم پیدائش کی صد سالہ تقریبات منا رہے ہیں، جنہوں نے اپنی پوری زندگی ’کردار سازی کے ذریعے قوم کی تعمیر‘ کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے وقف کر دی: وزیر اعظم

گزشتہ 12 برسوں کے دوران ہندوستان پورے اعتماد کے ساتھ اپنی ثقافت، اپنی شناخت اور اپنے علم و سائنس کو دنیا کے سامنے پیش کر رہا ہے۔ یہ ہندوستان کی پہل کا ہی نتیجہ ہے کہ آج پوری دنیا یوگا کے عالمی دن کو مناتی ہے: وزیر اعظم

یوگ آسن کو اب باضابطہ طور پر ایک مسابقتی کھیل کے طور پر تسلیم کر لیا گیا ہے اور اسے کھیلو انڈیا اور قومی کھیلوں جیسے مقابلوں میں بھی جگہ ملی ہے۔ اس سے یوگا کے مشق کاروں کے لیے مسابقتی ٹورنامنٹس میں حصہ لینے کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں: وزیر اعظم

ہم نے آیوروید سے متعلق تحقیق اور آیوروید پر مبنی پیٹنٹس کی حوصلہ افزائی کی ہے اور آج اس کے نتائج ہمارے سامنے ہیں۔ ہندوستان سے آیوش اور جڑی بوٹیوں سے تیار کردہ مصنوعات کی برآمدات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے: وزیر اعظم

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 13 NOV 2026 2:01PM by PIB Delhi

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج کرناٹک کے بنگلورو میں پرشانتی کٹیرم کی’ گولڈن جوبلی‘ تقریبات میں شرکت کی۔ اس موقع پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کنڑ زبان میں سب کو مبارک باد پیش کی اور بنگلورو میں یوگا کےتئیں غیر معمولی جوش کا تجربہ کرنے پر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ کرناٹک صدیوں سے یوگا کی روایت کا ایک اہم مرکز رہا ہے اور یہ سرزمین متعدد عظیم روحانی پیشواؤں اور دانشوروں کی جائے پیدائش رہی ہے، جنہوں نے یوگا کی اس قدیم روایت کو فروغ دینے اور اسے مزید وسعت دینے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ انہوں نے کنڑ فلمی صنعت کی ممتاز اور نامور شخصیت ڈاکٹر راج کمار کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ جناب مودی نے کہاکہ کرناٹک میں ایسی شخصیات بھی رہی ہیں، جنہوں نے فنون لطیفہ کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے ساتھ ساتھ یوگا کی روایت کو آگے بڑھانے اور اس کے فروغ کے لیے بھی گراں قدر خدمات انجام دیں۔

وزیر اعظم نے کرناٹک کے مالا مال تہذیبی ورثے کے درمیان پرشانتی کٹیرم کے 50 سالہ سفر کو خدمت اور لگن کی ایک بے مثال داستان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر شہری کو اس سے واقف ہونا چاہیے۔ انہوں نے ایک معمولی مرکز سے ایک وسیع تحریک کی شکل اختیار کرنے تک اس کے سفر کو اجاگر کیا۔ وزیر اعظم مودی نے کہاکہ یوگا کا ایک عام سا مرکز کس طرح ایک وسیع تحریک میں تبدیل ہوا، یہ بذات خود ایک  باعث ترغیب ہے۔

اس سنگ میل کی تقریب کے دوران کیمپس میں کئی نئی سہولتوں کے افتتاح کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ایس وی وائی اے ایس اے خاندان کو اس کی جاری سرگرمیوں کے لیے نیک خواہشات پیش کیں۔ جناب مودی نے کہاکہ میں آپ سبھی کو اور پرشانتی کٹیرم سے وابستہ لاکھوں سادھکوں کو گولڈن جوبلی کے موقع پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

پرشانتی کٹیرم کی گولڈن جوبلی کے ساتھ ہی رواں برس  ایچ وی  شیشادری جی کے یوم پیدائش کی صد سالہ تقریبات منائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر انہیں عقیدت و احترام کے ساتھ خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ شیشادری جی نے اپنی پوری زندگی ’کردار سازی کے ذریعے قوم کی تعمیر‘ کے مشن کے لیے وقف کر دی تھی۔ ان کا ماننا تھا کہ ملک کو کامیابی کی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے پرعزم، باصلاحیت اور نظم و ضبط کے پابند شہریوں کی ضرورت ہے۔

ایچ وی شیشادری جی کی سادگی، بلند پایہ شخصیت، وسیع تجربے اور دوسروں کو آگے بڑھانے، لوگوں کو متحد کرنے اور انہیں قومی خدمت کے لیے تیار کرنے کی غرض سے پس پردہ رہ کر کام کرنے میں ان کی غیر معمولی انکساری کو یاد کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ایک مثال بیان کی، جس کا ذکر شیشادری جی اکثر کیا کرتے تھے۔ یہ مثال ایک ایسی ماں سے سیکھنے کے بارے میں تھی جو اپنے بچے کی پرورش اور بے لوث خدمت کے لیے پوری رات جاگتی رہتی ہے۔ جناب مودی نے کہاکہ اگر ہم اس جذبے کو پورے معاشرے کے لیے وسعت دیں تو معاشرے کی کتنی بڑی بھلائی ہوگی۔

