پوسٹ کرنے کی تاریخ:
12 NOV 2026 6:03PM by PIB Delhi
چنئی میں قائم ایک اسمگلنگ گروہ کی جانب سے سرخ صندل کی لکڑی کو ملائیشیا اسمگل کرنے کی کوشش کے بارے میں مخصوص خفیہ اطلاع ملنے پر، ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی ) کے افسران نے 9 سے 11 نومبر 2026 کے دوران چنئی بندرگاہ پر ایک برآمدی کنٹینر کو جہاز پر لادے جانے سے اسے روک دیا۔

اس کنٹینر میں موجود سامان کو دستاویزات میں ‘‘پیپر لیمینیٹ رولز’’ ظاہر کیا گیا تھا۔ 9 اور 10 نومبر 2026 کو کنٹینر کی تفصیلی جانچ پڑتال کی گئی، جس کے دوران تقریباً 12.87 میٹرک ٹن اعلیٰ معیار کی سرخ صندل کی لکڑی برآمد کی گئی ، جس کی مالیت تقریباً 7.72 کروڑ روپے بتائی جاتی ہے۔ اسمگلنگ کے لیے سرخ صندل کی لکڑی کو ظاہر کردہ سامان کی معمولی مقدار اور بجری کے پتھروں کے ساتھ چھپا کر رکھا گیا تھا۔سرخ صندل کی لکڑی اور اسے چھپانے کے لیے استعمال کیے گئے دیگر سامان کو کسٹمز ایکٹ، 1962 کی متعلقہ دفعات کے تحت ضبط کر لیا گیاہے۔

ابتدائی تحقیقات سے انکشاف ہوا ہےکہ اسمگلنگ کرنے والے گروہ نے ایک مینوفیکچرر-ایکسپورٹر کو حاصل خودکار سیلنگ کی سہولت کا ناجائز فائدہ اٹھایا۔ اس گروہ نے برآمد کنندہ کے ذریعے برآمدی سامان کی کھیپ کا انتظام کیا، جس کے بعد کنٹینر کو ایک نجی گودام میں منتقل کیا گیا۔ وہاں دستاویزات میں ظاہر کردہ پیپر لیمینیٹ رولز کو نکال کر ان کی جگہ سرخ صندل کی لکڑی کے لٹھے رکھ دیے گئے اور پھر کنٹینر کو برآمد کے لیے روانہ کیا گیا۔
اس کے بعد گودام کی تلاشی کے دوران اصل ظاہر کردہ سامان، ایک صنعتی وزن کرنے والی مشین اور سرخ صندل کی لکڑی کے نشانات برآمد ہوئے، جن سے اسمگلنگ کے طریقۂ کار کے بارے میں مزید شواہد حاصل ہوئے۔
مذکورہ اسمگلنگ کارروائی میں ملوث گروہ کے تین اہم ارکان کو کسٹمز ایکٹ، 1962 کی دفعات کے تحت گرفتار کر لیا گیا ہے۔
سرخ صندل کی لکڑی،جس کا سائنسی نام پیٹروکاپس سنٹلینس ہے، ایک محفوظ قسم ہے اور اسے درج ذیل بین الاقوامی و قومی قوانین کے تحت تحفظ حاصل ہے، جنگلی حیوانات اور نباتات کی معدومی کے خطرے سے دوچار انواع کی بین الاقوامی تجارت سے متعلق کنونشن (سی آئی ٹی ای ایس) کے ضمیمہ دوم اوروائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ، 1972،متعلقہ قانون کے شیڈول چہارم میں درج ہے،فارین ٹریڈ پالیسی کےتحت بھارت سے سرخ صندل کی لکڑی کی برآمد ممنوع ہے۔
اس کارروائی سے یہ بات اجاگر ہوتی ہے کہ کس طرح اسمگلنگ کرنے والے منظم گروہ قانونی برآمدی ذرائع اور تجارت کو آسان بنانے کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات کا غلط استعمال کرکے جنگلی حیات اور قدرتی وسائل کی غیر قانونی تجارت میں ملوث ہوتے ہیں۔
ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس ( ڈی آر آئی ) نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ خفیہ معلومات کی بنیاد پر مؤثر کارروائیوں کے ذریعے ایسے اسمگلنگ نیٹ ورکس کو ختم کرنے اور بھارت کے قیمتی حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
******
ش ح۔ ش م ۔ت ا
U-NO-7558