سائنس اور ٹیکنالوجی کی وزارت
azadi ka amrit mahotsav

بھارت اور اٹلی کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کے تحت سائنسی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا، 2027 میں مشترکہ تحقیق کے لیے نئے پروگرام کا امکان: ڈاکٹر جتیندر سنگھ


مصنوعی ذہانت، اعلیٰ کارکردگی کی حامل کمپیوٹنگ، صاف ستھری توانائی، جدید بایوٹیکنالوجی اور حیاتیاتی و طبی تحقیق میں باہمی تعاون پر خصوصی توجہ دی جائے گی

مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے  یونیورسٹی و تحقیق کی  اٹلی کی وزیر انا ماریا برنینی سے دوطرفہ ملاقات کی

پوسٹ کرنے کی تاریخ: 13 NOV 2026 2:23PM by PIB Delhi

سائنس و ٹیکنالوجی اور ارضیاتی سائنسز کے مرکزی وزیر مملکت (آزادانہ چارج) ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اٹلی کی یونیورسٹی و تحقیق کی وزیر محترمہ انا ماریا برنینی کے ساتھ دوطرفہ ملاقات کی۔ اس ملاقات کا مقصد بھارت اور اٹلی کے درمیان دیرینہ سائنسی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنا اور دونوں ممالک کے مابین سائنس و ٹیکنالوجی کے تعاون کے موجودہ فریم ورک کے تحت مشترکہ تحقیقی اور اختراعی منصوبوں کو آگے بڑھانا تھا۔

مذاکرات میں اس بات پر خصوصی توجہ دی گئی کہ بھارت اور اٹلی کی اسٹریٹجک شراکت داری کو عملی سائنسی تعاون میں کیسے تبدیل کیا جائے، ادارہ جاتی سطح پر تعاون کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے اور ابھرتے ہوئے نیز ترجیحی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مشترکہ تحقیق کے نئے امکانات تلاش کیے جائیں۔

دوطرفہ سائنسی تعاون کی دیرینہ بنیادوں کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے بتایا کہ بھارت اور اٹلی کے درمیان سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں پہلا بین حکومتی معاہدہ 1978 میں طے پایا تھا، جس کی بعد ازاں 28 نومبر 2003 کو تجدید کی گئی۔

اس معاہدے کے تحت قومی سطح پر تحقیق، ترقی اور اختراعی پالیسیوں و پروگراموں کے تجربات کا تبادلہ، سائنس دانوں اور محققین کا باہمی تبادلہ، صنعتی تحقیق، مشترکہ تحقیقی و ترقیاتی منصوبوں اور مشترکہ ورکشاپس کے انعقاد کی گنجائش رکھی گئی ہے۔

بھارت اور اٹلی کے تعلقات کو 2023 میں اسٹریٹجک شراکت داری کا درجہ دیا گیا۔ اس کے بعد نومبر 2024 میں وزیر اعظم جناب نریندر مودی اور اٹلی کی وزیر اعظم محترمہ جارجیا میلونی نے 2025 سے 2029 کے لیے مشترکہ اسٹریٹجک ایکشن پلان (جے ایس اے پی) کا اعلان کیا، جس میں دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک جامع لائحۂ عمل پیش کیا گیا ہے۔

مشترکہ اسٹریٹجک ایکشن پلان پر عمل درآمد کے سلسلے میں نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ جناب انتونیو تاجانی کی قیادت میں اٹلی کے ایک وفد نے اپریل 2025 میں نئی دہلی کا دورہ کیا۔ اس وفد میں یونیورسٹی و تحقیق کی وزیر برائے محترمہ انا ماریا برنینی بھی شامل تھیں۔ اس دورے کے دوران بھارت کی وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی اور اٹلی کی وزارتِ یونیورسٹی و تحقیق(ایم یو آر)کے درمیان ایک مفاہمت نامہ پر دستخط کیے گئے، جو دونوں ملکوں کے سائنسی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

سائنس و ٹیکنالوجی کے معاہدے کے تحت حکومتِ ہند کا محکمہ سائنس و ٹیکنالوجی(ڈی ایس ٹی) اور اٹلی کی وزارتِ خارجہ، بھارت اور اٹلی کے مشترکہ سائنسی و تکنیکی سرگرمیوں کو ’’انڈو اٹالین ایگزیکٹو پروگرام آف کوآپریشن‘‘(ای پی او سی)کے ذریعے فروغ دے رہے ہیں۔ اس پروگرام کے تحت اب تک 150 سے زائد مشترکہ تحقیقی منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں۔