ایچ وی شیشادری جی نے ایک ماں جیسی پاکیزگی اور بے لوث جذبے کے ساتھ معاشرے کی خدمت کی،اس بات کو اجاگر کرتےہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ یہ ان کی خوش قسمتی رہی کہ انہیں مسلسل شیشادری جی کی شفقت اور رہنمائی حاصل ہوتی رہی۔ وزیر اعظم مودی نے کہاکہ ان کے ساتھ گزارے ہوئے وقت کی یادیں اور ان کے کہے ہوئے الفاظ آج بھی میرے لیے بیش قیمت ہیں۔

ایچ وی شیشادری جی کی ایک اور ناقابل فراموش تعلیم کو یاد کرتے ہوئے، جس میں وہ کہا کرتے تھے کہ جب انسان دونوں ہاتھوں سے معاشرے کو دیتا ہے تو معاشرہ لاکھوں ہاتھوں سے اسے واپس لوٹاتا ہے، وزیر اعظم نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی میں اس حقیقت کو بارہا ثمر آور ہوتے دیکھا ہے۔ جناب مودی نے کہاکہ عوام کی خدمت کرتے ہوئے مجھے ہمیشہ لوگوں کی دعائیں اور آشیرواد حاصل ہوئے ہیں اور یہ میری زندگی کا ایک بہت بڑا اثاثہ ہے۔

اس بات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہاکہ بے لوث خدمت کا یہی جذبہ ایچ وی شیشادری جی کے پورے خاندان میں نمایاں طور پر نظر آتا ہے۔ وزیر اعظم نے ڈاکٹر ایچ آر ناگیندر اور ڈاکٹر آر ناگ رتنا کی ستائش کی، جو اپنی مخلصانہ کاوشوں کے ذریعے ان کے مشن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے کہاکہ میں ان کی ہر کوشش کو سراہتا ہوں اور انہیں مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

اس دور کو یاد کرتے ہوئے جب ہندوستان نوآبادیاتی حکمرانی کی زنجیروں میں جکڑا ہوا تھا اور لاکھوں مجاہدین آزادی ملک کی آزادی کے لیے جدوجہد کر رہے تھے، وزیر اعظم نے سوامی وویکانند جیسی قومی رشیوں (راشٹر رشیوں) کے اس اہم کردار کو اجاگر کیا، جنہوں نے قوم کے روحانی شعور کو بیدار کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ جناب مودی نے کہاکہ انہوں نے ہندوستان کے نوجوانوں کو یوگا کا راستہ دکھایا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ سوامی وویکانند جیسے رشیوں سے حاصل ہونے والی تحریک کے نتیجے میں پرشانتی کٹیرم اور ایس ویاسا جیسے اداروں کا قیام عمل میں آیا، جنہوں نے نہ صرف عوام کو یوگا سے جوڑا بلکہ جدید سائنسی تحقیق بھی کی۔ ان اداروں نے یوگا کے مشق کاروں، اساتذہ، ڈاکٹروں اور فلسفیوں کو تربیت فراہم کی، جو دنیا بھر میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ، انہوں نے یوگا، آیوروید، نیچروپیتھی اور جدید طب کو یکجا کرتے ہوئے جامع صحت و تندرستی کا ایک نظام بھی قائم کیا۔ وزیر اعظم نے ذہنی دباؤ اور طرز زندگی سے متعلق بیماریوں پر ان اداروں کی تحقیق کو بھی سراہا۔ وزیر اعظم مودی نے کہاکہ اس سمت میں انجام دی جانے والی تحقیقی کاوشوں نے پوری دنیا کی خدمت کی ہے اور میں ان کوششوں کے لیے پرشانتی کٹیرم کی ستائش کرتا ہوں۔

وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ گزشتہ 12 برسوں میں ہندوستان نے غیر معمولی اعتماد کے ساتھ اپنی تہذیب و ثقافت، قومی شناخت اور سائنسی ورثے کو عالمی سطح پر متعارف کرایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی ان مسلسل کوششوں کا ہی نتیجہ ہے کہ آج یوگا کو دنیا بھر میں وسیع پیمانے پر پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔ آسٹریلیا، افریقہ اور امریکہ سمیت دنیا کے مختلف خطوں میں کروڑوں افراد جوش و خروش کے ساتھ یوگا کے عالمی دن کی تقریبات میں حصہ لیتے ہیں۔ اس کے علاوہ، یوگا اب عالمی سطح پر تعلیمی اداروں، مختلف تنظیموں اور دفاتر میں بھی تیزی سے مقبول ہو رہا ہے اور اسے روزمرہ زندگی کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب نے یوگا کو ایک کھیل کی سرگرمی کے طور پر تسلیم کیا ہے اور وہاں کی وزارت کھیل نے ہندوستان کی وزارت آیوش کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط بھی کیے ہیں۔ جناب مودی نے کہاکہ یوگا کے فروغ اور اس کی عالمی مقبولیت میں نمایاں کردار ادا کرنے والے غیر ملکی شہریوں کی مثالیں مسلسل سامنے آتی رہتی ہیں۔ ایسے افراد کو پدم شری جیسے باوقار اعزاز سے نواز کر ہندوستان نہ صرف ان کی خدمات کا اعتراف کر رہا ہے بلکہ ان کی حوصلہ افزائی اور قدر افزائی بھی کر رہا ہے۔‘‘

