پوسٹ کرنے کی تاریخ:
12 NOV 2026 7:57PM by PIB Delhi
پہلے دن کے اجلاسوں میں قبائلی ادب، شعری نشست اور قبائلی لوک روایات پر توجہ مرکوز رہی؛ جن میں قبائلی اقدار، ثقافتی ورثے کی دستاویز سازی میں برادری کی رضامندی، ریاستی قبائلی پورٹلز کو آپس میں جوڑنا اور آرکائیول (محفوظ شدہ) مواد کو ڈیجیٹل شکل دینا جیسے موضوعات شامل تھے۔
معزز وزیر اعظم کی قیادت میں، مرکزی کابینہ نے بھگوان برسا منڈا کے یومِ پیدائش، یعنی 15 نومبر کو ’جن جاتیہ گورو دیوس‘ (قبائلی فخر کا دن) قرار دیا، تاکہ قبائلی ورثے کی بھرپور روایت کا جشن منایا جا سکے اور قبائلی ہیروز کی خدمات کو قومی شعور کا حصہ بنایا جا سکے۔ اسی وژن کو آگے بڑھاتے ہوئے، حکومتِ ہند کی وزارتِ قبائلی امور نے آج نئی دہلی کے ’انڈیا ہیبی ٹیٹ سینٹر‘ میں دو روزہ ’قومی قبائلی ادبی میلے‘ کے دوسرے ایڈیشن کا افتتاح کیا۔ ’جن جاتیہ گورو دیوس پکھواڑا‘ کے موقع پر منعقدہ یہ میلہ، معزز وزیر اعظم کی حوصلہ افزا رہنمائی میں قبائلی ادب، زبانوں اور زبانی روایات کا جشن مناتا ہے۔ قبائلی مصنفین، شعراء، محققین اور ماہرینِ لسانیات کو یکجا کرنے والا یہ میلہ، قبائلی اظہارِ خیال کے زبانی روایت سے جدید ادب تک کے ارتقاء کو اجاگر کرتا ہے۔ معزز وزیر اعظم جناب نریندر مودی کے منتر ’’وراثت بھی، وکاس بھی‘‘ (ورثہ بھی، ترقی بھی) کے عین مطابق، یہ ’وکست بھارت 2047‘ کے اس وژن کی توثیق کرتا ہے جو اپنے ورثے سے طاقت حاصل کرتا ہے اور اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ قبائلی زبانیں اور علمی نظام محفوظ رہیں، فروغ پائیں اور قومی دھارے کا حصہ بنیں۔

اس میلے کا افتتاح مرکزی وزیر برائے قبائلی امور جناب جوال اورام، وزیر مملکت برائے قبائلی امور جناب درگاداس اوئیکے، نیتی آیوگ کے رکن ڈاکٹر جورام انیا، بھارتیہ بھاشا سمیتی کے چیئرمین پدم شری چامو کرشنا شاستری، وزارتِ قبائلی امور کی سیکرٹری محترمہ رنجنا چوپڑا، اور وزارتِ قبائلی امور کے جوائنٹ سیکرٹری جناب اننت پرکاش پانڈے نے روایتی چراغ روشن کر کے کیا۔ اس موقع پر قبائلی مصنفین، محققین اور... ملک بھر سے زبان کے ماہرین وہاں موجود تھے۔
معزز مہمانوں، قبائلی مصنفین اور ماہرین کا خیرمقدم کرتے ہوئے، وزارتِ قبائلی امور کے جوائنٹ سیکرٹری،جناب اننت پرکاش پانڈے نے کہا کہ قبائلی برادریوں کے علم اور روایات کو قومی سطح پر تسلیم کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی برادریوں کے نئے اور نوجوان مصنفین کو ایک پل کا کردار ادا کرنا ہوگا، تاکہ وہ اپنی برادریوں کی بھرپور زبانی روایات کو تحریری ادب میں منتقل کر سکیں اور اپنے آباؤ اجداد کی دانشمندی کو آنے والی نسلوں اور پوری قوم تک پہنچا سکیں۔