موجودہ انڈو اٹالین ایگزیکٹو پروگرام آف کوآپریشن (ای پی او سی) برائے 2025-2027 پر 10 اپریل 2025 کو مشترکہ سائنس و ٹیکنالوجی کمیٹی کے اجلاس کے دوران دستخط کیے گئے تھے۔ اس پروگرام کے تحت دونوں ملکوں نے محققین کی آمدورفت اور باہمی تبادلے  سے متعلق 10 تجاویز اور اہم تحقیقی منصوبوں سے متعلق مزید 10 تجاویز کو مشترکہ طور پر مالی معاونت فراہم کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ اس کے ذریعے دونوں ممالک کے محققین کو مشترکہ سائنسی سرگرمیوں میں حصہ لینے اور باہمی تحقیق کے مواقع میسر آئیں گے۔

دوطرفہ روابط کے سلسلے میں پہلا‘‘بھارت۔اٹلی سائنس و اختراعی ڈائیلاگ’’ 11 اپریل 2025 کو نئی دہلی میں منعقد ہوا تھا۔ اس ڈائیلاگ  میں تحقیقی مراکز اور تعلیمی اداروں کے ماہرین نے شرکت کی اور مستقبل میں باہمی تعاون کے امکانات پر اپنے خیالات کا تبادلہ کیا۔

اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے دوسرا ’’بھارت۔اٹلی سائنس و اختراعی  ڈائیلاگ 2026‘‘ منعقد کیا جا رہا ہے۔ بھارتی وفد میں تعلیمی اداروں، تحقیقی مراکز، انکیوبیٹرز اور ٹیکنالوجی انکیوبیشن ہبز کے ماہرین اور نمائندے شامل ہیں۔ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ان اداروں اور ماہرین کی شرکت اس اہمیت کو اجاگر کرتی ہے کہ دوطرفہ سائنسی تعاون کو فروغ دینے کے لیے تحقیق، تعلیم اور اختراعی نظام کو ایک دوسرے سے مربوط کرنا ضروری ہے۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے مشترکہ تعاون کے طے شدہ لائحۂ عمل کو ٹھوس اور عملی منصوبوں میں ڈھالنے کے لیے دونوں ملکوں کی جانب سے جاری کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے بالخصوص بھارت۔اٹلی مشترکہ سائنسی کونسل (آئی آئی جے ایس سی) کے  رول کو نمایاں کیا، جو مفاہمت نامہ  پر دستخط کے تحت تعاون کی سرگرمیوں پر عمل درآمد اور انہیں آگے بڑھانے کی ذمہ دار ہے۔

مستقبل کے لائحۂ عمل کے حوالے سے دونوں ممالک مفاہمت نامہ کے وسیع تر دائرۂ کار کے تحت 2027 میں مشترکہ تحقیقی منصوبوں کے لیے ایک نئی دعوتِ تجاویز  جاری کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ مجوزہ تحقیقی شعبوں میں درج ذیل امور شامل ہیں:- مصنوعی ذہانت، اعلیٰ کارکردگی کی حامل کمپیوٹنگ اور بگ ڈیٹا۔- صاف ستھری ٹیکنالوجیز، ہائیڈروجن، قابلِ تجدید توانائی اور توانائی کے شعبے میں تبدیلی کا عمل۔ جدید بایوٹیکنالوجی اور حیاتیاتی و طبی تحقیق، بالخصوص جین تھراپی، ایم آر این اے ٹیکنالوجی اور حیاتیاتی طریقوں سے مصنوعات کی تیاری۔

یہ ترجیحی شعبے اس وسیع گنجائش کی عکاسی کرتے ہیں جو دونوں ملکوں کی سائنسی اور تکنیکی صلاحیتوں کو یکجا کرکے مشترکہ تحقیق اور اختراع کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لیے موجود ہے۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے امید ظاہر کی کہ بھارت اور اٹلی دونوں ملکوں کے سائنس، ٹیکنالوجی اور اختراعی نظام (ایس ٹی آئی)سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے عملی تعاون کو فروغ دینے کے لیے اپنے قریبی روابط برقرار رکھیں گے۔ انہوں نے باہمی اتفاق سے طے پانے والے منصوبوں اور پروگراموں پر عمل درآمد کے لیے بھارت کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین بھی دلایا۔

ڈاکٹر جتیندر سنگھ کی دوطرفہ ملاقات اور دوسرے بھارت۔اٹلی سائنس و اختراعی  ڈائیلاگ  کا انعقاد ان کے 11 سے 15 نومبر 2026 تک اٹلی کے سرکاری دورے کے سلسلے کی اہم سرگرمیاں ہیں۔ اس دورے کا مقصد بھارت اور اٹلی کی اسٹریٹجک شراکت داری کے سائنسی اور تکنیکی پہلوؤں کو مزید مستحکم کرنا ہے۔

 

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image001_20261113142415_986214.jpg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image002_20261113142423_43e68b.jpg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image003_20261113142430_1d78ae.jpg

https://static.pib.gov.in/WriteReadData/userfiles/image/2026/nov/image004_20261113142440_f6181a.jpg

******

UN-7590

ش ح۔ع ح۔  م ذ


(ریلیز آئی ڈی: 2335798) وزیٹر کاؤنٹر : 5
یہ ریلیز پڑھیں: English , हिन्दी