شماریات اور پروگرام کے نفاذ کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

علمی نظام سے متعلق کمیٹی کی پیش کردہ رپورٹ پر متعلقہ فریقوں سے  آرا اور تجاویز   طلب کی گئی ہیں

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 13 NOV 2026 2:40PM by PIB Delhi

ہندوستانی معیشت میں علم اور علمی مصنوعات کے تعاون کی پیمائش کے لیے ایک منظم لائحہ عمل تیار کرنے کی اہمیت اس تناظر میں بڑھ جاتی ہے کہ اقتصادی سرگرمیوں، پیداواری صلاحیت اور قدر کی تخلیق کو فروغ دینے میں علم کا کردار مسلسل بڑھ رہا ہے۔ اس مقصد کے پیش نظر، 10 فروری 2025 کو حکومتِ ہند کے پرنسپل سائنسی مشیر پروفیسر اجے کمار سود کی صدارت میں منعقدہ ایک اجلاس کے ساتھ اس سلسلے میں غور و خوض کا آغاز کیا گیا، جس میں اس کام کے لیے ابتدائی سمت متعین کی گئی۔ بعد ازاں، شماریات و پروگرام کے نفاذ کی وزارت (ایم او ایس پی آئی) نے مئی 2025 میں صلاحیت سازی کمیشن کے اس وقت کے رکن ڈاکٹر آر. بالاسبرامنیم کی صدارت میں ایک تکنیکی مشاورتی گروپ (ٹی اے جی) تشکیل دیا، تاکہ پیمائش کے لائحہ عمل کی تیاری میں رہنمائی فراہم کی جا سکے۔ اس گروپ نے اپنے غور و خوض کے ایک حصے کے طور پر 30 ستمبر 2025 کو شماریات و پروگرام کےنفاذ  کی وزارت کے زیر اہتمام ایک مشاورتی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔ اس ورکشاپ اور اس کے بعد ماہرین کے ساتھ ہونے والی مشاورت سے حاصل ہونے والی تجاویز اور معلومات نے ‘‘ہندوستانی معیشت میں علم اور علمی مصنوعات کے تعاون کی  توسیع کے لائحہ عمل’’ سے متعلق بنیادی مقالہ تیار کرنے میں رہنمائی فراہم کی، جسے مئی 2026 میں جاری کیا گیا۔

اس بنیاد کو آگے بڑھاتے ہوئے، شماریات و پروگرام  کے نفاذ  کی وزارت نے 5 مئی 2026 کو وزیر اعظم کی اقتصادی مشاورتی کونسل کے سابق رکن سکریٹری جناب رتن پی. وتل کی صدارت میں علمی نظام سے متعلق ایک کمیٹی تشکیل دی، جسے معیشت میں علم اور علمی مصنوعات کے تعاون کی  توسیع  کے لائحہ عمل پر ایک قابلِ عمل پالیسی مقالہ تیار کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی۔

مذکورہ کمیٹی نے اس موضوع کا وسیع تر جائزہ لیا اور ہندوستانی معیشت میں علم اور علمی مصنوعات کے تعاون کی توسیع کے لیے ایک قابلِ عمل لائحہ عمل تیار کرنے کی غرض سے مختلف نقطہ ہائے نظر اور شواہد سے استفادہ کیا۔ کمیٹی نے اپنی حتمی رپورٹ وزارت کو پیش کر دی ہے، جس میں ’’معیشت میں علم اور علمی مصنوعات کے تعاون کی پیمائش کے لائحہ عمل پر قابلِ عمل پالیسی مقالہ‘‘ شامل ہے۔

رپورٹ یہاں (https://www.mospi.gov.in/announcements) ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔

قابلِ عمل پالیسی مقالے میں اس کام کا پس منظر اور سیاق و سباق پیش کیا گیا ہے۔ وِکست بھارت کے تصور کے تحت ہندوستان کی ترقی کے عزائم کو پورا کرنے کے لیے پیداواری صلاحیت، اختراع اور اقتصادی قدر پیدا کرنے کی صلاحیت میں مسلسل بہتری لانا ضروری ہے۔ علم پیدا کرنے، حاصل کرنے، اسے جذب کرنے، اس کے مطابق خود کو ڈھالنے اور اس کا اطلاق کرنے کے لیے درکار علمی بنیاد، عملی معلومات اور خصوصی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا ملک کی ترقی کی سمت متعین کرنے میں تیزی سے اہم کردار ادا کرے گا۔ لہٰذا، معیشت میں علم کے تعاون کو سمجھنا موجودہ قوتوں کی نشاندہی کرنے، صلاحیتوں میں موجود خامیوں کو پہچاننے اور ہندوستان کی مستقبل کی ترقی کی رہنمائی کے لیے ترجیحات طے کرنے کی غرض سے نہایت ضروری ہے۔ یہ کام اس لیے بھی تیزی سے پیچیدہ ہوتا جا رہا ہے کہ علم کی تخلیق کی نوعیت اور اس کے طریقہ ہائے کار میں تیزی سے تبدیلی آ رہی ہے۔ طاقتور مصنوعی ذہانت کے نظام روایتی انسانی طریقوں سے ہٹ کر علم پیدا کر رہے ہیں اور مسائل کے حل تیار کر رہے ہیں۔