وزارتِ قبائلی امور کی سیکرٹری، محترمہ رنجنا چوپڑا نے اپنے افتتاحی کلمات میں کہا کہ یہ میلہ قبائلی مصنفین اور ناشرین کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے اور سینئر اور نوجوان مصنفین کے درمیان مکالمے کا موقع پیدا کرتا ہے۔ انہوں نے ملک میں قبائلی برادریوں کی زبانوں اور ثقافتی روایات کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ زبانی روایات کے معدوم ہونے سے پہلے انہیں دستاویزی شکل میں محفوظ کر لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس میلے کا مقصد قبائلی ورثے کو قومی سطح پر شناخت دلانا اور اسے آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ بنانا ہے۔ یہ بتاتے ہوئے کہ یہ قومی قبائلی ادبی میلہ کا دوسرا ایڈیشن ہے، انہوں نے کہا کہ یہ سلسلہ مستقبل میں آنے والے تمام پکھواڑوں کے دوران ایک سالانہ تقریب کے طور پر جاری رہے گا۔
بھارتیہ بھاشا سمیتی کے چیئرمین، پدم شریجناب چامو کرشنا شاستری نے کہا کہ کسی قوم کی بیداری کا انحصار علم وعمل اور قوتِ ارادی پر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوتِ ارادی کے ذریعے قوم کو بیدار کیا جا سکتا ہے تاکہ ایک عظیم، خوشحال اور متحد بھارت کی تعمیر کی جا سکے۔ انہوں نے تنوع میں اتحاد کی اہمیت پر زور دیا اور بتایا کہ کس طرح زبان قومی یکجہتی کو مضبوط بنا سکتی ہے۔
نیتی آیوگ کی رکن، ڈاکٹر جورام انیا نے اس تہوار کو ایک ایسا تاریخی اجتماع قرار دیا جو بھارت کی خودداری، قدیم روایات اور قبائلی فخر کا جشن مناتا ہے۔ انہوں نے بھگوان برسا منڈا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ’الگولان‘ (جدوجہد) دراصل قبائلی ثقافت، زبان، روایات اور شناخت کے تحفظ کی ایک لڑائی تھی۔ انہوں نے کہا’بھارت کا حقیقی اور زندہ ادب صرف کتابوں میں ہی نہیں ملتا، بلکہ یہ ہمارے قبائلی معاشروں کے لوک گیتوں، لوریوں اور کہانیوں کی شکل میں لوگوں کے دلوں میں بستا ہے۔‘ انہوں نے قبائلی ادب کی دستاویز سازی کے لیے ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنے پر وزارتِ قبائلی امور کی تعریف کی۔
قبائلی امور کے وزیر مملکت، جناب درگاداس اوئکے نے قبائلی ورثے کو اعزاز بخشنے میں وزیر اعظم کی بصیرت افروز قیادت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا’وزیر اعظم نے بھگوان برسا منڈا کے یومِ پیدائش کو ’جن جاتیہ گورو دیوس‘ (قبائلی فخر کا دن) کے طور پر منانے کا تاریخی اقدام کیا ہے۔ یہ ملک کے قبائلی ہیروز، مجاہدینِ آزادی، سماجی مصلحین اور ان کے شاندار ورثے کو قومی شعور سے جوڑنے کا عزم ہے۔" انہوں نے قبائلی زبانی روایات کے جوہر پر مبنی ایک دس نکاتی خاکہ پیش کیا، جس میں لوک کہانیاں، لوک گیت، بہادری کی داستانیں، دیومالائی قصے، کہاوتیں، پہیلیاں، رسومات اور پرارتھنائیںشامل ہیں۔
قبائلی امور کے مرکزی وزیر، جناب جوال اورام نے کہا کہ قبائلی زبانوں کے ادب، لوک گیتوں، لوک کہانیوں اور زبانی روایات کی منظم دستاویز سازی ان کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کوشش میں نہ صرف مصنفین، بلکہ نغمہ نگار، موسیقار، لوک فنکار اور ڈیجیٹل مواد تخلیق کرنے والے افراد کو بھی شامل کیا جانا چاہیے۔ اس حقیقت کی نشاندہی کرتے ہوئے کہ بہت سی قبائلی زبانوں کا کوئی رسم الخط نہیں ہے اور کچھ بولیاں معدوم ہونے کے دہانے پر ہیں، انہوں نے کہا کہ رسم الخط کا نہ ہونا کوئی رکاوٹ نہیں بننا چاہیے، کیونکہ زبانی روایات کو دیگر دستیاب بھارتیہ زبانوں کے ذریعے محفوظ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزارت، قبائلی ادب کے فروغ اور تحفظ کے لیے ’ساہتیہ اکیڈمی‘ اور اس شعبے میں کام کرنے والی دیگر تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔

پہلے سیشن، جس کا عنوان ”قبائلی ادب: اجتماعی حافظے سے عصری اظہار تک“ تھا، میں قبائلی ادب کا ایک ایسے تسلسل کے طور پر جائزہ لیا گیا جس میں زبانی روایات، ثقافتی یادداشت اور عصری ادبی تخلیقی صلاحیتیں شامل ہیں۔ اس سیشن کے ناظم پروفیسر انیل کمار بورو تھے، جبکہ محترمہ کے واساملی، ڈاکٹر دامینتی بیشرا اور ڈاکٹر دھرمیندر پارے نے بطور مباحثین شرکت کی۔
نیلگیری کی ’ٹوڈا‘ برادری کی نمائندگی کرتے ہوئے محترمہ کے واساملی نے کہا کہ زبان کے بغیر کسی بھی برادری کی روایات اور ثقافت پروان نہیں چڑھ سکتیں۔ انہوں نے ’ٹوڈا‘ زبان جو معدوم ہونے کے خطرے سے دوچار ہے اور جسے بولنے والوں کی تعداد محض 2,000 کے قریب ہے—کو محفوظ کرنے کے لیے اپنی کوششوں کا ذکر کیا۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے ریڈیو ریکارڈنگز، اپنے شائع شدہ کام، اور ’انٹرنیشنل فونیٹک الفابیٹ‘ (بین الاقوامی صوتی حروف تہجی) نیز ترمیم شدہ تامل رسم الخط کی مدد سے تیار کردہ 5,700 الفاظ پر مشتمل لغت کا سہارا لیا۔ ٹوڈا لوگوں اور فطرت کے درمیان گہرے تعلق کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ یہ برادری بت پرستی نہیں کرتی، اور ان کے نزدیک ”پہاڑ دیوتاؤں کے مندر“ ہیں۔ انہوں نے ٹوڈا ثقافت میں موجود ماحولیاتی علامات کا بھی ذکر کیا، جن میں مقدس پہاڑ اور دریا شامل ہیں، نیز ان مقامی پودوں کے لیے پایا جانے والا احترام بھی شامل ہے جنہیں مذہبی پیشوا استعمال کرتے ہیں یا جو قبیلوں کے نام رکھنے میں کام آتے ہیں۔
پروفیسر انیل کمار بورو نے جدیدیت اور بڑھتی ہوئی انفرادیت پسندی کی وجہ سے روایتی اقدار کے زوال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے، آئیزول کے ’میزو‘ لوگوں کی مثال دی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ لوگ شہری ٹریفک میں بھی سخت نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا، ”اگرچہ ہم جدید شہری طرزِ زندگی اپنا چکے ہیں، پھر بھی ہم ان اقدار پر عمل پیرا رہ سکتے ہیں جنہیں ہمارے قبائلی آباؤ اجداد نے اپنایا اور محفوظ رکھا تھا۔“
ڈاکٹر دھرمیندر پارے نے کہا کہ اگرچہ یادیں دھندلا سکتی ہیں، لیکن علم، آگہی، طرزِ عمل اور روایات کبھی ختم نہیں ہوتیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ وہ روایتی دانش، جو کبھی کھیتوں اور گھروں میں بانٹی جاتی تھی، اب اس کی جگہ اسکرینوں (ڈیجیٹل ذرائع) نے لے لی ہے۔ انہوں نے قبائلی شعور کی روح کو چند مثالوں کے ذریعے واضح کیا: ایک تہوار جس میں شہد پوری برادری مل کر کھاتی ہے نہ کہ انفرادی طور پر؛ ’گونڈ‘ قبیلے کی بہن بھائیوں کی ایک کہانی، جو شہر کے بازار سے اس لیے واپس لوٹ آئے کیونکہ وہاں ان کے دیوتاؤں کے لیے کوئی جگہ نہیں تھی؛ اور ’بائیگا‘ اور ’پردھی‘ قبائل کے شکار کے اخلاقی اصول، جن کے تحت وہ حاملہ پرندوں کا شکار نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ اصل تحفظ ان اقدار کو سمجھنے اور انہیں اپنی زندگی میں اپنانے میں مضمر ہے، نہ کہ محض لغات (ڈکشنریاں) مرتب کرنے میں۔
