پوسٹ کرنے کی تاریخ:
13 NOV 2026 2:18PM by PIB Delhi
سائنس و ٹیکنالوجی اور ارضیاتی علوم کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ہندوستان اور اٹلی کے درمیان مشترکہ تحقیقی تعاون کو مضبوط بنانے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اختراعات، تبدیلی اور ہنرمندی کی ترقی کو فروغ دینے اور سائنس پر مبنی معاشروں کو عالمی سطح پر اثرات مرتب کرنے کے قابل بنانے کے لیے دنیا کے سرکردہ شراکت داروں کے ساتھ ہدف پر مبنی تحقیقی شراکت داریاں نہایت ضروری ہیں۔
روم میں اٹلی کی وزیر برائے یونیورسٹی و تحقیق محترمہ انا ماریا برنینی کے ساتھ دوسرے ہندوستان-اٹلی سائنس و اختراعی مذاکرات 2026 کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ سائنسی صلاحیتوں کو اگلی سطح تک لے جانے کے لیے مشترکہ تحقیق انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے اس ضرورت پر زور دیا کہ ہندوستان اور اٹلی کو اپنے اپنے سائنسی اور اختراعی نظام کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک دوسرے کی تکمیل کرنے والی اور ہدف پر مبنی تحقیق کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔
مذاکرات کے دوسرے ایڈیشن میں کامیابی کے ساتھ شرکت کرنے پر تعلیمی اداروں، تحقیقی اداروں، انکیوبیٹروں اور ٹیکنالوجی انکیوبیشن مراکز سے وابستہ ہندوستانی اور اطالوی مندوبین کو مبارک باد دیتے ہوئے، وزیر موصوف نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ اس مذاکرات میں کثیر تعدادمیں شرکت دیکھی گئی اور اس سے دو طرفہ سائنسی تعاون کو مضبوط بنانے کے نئے مواقع فراہم ہوئے۔
وزیر موصوف نے یاد دلایا کہ ہندوستان اور اٹلی کے تعلقات کو 2023 میں اسٹریٹجک شراکت داری کا درجہ دیا گیا تھا۔ اس کے بعد نومبر 2024 میں وزیر اعظم جناب نریندر مودی اور اٹلی کی وزیر اعظم محترمہ جورجیا میلونی نے 2025سے 2029 کے لیے مشترکہ اسٹریٹجک ایکشن پلان (جے ایس اے پی) کا اعلان کیا، جس سے دو طرفہ تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے ایک لائحۂ عمل فراہم ہوا۔
مشترکہ اسٹریٹجک ایکشن پلان پر عمل درآمد کے سلسلے میں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ جناب انتونیو تاجانی کی قیادت میں اٹلی کے ایک وفد نے، جس میں وزیر برائے یونیورسٹی و تحقیق محترمہ انا ماریا برنینی بھی شامل تھیں، اپریل 2025 میں نئی دہلی کا دورہ کیا۔
دونوں ممالک کے درمیان سائنسی تعاون کی دیرینہ بنیاد کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے بتایا کہ ہندوستان اور اٹلی کے درمیان سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں پہلا بین حکومتی معاہدہ 1978 میں طے پایا تھا، جس کی بعد ازاں 28 نومبر 2003 کو تجدید کی گئی۔ اس معاہدے میں قومی سطح پر تحقیق، ترقی اور اختراعی پالیسیوں اور پروگراموں کے تجربات کے تبادلے، سائنس دانوں اور محققین کے تبادلے، صنعتی تحقیق، تحقیق و ترقی کے مشترکہ منصوبوں اور مشترکہ ورکشاپس کے انعقاد کا تصور شامل ہے۔
پہلا ہندوستان-اٹلی سائنس و اختراعی مذاکرات 11 اپریل 2025 کو نئی دہلی میں دونوں ممالک کے دو طرفہ روابط کے ساتھ منعقد ہوے تھے، جس میں تحقیقی مراکز اور تعلیمی اداروں کے ماہرین نے شرکت کی اور مستقبل میں باہمی تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ روم میں منعقد ہونے والا دوسرے مذاکرات اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، جس میں دونوں ممالک کی سائنسی، تعلیمی اور اختراعی برادریوں کے وسیع تر حلقوں کو ایک ساتھ جمع کیا گیا۔