اس مقالے میں اقتصادی ترقی، پیداواری صلاحیت، مسابقت اور  اسٹریٹجک صلاحیتوں کے محرک کے طور پر  سودمند علم کی منظم  توسیع کی ضرورت اور اس کی وجوہات بیان کی گئی ہیں۔ اس میں علمی ماحولیاتی نظام کے آٹھ باہم مربوط اجزا کی وضاحت کی گئی ہے، جن میں علم، صلاحیتیں اور اثاثے، معاون بنیادی ڈھانچہ، علم کی تخلیق سے متعلق سرگرمیاں، علمی مصنوعات، علم پر مبنی مصنوعات، علم پر مبنی کاروباری سرگرمیاں اور علم کا اطلاق شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، علمی مصنوعات کی  پہچان کے لیے چند بنیادی شرائط بھی تجویز کی گئی ہیں، جن میں علم بطور وسیلہ، علمی مواد، شناخت کی صلاحیت، تدوین اور اقتصادی قدر شامل ہیں۔ یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ ان حدود کو سخت معیار کے بجائے وسیع رہنما اصولوں کے طور پر دیکھا جائے، تاکہ ایسی مصنوعات کی متنوع نوعیت اور بدلتے ہوئے رجحانات کو پیش نظر رکھتے ہوئے مناسب لچک برقرار رکھی جا سکے۔

مختلف ممالک کے تجربات سے ظاہر ہوتا ہے کہ علم سے متعلق سرگرمیوں اور مصنوعات کا اندراج عموماً متعدد تکمیلی حسابات کے ذریعے کیا جاتا ہے۔ ہندوستان میں بھی اقتصادی سرگرمیوں کے ابھرتے ہوئے اور علم پر مبنی شعبوں کو زیادہ جامع انداز میں سمجھنے کے لیے اسی طرح کی کوششیں جاری ہیں۔ ان میں 2025 میں  کلچر سیٹلائٹ اکاؤنٹ تیار کرنے کے کام کا آغاز، مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) میں خلائی معیشت کے تعاون کی پیمائش کے لیے لائحہ عمل تیار کرنے کا جاری کام، اور مالی سال 2022-23 کے لیے جی ڈی پی میں ڈیجیٹل معیشت کے تعاون کا تخمینہ لگانے کی غرض سے 2025 میں کیا گیا ایک مطالعہ شامل ہے۔

مندرجہ بالا امور کے پیش نظراور اس حقیقت کو مدنظر رکھتے ہوئے کہ پورے علمی ماحولیاتی نظام کی بیک وقت جامع پیمائش ممکن نہیں ہے، مقالے میں سفارش کی گئی ہے کہ پالیسی سازی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے پورے علمی ماحولیاتی نظام کی ایک واحد مجموعی پیمائش کے بجائے ایس این اے 2025 سے ہم آہنگ موضوعاتی اعداد و شمار اور حسابات کا ایک مجموعہ تیار کیا جائے۔ اس ماحولیاتی نظام کے اہم اجزا اور ذیلی اجزا کو ان کے اقتصادی ترقی، پیداواری صلاحیت، مسابقت، جامع ترقی اور روزگار، مستقبل میں اہمیت اور کم لاگت میں قابلِ پیمائش ہونے کی بنیاد پر ترجیح دی جا سکتی ہے۔ اس میں مزید سفارش کی گئی ہے کہ انسانی سرمایہ، تحقیق و ترقی، تخلیقی معیشت، مصنوعی ذہانت کے نظام، اعداد و شمار اور ڈیٹا بیس، اعلیٰ ٹیکنالوجی کی مصنوعات، جدید ترین ٹیکنالوجیز اور ڈیجیٹل معیشت جیسے شعبوں میں ترجیحی بنیاد پر موضوعاتی اعداد و شمار اور حسابات تیار کرنے پر غور کیا جائے۔

موضوعاتی اعداد و شمار اور حسابات تیار کرنے میں مدد کے لیے مقالے میں ایک وفاقی طرز کا ماڈل تجویز کیا گیا ہے، جس کے تحت ہر ادارے کی ذمہ داریاں اس کے دائرۂ کار اور متعلقہ شعبے میں اس کی خصوصی صلاحیتوں کے مطابق تقسیم کی جائیں گی۔ اس ماڈل میں تین طرح کے  رولز شامل ہوں گے: نظام کو مربوط کرنے والے ادارے، جو پیمائش کا مشترکہ لائحہ عمل فراہم کریں گے؛ متعلقہ شعبوں کے ادارے، جن میں شعبہ جاتی وزارتیں اور محکمے شامل ہوں گے اور جو مخصوص اجزا کی پیمائش کریں گے؛ اور اہم شراکت دار، جن میں ریاستی حکومتیں، ضابطہ ساز ادارے اور تحقیقی و تعلیمی ادارے شامل ہوں گے۔

مشاورتی عمل کے ایک حصے کے طور پر تمام متعلقہ فریقوں اور عام لوگوں سے قابلِ عمل پالیسی مقالے پر آرا اور تجاویز طلب کی گئی ہیں۔ اپنی آرا اور تجاویز 12 دسمبر 2026 تک اس وزارت کو ای میل پتے : rau-2@mospi.gov.in پر ارسال کی جا سکتی ہیں۔

Click here to see pdf

******

UN-7595

ش ح۔ع ح۔  م ذ


(ریلیز آئی ڈی: 2335814) وزیٹر کاؤنٹر : 5
یہ ریلیز پڑھیں: English