دوسرا سیشن، جس کا عنوان ”زندگی کا لطف: قبائلی شعرا کی نشست“ تھا، دو حصوں پر مشتمل تھا، جس میں مختلف قبائلی زبانوں کے شعرا نے اپنا کلام پیش کیا۔ اس سیشن کے ناظم پروفیسر کانجی پٹیل تھے۔ ڈاکٹر ریکھا کھراڈی، ڈاکٹر جتیندر بھائی وجرسنگھ واساوا، محترمہ یشودا مرمو، ڈاکٹر جومیر جینی، پروفیسر سنیہ لتا نیگی اور محترمہ پاروتی ترکی نے اپنی نظمیں پیش کیں۔
تیسرا سیشن، ”قبائلی لوک ورثہ: گیت، دیومالائی کہانیاں، قصے، کہاوتیں، اقوال اور زبانی روایات“، قبائلی زبانی روایات کے تنوع کا احاطہ کرتا تھا، جس میں گیت، دیومالائی داستانیں، پہیلیاں اور قصے شامل تھے۔ اس سیشن کے ناظم پروفیسر سلوانس لامارے تھے، جبکہ ڈاکٹر لیزا لومڈاک، جناب انوجا موہن پردھان اور محترمہ سواتی آنند نے بطور مباحثین شرکت کی۔
اروناچل پردیش میں اپنی تحقیق کی روشنی میں، ڈاکٹر لیزا لومڈاک نے زبانی روایات کے امین جیسے کہ ’نیبو‘، ’میڈی‘، ’اباطانی‘ اور ’نجک-نجیگم کا ذکر کیا، جو تحریر کے بجائے حافظے کے ذریعے علم کو محفوظ رکھتے ہیں۔ انہوں نے زبانی روایات کے امین کے طور پر خواتین کے کردار کو اجاگر کیا، جو روزمرہ کے کام کاج، شادی بیاہ اور تجہیز و تکفین کے مواقع پر گیتوں کے ذریعے ان روایات اور داستانوں کو زندہ رکھتی ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ محققین کو مقدس روایات اور علم کو صرف اسی صورت میں شائع کرنا چاہیے جب متعلقہ برادری کی جانب سے اس کی واضح اجازت حاصل ہو۔ جناب انوجا موہن پردھان، اڈیشہ کی کوی بولنے والے کمیونٹی کی نمائندگی کرتے ہوئے، نے کہا کہ کوی زبان تخلیقی افسانوں، پہیلیوں اور گانوں کا ایک بھرپور زبانی ورثہ رکھتی ہے، لیکن رسمی رسم الخط کی کمی اور جدید کثیر لسانی کے دباؤ کی وجہ سے یہ آہستہ آہستہ ختم ہو رہی ہے۔ انہوں نے ایک روایتی کوئ پہیلی اور لوک کہانیوں کا اشتراک کیا، جس میں ایک اس بات کی علامت ہے کہ کس طرح قبائلی برادریوں کو بیرونی اثرات کی وجہ سے اپنی جڑیں اور ثقافت کھونے کا خطرہ لاحق ہے۔
محترمہ سواتی آنند نے بستر، چھتیس گڑھ کے ثقافتی ورثے کا اشتراک کیا، بشمول بستر مادائی تہوار اور حفاظتی دیوتاؤں کی مقامی داستانیں، جو کمیونٹی کی یاد اور مشق میں زندہ رہتی ہیں۔
اپنے اختتامی کلمات میں، ناظم نے تین تجاویز دیں: تمام ریاستی قبائلی امور کی ویب سائٹس کو وزارت کے مرکزی پورٹل سے منسلک کرنا؛ بین الاقوامی اداروں اور لائبریریوں کے ساتھ دستیاب قبائلی برادریوں کے بارے میں معلومات کو ڈیجیٹل بنانا اور قابل رسائی بنانا؛ اور قبائلی سائنسی اور انجینئرنگ کے علم کا سائنسی مطالعہ اور دستاویز کرنا، جیسے میگھالیہ کے زندہ جڑوں کے پل۔

دوسرے دن، میلے میں زبانی مہاکاوی اور بہادری کی روایات اور کثیر لسانی تعلیم میں زبانی روایت پر سیشن ہوں گے، اس کے ساتھ ساتھ مختلف قبائلی زبانوں میں کہانی اور شاعری پڑھائی جائے گی، اس کے بعد اختتامی سیشن ہوگا۔
***
(ش ح۔اص)
UR No 7567