ہندوستان اور اٹلی کے درمیان سائنسی تعاون کے موجودہ شعبوں کو اجاگر کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے بتایا کہ دونوں ممالک کئی اہم شعبوں میں مل کر کام کر رہے ہیں، جن میں متعدی امراض، مادے کی طبیعیات اور نئے مادّے، کوانٹم ٹیکنالوجیز، قابل تجدید توانائی اور ماحولیات کے ساز گار ہائیڈروجن، ثقافتی ورثے اور تاریخی مقامات کے تحفظ کے لیے استعمال ہونے والی ٹیکنالوجیز اور پائیدار بحری معیشت شامل ہیں۔
دوسرے مذاکرات کے دوران ہونے والی بات چیت کو دو اجلاسوں میں تقسیم کیا گیا تھا، جن میں بنیادی طور پر صاف ستھری ٹیکنالوجی، کوانٹم، مصنوعی ذہانت (اے آئی)، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور بڑے پیمانے پر ڈیٹا، نیز حیاتیاتی ٹیکنالوجی اور صحت کے شعبوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔
تحقیق کو عملی استعمال سے جوڑنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ ہندوستانی حکومت نے ایک مضبوط اسٹارٹ اپ نظام کی تشکیل کو نمایاں طور پر فروغ دیا ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے محققین کو تحقیق کے عملی اطلاق اور نتائج کو ٹیکنالوجی و مصنوعات میں تبدیل کرنے پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہوگی۔
انہوں نے سائنس و ٹیکنالوجی کی وزارت کی جانب سے کوانٹم ٹیکنالوجی اور حیاتیاتی ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں مختلف پروگراموں کے تحت تعاون یافتہ انکیوبیٹروں اور ٹیکنالوجی مراکز کی شرکت کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے ملک کے تحقیقی اور اختراعی نظام کو مضبوط بنانے کے تناظر میں ہندوستانی حکومت کی جانب سے حال ہی میں شروع کیے گئے مشن پر مبنی متعدد پروگراموں، جن میں اے این آر ایف اور آر ڈی آئی شامل ہیں، کا بھی حوالہ دیا۔
’’تحقیق میں اعلیٰ معیار اور اسٹریٹجک ٹیکنالوجیز‘‘ اور ’’تحقیق سے اختراع تک‘‘ کے عنوانات کے تحت منعقد ہونے والے دونوں اجلاسوں کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر موصوف نے امید ظاہر کی کہ ان میں ہونے والی بات چیت سے دونوں ممالک کے محققین کو اپنے اپنے سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراعی نظام سے استفادہ کرتے ہوئے سائنس و ٹیکنالوجی کے موجودہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے نئے مواقع فراہم ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان اجلاسوں میں ہونے والے تبادلۂ خیال سے تجربات کے زیادہ سے زیادہ تبادلے اور تحقیق کو تجارتی ٹیکنالوجیز میں تبدیل کرنے کے لیے مشترکہ طریقۂ کار وضع کرنے کی حوصلہ افزائی کی جا سکتی ہے۔ اس طرح کے تعاون کے تحت اسٹارٹ اپس کے لیے انکیوبیشن معاونت، آزمائشی پیمانے پر عملی مظاہرے، ٹیکنالوجی کی توثیق اور تجارت کے لئے استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ مشترکہ تحقیق و ترقی، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور اسٹارٹ اپس، صنعتوں اور دیگر شراکت داروں کے اشتراک سے انکیوبیشن خدمات کے امکانات بھی تلاش کیے جا سکتے ہیں۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہندوستان اور اٹلی کے درمیان سائنسی تعاون کا دائرہ اب تحقیق میں اعلیٰ معیار کے حصول سے آگے بڑھ کر عملی اختراعات تک وسیع ہونا چاہیے، جس کے لیے تحقیقی اداروں، تعلیمی مراکز، صنعتوں، اسٹارٹ اپس اور ٹیکنالوجی انکیوبیشن مراکز کے درمیان زیادہ مضبوط روابط قائم کرنا ضروری ہے۔
اس طرح دوسرا ہندوستان - اٹلی سائنس و اختراعی مذاکرہ 2026 دونوں ممالک کے محققین اور اختراعی شعبے سے وابستہ متعلقہ فریقوں کو تجربات کے تبادلے، باہمی دلچسپی کے شعبوں کی نشاندہی اور سائنس و ٹیکنالوجی میں موجودہ دو طرفہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ طریقۂ کار تلاش کرنے کا ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔




****
ش ح۔ ش ب۔ ق ر
U.no-7591