وزیر اعظم نے اس بات کی نشاندہی کی کہ یوگا سے دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی واقفیت  ہندوستان کے بارے میں تجسس پیدا کر رہی ہے اور اس کی ثقافت اور روایتی علم کی جانب لوگوں کو راغب کر رہی ہے۔ اس سے اجتماعی کوششوں کے ذریعے عالمی سطح پر روابط کے نئے راستے کھل رہے ہیں۔ انہوں نے آیوروید کی بھی اسی طرح عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی مقبولیت کو اجاگر کیا۔ وزیر اعظم مودی نے کہاکہ دنیا کے مختلف ممالک میں آیوروید کے 150 سے زائد تربیتی کورسز کو تسلیم کیا گیا ہے اور آیوروید کے فروغ میں تعاون کے لیے دنیا کے 28 ممالک کے ساتھ مفاہمت کی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے گئے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ یوگا کے فروغ کے ساتھ ساتھ حکومت نے کئی ضوابط میں بھی ترمیم کی ہے، تاکہ یوگا اور آیوروید کے فوائد ہر شہری تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ ہندوستان میں یوگ آسن کو ایک مسابقتی کھیل کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے اور کھیلو انڈیا اور قومی کھیلوں میں اس کے لیے ایک مخصوص مقام مختص کیا گیا ہے۔ جناب مودی نے زور دیتے ہوئے کہاکہ یہ تبدیلی  ہندوستان کے لیے انتہائی اہم ہے، کیونکہ اس سے یوگا سے وابستہ افراد کے لیے مسابقتی ٹورنامنٹس میں حصہ لینے کی راہیں بھی ہموار ہوئی ہیں۔

آیوروید کے فروغ کے لیے حکومت کی مسلسل کوششوں کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اس مقصد کے لیے ایک علیحدہ وزارت آیوش قائم کی گئی ہے اور آیوروید سے متعلق تحقیق اور پیٹنٹس کی بھی حوصلہ افزائی کی گئی ہے۔ ان اقدامات کے نتیجے میں آیوش کی معیشت لاکھوں کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے، جبکہ جڑی بوٹیوں سے تیار کردہ مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ ہو رہا ہے اور ہندوستانی ہلدی کی عالمی مانگ بھی بڑھ رہی ہے، جو نسلوں سے ملک کے گھروں میں استعمال ہوتی رہی ہے۔ وزیر اعظم نے ہلدی کی برآمدات کو فروغ دینے کے لیے کیے گئے ادارہ جاتی اقدامات کو بھی اجاگر کیا۔ وزیر اعظم مودی نے کہاکہ ہلدی کی پیداوار، معیار اور برآمدات کو نئی تقویت دینے کے لیے ہم نے قومی ہلدی بورڈ بھی تشکیل دیا ہے۔

وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ہندوستان کے قدیم علوم اور جدید تحقیق کے فوائد انسانیت تک پہنچانے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کے لیے نئے مواقع بھی پیدا کیے جانے چاہئیں۔ انہوں نے غیر ملکی طبی سیاحوں کے لیے سفر کو آسان بنانے کی غرض سے ای-آیوش ویزا سہولت کے آغاز اور جام نگر میں عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے عالمی مرکز برائے روایتی طب کے قیام کا ذکر کیا۔ جناب مودی نے کہاکہ اس کے ذریعے روایتی طب کے شعبے میں تحقیق اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ 140 کروڑ شہری ایک وکست بھارت کی تعمیر کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے عالمی بینک کی تازہ ترین رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 12 سے 13 برسوں کے دوران تقریباً 50 کروڑ ہندوستانی شہری انتہائی غربت سے باہر نکل آئے ہیں، جس سے خاندانوں کے لیے صحت کو ترجیح دینے کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ پرشانتی کٹیرم کے تعاون سے یوگا کو اپنا کر خاندان اپنی صحت کا بہتر خیال رکھ سکتے ہیں۔ وزیر اعظم نے ادارے پر زور دیا کہ وہ نئے اہداف کے حصول کے لیے ایک لائحۂ عمل تیار کرے۔ وزیر اعظم مودی نے کہاکہ اس سے نہ صرف پرشانتی کٹیرم کو ان کی نوجوان صلاحیتوں اور توانائی سے فائدہ پہنچے گا بلکہ ملک بھی اس سے مستفید ہوگا۔‘‘

********

ش ح۔   م ع ن۔ ن ع

U-NO-7592


(ریلیز آئی ڈی: 2335829) وزیٹر کاؤنٹر : 10